Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
حزقی ایل 4
یروشلیمؔ کے محاصرہ کی علامت
”اَب، اَے آدَمزاد، مٹّی کی ایک تختی لے اَور اُسے اَپنے اَپنے سامنے رکھ کر اُس پر یروشلیمؔ شہر کا نقشہ بنا۔ پھر اُس کا محاصرہ کر یعنی اُس کے مقابل بُرج بنا، وہاں تک دمدمہ باندھ، اُس کے گِرد خیمے کھڑے کرو اَور اُس کی چاروں طرف جنگی آلات نصب کر دو۔ تَب ایک لوہے کا توا لے اَور اُسے اَپنے اَور شہر کے درمیان شہرپناہ کے طور پر نصب کر لے اَور اَپنا مُنہ اُس کی طرف کر۔ اَب گویا وہ شہر زیرِ محاصرہ ہوگا اَور تُو محاصرہ کرنے والا ٹھہرے گا۔ یہ بنی اِسرائیل کے لیٔے نِشان ٹھہرے گا۔
”پھر تُو اَپنی بائیں کروٹ پر لیٹ جا اَور بنی اِسرائیل کا گُناہ اَپنے اُوپر رکھ لے اَور جتنے دِنوں تک تُو اَپنی کروٹ پر لیٹا رہے گا تَب تک تُو اُن کے گُناہوں کا بوجھ سہتا رہے گا۔ مَیں نے اُن کے گُناہوں کے سالوں کے مُطابق تیرے لیٔے دِن مُقرّر کئے ہیں اِس لیٔے تُو تین سَو نوّے دِنوں تک بنی اِسرائیل کے گُناہ کا بوجھ اُٹھائے گا۔
”اَور جَب یہ دِن پُورے ہو جایٔیں تو دوبارہ لیٹ جا، لیکن اِس بار اَپنی داہنی کروٹ پر لیٹ اَور بنی یہُوداہؔ کے گُناہ کا بوجھ اُٹھا۔ مَیں نے ہر سال کے عوض ایک دِن کے حِساب سے چالیس دِن مُقرّر کئے ہیں۔ اَپنا مُنہ یروشلیمؔ کے محاصرہ کی طرف کر اَور اَپنا بازو کھول کر اُس کے خِلاف نبُوّت کر۔ مَیں تُجھے رسّیوں سے جکڑ دُوں گا تاکہ تُو محاصرہ کی مُدّت ختم ہونے تک کروٹ نہ بدل سکے۔
”تُو گیہُوں اَور جَو، لوبیا اَور مسور، باجرہ اَور کٹھیا گیہُوں لے کر اُنہیں ایک بڑے مرتبان میں رکھ اَور اُن سے اَپنے لیٔے روٹیاں پکا اَور اُن تین سَو نوّے دِنوں تک جَب کہ تُو ایک کروٹ پر لیٹا رہے گا اُنہیں کھانا۔ تُو ہر روز کے لیٔے بیس ثاقل1 غِذا تول کر رکھ اَور اُسے مُقرّرہ اوقات پر کھانا۔ اَور ایک ہین2 کا چھٹا حِصّہ پانی بھی ناپ کر رکھنا جسے مُقرّرہ اوقات پر پینا۔ تُو اَپنی غِذا جَو کی روٹیوں کی مانند کھانا اَور اُسے لوگوں کی نگاہ کے سامنے اِنسان کے فُضلہ کی آگ پر پکانا۔“ یَاہوِہ نے فرمایا، ”اِسی طرح سے بنی اِسرائیل اِن قوموں کے درمیان جہاں میں اُنہیں ہانک دُوں گا، ناپاک غِذا کھایٔیں گے۔“
تَب مَیں نے کہا: ”اَے یَاہوِہ قادر، اِس طرح نہیں! مَیں نے کبھی اَپنے آپ کو ناپاک نہیں کیا۔ اَپنی جَوانی سے آج تک مَیں نے کبھی اَیسی چیز نہیں دِکھائی جو مَری ہُوئی پائی گئی ہو یا جسے جنگلی جانوروں نے چیرا پھاڑا ہو۔ نہ ہی کبھی کویٔی ناپاک گوشت میرے مُنہ میں گیا ہے۔“
تَب اُس نے فرمایا: ”بہت خُوب، مَیں تُجھے اِنسان کے فُضلہ کی بجائے، گائے کے گوبر پر اَپنی روٹی پکانے دُوں گا۔“
اُس نے پھر مُجھ سے کہا، ”آدمؔ زاد، میں یروشلیمؔ کو اشیائے خوردنی کی رسد بند کر دُوں گا۔ تَب لوگ پریشان ہوکر غِذا بھی ناپ تول کر کھایٔیں گے اَور مایوس ہوکر پانی بھی ناپ ناپ کر پیئیں گے۔ کیونکہ وہاں اناج اَور پانی کی قِلّت ہوگی اَور لوگ ایک دُوسرے کو دیکھ کر گھبرا جایٔیں گے اَور اُن کے گُناہ کے باعث اُن کے جِسموں کا گوشت سُوکھ جائے گا۔
Source notes (2)
- Footnote بیس ثاقل تقریباً دو سَو تیس گرام
- Footnote ایک ہین تقریباً آدھا لیٹر
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.