Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

حزقی ایل 35

اِدُوم کے خِلاف نبُوّت

یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”اَے آدمؔ زاد، اَپنا رُخ سِعِیؔر پہاڑ کی طرف کرکے اُس کے خِلاف نبُوّت کر: اَور کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے کوہِ سِعِیؔر، مَیں تیرا مُخالف ہُوں۔ مَیں اَپنا ہاتھ تیرے خِلاف بڑھا کر تُجھے اُجاڑ کر رکھ دُوں گا۔ مَیں تیرے شہروں کو کھنڈر بنا دُوں گا اَور تُو ویران ہو جائے گا۔ تَب تُو جان لے گا کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔

” ’کیونکہ تُجھے بنی اِسرائیل سے قدیم عداوت تھی اَور تُونے اُن کے مُصیبت کے ایّام میں جَب کہ اُن کی سزا اِنتہا کو پہُنچ چُکی تھی، اُنہیں تلوار کے حوالہ کیا۔ اِس لیٔے یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں، مُجھے میری حیات کی قَسم، مَیں تُجھے خُونریزی کے حوالہ کر دُوں گا اَور وہ تیرا تعاقب کرےگی۔ چونکہ تُونے خُونریزی سے نفرت نہیں کی اِس لیٔے وہ تیرا تعاقب کرتی رہے گی۔ میں کوہِ سِعِیؔر کو اُجاڑ کر رکھ دُوں گا اَور وہاں آنے اَور جانے والوں کا سلسلہ ختم کر دُوں گا۔ مَیں تیرے پہاڑوں کو مقتولوں سے بھر دُوں گا اَور تلوار سے قتل کئے ہُوئے تیرے ٹیلوں، وادیوں اَور تمام دریاؤں میں گریں گے۔ مَیں تُجھے ہمیشہ کے لیٔے ویران کر دُوں گا اَور تیرے شہر پھر کبھی آباد نہ ہونے پائیں گے۔ تَب تُو جان لے گا کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔

” ’کیونکہ مَیں یَاہوِہ کے وہاں مَوجُود ہونے کے باوُجُود بھی تُونے کہا ہے، ”یہ دو قومیں اَور مُلک ہمارے ہو جایٔیں گے،“ اَور ہم اُن پر قبضہ کر لیں گے۔ اِس لیٔے یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں، مُجھے اَپنی حیات کی قَسم کہ جو قہر اَور حَسد تُونے اَپنی نفرت میں اُن کے خِلاف جتایا اِسی کے مُطابق مَیں تُجھ سے سلُوک کروں گا۔ اَور جَب مَیں تیرا اِنصاف کروں گا تَب میں اَپنے آپ کو اُن کے درمیان ظاہر کروں گا۔ تَب تُو جان لے گا کہ مَیں یَاہوِہ نے اُن تمام حقارت آمیز باتوں کو سُن لیا ہے جو تُونے اِسرائیل کے پہاڑوں کے خِلاف کہی ہیں۔ تُونے کہا، ”وہ برباد کر دیا گیا اَور اُنہیں کھانے کے لیے ہمارے حوالے کر دیا گیا ہے۔“ تُونے میرے خِلاف شیخی ماری اَور زبان درازی کی اَور مَیں نے اُسے سُن لیا ہے۔ چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں کہ جَب ساری دُنیا خُوشیاں مناتی ہوگی تَب مَیں تُجھے اُجاڑ دُوں گا۔ چنانچہ جِس طرح بنی اِسرائیل کی مِیراث کی ویرانی پر تُونے خُوشی منائی اِسی طرح اَب مَیں تیرے ساتھ کروں گا۔ اَے کوہِ سِعِیؔر، اَب تُو ویران ہو جائے گا تُو اَور تمام اِدُوم بھی۔ تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.