Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

حزقی ایل 18

جو جان گُناہ کرےگی وہ مَرے گی۔

یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”تُم لوگ جو اِسرائیل کے مُلک کے حق میں یہ ضرب المثل بَیان کرتے ہو اُس کا مطلب کیا ہے:

” ’کھٹّے انگور تو آباؤاَجداد نے کھائے،

اَور دانت اَولاد کے کھٹّے ہُوئے‘؟

”یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں کہ میری حیات کی قَسم کہ تُم پھر اِسرائیل میں یہ ضرب المثل نہ کہو گے۔ ہر زندہ جان میری ہے۔ باپ بھی اَور بیٹا بھی۔ میرے لیٔے دونوں یکساں ہیں۔ جو جان گُناہ کرےگی وُہی مَرے گی۔

”فرض کرو کہ ایک راستباز شخص ہے

جو اِنصاف اَور راستی سے کام کرتا ہے۔

وہ پہاڑ پر کے بُتکدوں میں قُربانی کا گوشت نہیں کھاتا

نہ بنی اِسرائیل کے بُتوں کی طرف نگاہ اُٹھاتا ہے۔

وہ اَپنے ہمسایہ کی بیوی کی بےحُرمتی نہیں کرتا

نہ حیض کی حالت میں بیوی کے پاس جاتا ہے۔

وہ کسی پر ظُلم نہیں کرتا،

بَلکہ قرض کے بدلے رہن رکھی ہُوئی چیز لَوٹا دیتاہے۔

وہ ڈاکا نہیں ڈالتا۔

بَلکہ اَپنی روٹی بھُوکے کو دے دیتاہے۔

اَور ننگے کو کپڑا پہناتاہے۔

وہ رہن رکھ کر لین دین نہیں کرتا،

نہ زِیادہ سُود وصول کرتا ہے۔

وہ بدکاری سے دُور رہتاہے۔

اَور لوگوں کے درمیان سچّائی کے ساتھ اِنصاف کرتا ہے۔

وہ میرے آئین پر چلتا ہے،

اَور ایمانداری سے میری شَریعت پر عَمل کرتا ہے۔

وہ شخص راستباز ہے؛

اَور وہ یقیناً جئے گا،

یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں۔

”فرض کرو کہ اُن کے ہاں ایک تُند و تیز بیٹا ہے جو خُون بہاتا ہے اَور اِن بُرائیوں میں سے کچھ کرتا ہے، (حالانکہ باپ نے اِن میں سے ایک بھی نہ کی):

”وہ پہاڑ پر کے بُتکدوں میں قُربانی کا گوشت کھاتا ہے۔

اَپنے ہمسایہ کی بیوی کی بےحُرمتی کرتا ہے۔

وہ غریب اَور مُحتاج پر ظُلم ڈھاتا ہے،

وہ ڈاکا ڈالتا ہے۔

اَور رہن رکھی ہُوئی چیز نہیں لَوٹاتا۔

وہ بُتوں کی طرف نظر اُٹھاتا ہے۔

اَور قابل نفرت کام کرتا ہے۔

وہ سُود پر لین دین کرتا ہے اَور زِیادہ سُود وصول کرتا ہے۔

کیا اَیسا شخص زندہ رہے گا؟ وہ ہرگز زندہ نہ رہے گا کیونکہ اُس نے یہ سَب قابل نفرت کام کئے ہیں اِس لیٔے وہ یقیناً ماراجائے گا اَور اُس کا خُون خُود اُس کے سَر پر ہوگا۔

”لیکن فرض کرو کہ اُس کا بیٹا ہے جو اَپنے باپ کو یہ سَب گُناہ کرتے ہُوئے دیکھتا ہے اَور گو وہ اُنہیں دیکھتا ہے پھر بھی آپ اَیسی حرکتیں نہیں کرتا:

”وہ پہاڑ پر کے بُتکدوں میں قُربانی کا گوشت نہیں کھاتا،

یا بنی اِسرائیل کے بُتوں کی طرف نگاہ نہیں کرتا۔

وہ اَپنے ہمسایہ کی بیوی کی بےحُرمتی نہیں کرتا۔

وہ کسی پر ظُلم نہیں کرتا،

نہ قرض دینے کے لیٔے کسی شَے کے گروی رکھنے پر بضِد رہتاہے۔

وہ ڈاکا نہیں ڈالتا،

بَلکہ اَپنی روٹی بھُوکے کو دے دیتاہے

اَور ننگے کو کپڑے پہناتاہے۔

وہ غریبوں پر ظُلم کرنے سے اَپنے ہاتھ روکتا ہے،

اَور ناحق نفع اَور زِیادہ سُود نہیں لیتا۔

وہ میری شَریعت پر عَمل کرتا ہے اَور میرے آئین پر چلتا ہے۔

وہ اَپنے باپ کے گُناہ کے باعث نہیں مَرے گا، وہ یقیناً زندہ رہے گا۔ لیکن اُس کا باپ اَپنے گُناہ کے باعث مَر جائے گا کیونکہ اُس نے زبردستی مال حاصل کیا، اَپنے بھایٔی کو لُوٹا اَور اَپنے لوگوں میں غلط کام کئے۔

”پھر بھی تُم پُوچھتے ہو، ’بیٹا باپ کے گُناہ کا بوجھ کیوں نہیں اُٹھاتا؟‘ کیونکہ بیٹے نے وُہی کیا جو جائز اَور روا تھا اَور میرے آئین پر عَمل پیرا رہا، اِس لیٔے وہ ضروُر زندہ رہے گا۔ جو جان گُناہ کرتی ہے وُہی مرتی ہے۔ بیٹا باپ کے گُناہ کا بوجھ نہیں اُٹھائے گا نہ باپ بیٹے کے گُناہ کا بوجھ اُٹھائے گا۔ راستباز کی راستبازی اُس کے حق میں محسوب ہوگی اَور بدکار کی شرارت اُس کے خِلاف محسوب ہوگی۔

”لیکن اگر بدکار شخص اَپنے کئے ہُوئے تمام گُناہوں سے باز آئیں اَور میرے تمام آئین پر چلیں اَور اَیسے کام کرے جو جائز اَور روا ہیں، تو وہ ضروُر جئیں گے وہ نہ مَریں گے۔ اُن کے کئے ہُوئے گُناہوں میں سے ایک بھی اُس کے خِلاف یاد نہ کیا جائے گا۔ اَپنے کئے ہُوئے راستبازی کے کاموں کے باعث وہ زندہ رہیں گے۔ کیا بدکار کی موت سے مُجھے خُوشی ہوتی ہے؟ یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں۔ بَلکہ کیا مُجھے اُس سے خُوشی نہیں ہوتی کہ وہ اَپنی روِش سے باز آئے اَور زندہ رہے۔

”لیکن اگر ایک راستباز شخص اَپنی راستبازی ترک کر دے اَور گُناہ کرے اَور وُہی قابل نفرت حرکتیں کرے جو ایک بدکار کرتا ہے تو کیا وہ زندہ رہیں گے؟ اُن کے کئے ہُوئے راستبازی کے کاموں میں سے کویٔی بھی کام یاد نہ کیا جائیں گے۔ اَپنی بےوفائی کے جُرم میں اَور اَپنے کئے ہُوئے گُناہوں کے باعث وہ مَر جائیں گے۔

”پھر بھی تُم کہتے ہو، ’خُداوؔند کی روِش منصفانہ نہیں ہے۔‘ اَے بنی اِسرائیل سُنو کیا میری روِش راست نہیں؟ یا تمہاری روِشیں ناراست نہیں؟ اگر کویٔی راستباز شخص اَپنی راستبازی ترک کر دے اَور گُناہ کرے تو وہ اُس سبب سے مَر جائیں گے۔ جو گُناہ اُنہُوں نے کیا ہے اُس کی وجہ سے وہ مَر جائیں گے۔ لیکن اگر کویٔی بدکار شخص اَپنی کی ہُوئی بدی سے باز آئے اَور اَیسے کام کرے جو جائز اَور روا ہیں، تو وہ اَپنی جان بچائیں گے۔ چونکہ وہ اَپنے تمام گُناہوں پر غور کرکے اُن سے باز آتا ہے اِس لیٔے وہ یقیناً زندہ رہے گا۔ وہ مَرے گا نہیں۔ پھر بھی بنی اِسرائیل کہتے ہیں، ’خُداوؔند کی روِش راست نہیں ہے۔‘ اَے بنی اِسرائیل، کیا میری روِشیں ناراست ہیں اَور کیا تمہاری روِشیں ناراست نہیں؟

”اِس لیٔے اَے بنی اِسرائیل، میں تُم میں سے ہر ایک کا اَپنی اَپنی روِش کے مُطابق اِنصاف کروں گا، یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں۔ تَوبہ کرو اَور اَپنے تمام بُرے کاموں سے باز آؤ تَب گُناہ تمہارے زوال کا باعث نہ ہوگا۔ اَپنے تمام گُناہوں سے بَری ہو جاؤ اَور اَپنے لیٔے اَور ایک نیا دِل اَور ایک نئی رُوح نیا جذبہ حاصل کرو۔ اَے بنی اِسرائیل، تُم کیوں مروگے؟ کیونکہ مُجھے کسی کی موت سے خُوشی نہیں ہوتی، یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں۔ اِس لیٔے تَوبہ کرو اَور زندہ رہو!

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.