Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

خُروج 31

بصل ایل اَور اُہلیابؔ

پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”دیکھو، مَیں نے یہُوداہؔ کے قبیلہ میں سے بصل ایل بِن اوری بِن حُورؔ کو چُناہے، مَیں نے اُسے خُدا کی رُوح سے معموُر کیا ہے، اُسے فہم اَور حِکمت، اَور ہر قِسم کی دستکاری کا علم بخشا ہے، تاکہ وہ سونے، چاندی اَور کانسے سے خُوبصورت نقش و نگار والی چیزیں بنائے، جواہرات کو تراشے اَور جڑی، لکڑی کو تراشے اَور ایک ماہر کاریگر ثابت ہو۔ علاوہ اَزیں مَیں نے دانؔ کے قبیلہ میں سے اُہلیابؔ بِن احیسمکؔ کو اُس کا مددگار مُقرّر کیا ہے۔

”نیز مَیں نے تمام کاریگروں کو مہارت بخشی ہے تاکہ وہ ہر ایک چیز جِس کا مَیں نے حُکم دیا ہے بنائیں:

”یعنی خیمہ اِجتماع،

عہد کا صندُوق اَور اُس پر کفّارہ کا سرپوش،

اَور خیمہ کا سارا سامان،

یعنی میز اَور اُس کے ظروف،

خالص سونے کا چراغدان اَور اُس کے تمام ظروف،

اَور بخُور کا مذبح،

سوختنی نذر کی قُربانی کا مذبح اَور اُس کے تمام ظروف،

لگن اَور اُس کی چوکی،

اَور بیل بُوٹے کڑھے ہویٔے لباس،

یعنی مُقدّس لباس اَہرونؔ کاہِنؔ کے لیٔے،

اَور اُس کے بیٹوں کے لیٔے لباس جنہیں پہن کر وہ بطور کاہِنؔ خدمت اَنجام دیں۔

اَور مَسح کرنے کا زَیتُون کا تیل، اَور پاک مقام کے لیٔے خُوشبودار بخُور،

”اَور جَیسا مَیں نے تُمہیں حُکم دیا وہ اُنہیں وَیسا ہی بنائیں۔“

سَبت

پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل سے کہو، ’تُم میرے سَبتوں کو ضروُر ماَننا۔ یہ میرے اَور تمہارے درمیان نَسل در نَسل ایک نِشان ہوگا، تاکہ تُم جانو کہ تُمہیں پاک کرنے والا یَاہوِہ میں ہُوں۔

” ’لہٰذا سَبت کو مانو کیونکہ یہ تمہارے لیٔے مُقدّس ہے، اَورجو کویٔی اُس کی بےحُرمتی کرے وہ ضروُر مار ڈالا جائے؛ اَورجو کویٔی اُس دِن کویٔی کام کرے اَپنی قوم سے خارج کیا جائے۔ چھ دِن کام کیا جائے، لیکن ساتواں دِن آرام کا سَبت ہے جو یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس ہے۔ جو اِنسان سَبت کے دِن کویٔی کام کرے وہ ضروُر مار ڈالا جائے۔ لہٰذا بنی اِسرائیل سَبت کو مانیں اَور اُسے دائمی عہد کے طور پر نَسل در نَسل مانتے رہیں۔ یہ میرے اَور بنی اِسرائیل کے درمیان ہمیشہ کے لیٔے ایک نِشان ہوگا کیونکہ یَاہوِہ نے آسمانوں کو اَور زمین کو چھ دِنوں میں بنایا اَور ساتویں دِن کام چھوڑکر آرام کیا۔‘ “

اَور جَب یَاہوِہ کوہِ سِینؔائی پر مَوشہ سے کلام کرچکے، تو اُنہُوں نے اُسے شہادت کی دو تختیاں دیں۔ وہ تختیاں پتّھر کی تھیں اَور خُدا کے ہاتھ کی لکھی ہُوئی تھیں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.