Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

واعظ 3

ہر چیز کا اَپنا وقت ہے

ہر چیز کے لیٔے ایک وقت ہوتاہے،

اَور آسمان کے تلے ہر ایک کام کرنے کا ایک موقع ہوتاہے:

پیدا ہونے کا اَور مَرنے کا وقت،

درخت لگانے کا اَور اُسے اُکھاڑ دینے کا وقت،

مار ڈالنے کا اَور شفا دینے کا وقت،

ڈھا دینے کا اَور تعمیر کرنے کا وقت،

رونے کا اَور ہنسنے کا وقت،

ماتم کرنے اَور ناچنے کا وقت،

پتّھر پھینکنے کا اَور پتّھر جمع کرنے کا وقت،

گلے مِلنے اَور اِس سے باز رہنے کا وقت۔

تلاش کرنے کا اَور ترک کر دینے کا وقت۔

محفوظ رکھنے کا اَور پھینک دینے کا وقت۔

پھاڑنے کا اَور سینے کا وقت۔

خاموش رہنے کا اَور بولنے کا وقت۔

مَحَبّت کرنے کا اَور نفرت کرنے کا وقت۔

جنگ کرنے کا اَور صُلح کرنے کا وقت۔

چنانچہ کام کرنے والے کو اَپنی محنت و مشقّت سے کیا فائدہ ہوتاہے؟ مَیں نے اُس بھاری بوجھ کو بغور احتیاط سے تفتیش کی ہے جسے خُدا نے بنی آدمؔ کے کندھوں پر رکھا ہے۔ خُدا نے ہر ایک چیز کو اَپنے وقت کے لیٔے خُوبصورت بنایا ہے۔ اَور اُس نے اِنسان کے دِل میں اَبدیّت بھی ڈالی ہے۔ گو اِنسان خُدا کے کاموں کو جو اُس نے شروع سے لے کر آخِر تک کیا ہے اُسے کبھی سمجھ نہیں سَکتا ہے۔ میں جانتا ہُوں کہ اِنسان کے لیٔے اِس سے بہتر کچھ نہیں کہ وہ خُوش رہے اَور جَب تک زندہ رہے نیکی کرنے میں مشغُول رہے۔ اَور ہر ایک شخص کھائے، پیئے اَور اَپنی تمام محنت و مشقّت کے کاموں کے پھل سے مطمئن رہے۔ یہ بھی خُدا کی طرف سے اِنسانوں کے لیٔے بخشش ہے۔ میں جانتا ہُوں کہ جو کچھ خُدا کرتا ہے، وہ ہمیشہ تک قائِم رہے گا۔ اُس میں نہ کچھ بڑھایا جا سَکتا اَور نہ کچھ گھٹایا جا سَکتا ہے۔ اَور خُدا نے اَیسا اِس لیٔے کیا ہے کہ سَب اِنسان اُس کا خوف مانیں۔

جو کچھ مَوجُودہ میں ہے وہ پہلے سے ہی ہو چُکاہے،

اَورجو مُستقبِل میں ہونے والا ہے وہ بھی پہلے ہی ہو چُکاہے؛

اَورجو کچھ ماضی میں گزر چُکاہے خُدا اُسے پھر سے دہراتا ہے۔

اِس کے علاوہ مَیں نے دُنیا میں یہ بھی دیکھا:

اِنصاف کی جگہ ظُلم ہوتاہے،

اَور قانُون کے گھر میں نااِنصافی ہے۔

اَور مَیں نے اَپنے دِل سے کہا،

”خُدا راستبازوں اَور بدکاروں

دونوں کی عدالت کرےگا،

کیونکہ ہر ایک کام اَور ہر مُعاملہ کا

ایک وقت مُقرّر ہے۔“

مَیں نے یہ بھی کہا، ”جہاں تک اِنسانوں کا تعلّق ہے، خُدا اُن کی آزمائش کرتا ہے تاکہ وہ سمجھ لیں کہ وہ حَیوانوں کی مانند ہیں۔ کیونکہ اِنسان اَور حَیوان کا ایک ہی اَنجام ہے۔ اِنسان اَور حَیوان دونوں سانس لیتے ہیں۔ جَیسے ایک مرتا ہے وَیسے ہی دُوسرا بھی مرتا ہے۔ اِنسان حَیوان سے کسی بھی طرح سے بہتر نہیں ہے کیونکہ سَب کچھ باطِل ہی ہے۔ سَب کی مَنزل ایک ہے۔ سَب خاک سے بنے ہیں اَور خاک میں دوبارہ لَوٹ جاتے ہیں۔“ کسے مَعلُوم ہے کہ اِنسان کی رُوح اُوپر آسمان کی طرف اَور حَیوان کی نیچے عالمِ اَرواح میں جاتی ہے؟

غرض مَیں نے سمجھ لیا کہ کسی اِنسان کے لیٔے اِس سے بہتر کچھ نہیں کہ وہ اَپنے کاموں میں خُوش رہے، یہی اُس کا حِصّہ ہے۔ کیونکہ اُسے یہ دیکھنے کے لیٔے کہ اُس کے بعد کیا ہوگا، کون اُسے واپس لا سَکتا ہے؟

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.