Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
واعظ 12
اَپنی جَوانی کے دِنوں میں
اَپنے خالق کو یاد رکھو،
پیشتر اِس کہ مُصیبت کے دِن آئیں
اَور وہ بَرس قریب پہُنچیں جَب تُم کہو،
میں اُن میں کویٔی خُوشی نہیں پاتا۔
پیشتر اُس کہ سُورج اَور رَوشنی
اَور چاند اَور سِتارے تاریک ہو جایٔیں،
اَور بارش کے بعد بادل لَوٹ جایٔیں۔
جَب گھر کے مُحافظ تھرتھرانے لگیں،
اَور طاقتور آدمی کُبڑے ہو جایٔیں،
اَور آٹا پیسنے والیوں کا کام رُک جائے کیونکہ وہ بہت کم ہیں،
اَور وہ جو کھڑکیوں سے جھانک رہی ہیں، اُن کی آنکھیں دھُندلا جایٔیں؛
اَور گلی کے کواڑے بندہو جایٔیں
اَور چکّی کی آواز مدھم پڑ جائے؛
جَب آدمی چڑیوں کی آواز سے چونک اُٹھے،
اُن کے تمام نغمہ مدھم پڑ جایٔیں؛
جَب لوگ اُونچی جگہوں سے
اَور گلیوں میں خطرات سے ڈرنے لگیں؛
جَب بادام کے درخت میں پھُول آئیں
اَور ٹِڈّی ایک بوجھ مَعلُوم ہو
اَور خواہش مُردہ سِی ہو جائے۔
تَب آدمی اَپنے اَبدی مکان میں چلا جاتا ہے
اَور ماتم کرنے والے گلی گلی پھرتے ہیں۔
اُنہیں یاد رکھو، پیشتر اِس کہ چاندی کی ڈوری کاٹ دی جائے،
یا سونے کی پیالی توڑ دی جائے؛
اَور گھڑا چشمہ پر پھوڑ دیا جائے،
یا حوض کا چرخ ٹوٹ جائے۔
اَور خاک سے جا ملے جَیسے پہلے مِلی ہُوئی تھی،
اَور رُوح خُدا کی طرف، جِس نے اُسے دیا تھا، لَوٹ جائے۔
باطِل ہے باطِل! واعظ کہتاہے،
”سَب کچھ باطِل ہے!“
حاصل کلام
واعظ نہ صِرف دانشمند آدمی بَلکہ وہ لوگوں کو تعلیم بھی دیتے تھے۔ اُنہُوں نے خُوب غوروخوض کیا اَور تحقیق کی اَور بہت سِی امثال کو نظم کیا۔ واعظ نے صحیح اَور دُرست باتوں کو مَعلُوم کرنے کے لیٔے بڑی جُستُجو کی اَورجو کچھ اُنہُوں نے لِکھا وہ راست اَور حق تھا۔
دانشمند کی باتیں آنکس1 کی مانند ہیں اَور اُن کی جمع کی ہُوئی کہاوتیں مضبُوط کھونٹیوں کی مانند ہیں جو ایک چرواہے کی طرف سے دی گئی ہُوں۔ اَے میرے بیٹے، اُن کے علاوہ اَور باتوں سے خبردار رہنا۔
بہت سِی کِتابیں تالیف کرنے کی اِنتہا نہیں اَور بہت پڑھنا جِسم کو تھکا دیتاہے۔
اَب سَب کچھ سُنا دیا گیا ہے؛
حاصل کلام یہ ہے کہ
خُدا سے ڈرو اَور اُن کے حُکموں پر عَمل کرو،
کیونکہ اِنسان کا فرضِ کُلّی یہی ہے۔
کیونکہ خُدا ہر ایک فعل کو،
ہر ایک پوشیدہ بات سمیت،
خواہ وہ اَچھّی ہو یا بُری، عدالت میں لائیں گے۔2
Source notes (2)
- Footnote آنکس ہُک نُما لوہے کی چھڑ جِس سے ہاتھی کو ہانکتے ہیں۔
- Footnote 2 کُرن 5:10
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.