Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
اِستِثنا 34
مُوسیٰ کی وفات
اِس کے بعد مَوشہ مُوآب کے میدانوں سے کوہِ نبوؔ کے اُوپر پِسگہؔ کی چوٹی پرجو یریحوؔ کے مقابل ہے چڑھ گیٔے۔ وہاں یَاہوِہ نے اُسے گِلعادؔ سے دانؔ تک کا سارا مُلک، نفتالی کا سارا مُلک، اِفرائیمؔ اَور منشّہ کا علاقہ اَور مغربی سمُندر تک کا یہُودیؔہ کا مُلک، جُنوبی مُلک اَور کھجوروں کے شہر یریحوؔ کی وادی سے لے کر ضُعَرؔ تک کا سارا علاقہ دِکھا دیا۔ تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”یہ وہ مُلک ہے جِس کا وعدہ مَیں نے قَسم کھا کر اَبراہامؔ اِصحاقؔ اَور یعقوب سے کیا تھا اَور فرمایا تھا، ’اِسے مَیں تمہاری نَسل کو دُوں گا۔‘ مَیں نے اُس مُلک کو تُمہیں اَپنی آنکھوں سے دیکھنے کا موقع تو دے دیا لیکن تُم اُس پار جا کر اُس میں داخل نہ ہو پاؤگے۔“
اَور یَاہوِہ کے کہنے کے مُطابق یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے وہاں مُوآب میں وفات پائی۔ اَور یَاہوِہ نے مَوشہ کو مُلک مُوآب میں بیت پعورؔ کے مقابل کی وادی میں دفن کیا لیکن آج کے دِن تک کویٔی نہیں جانتا کہ مَوشہ کی قبر کہاں ہے؟ مَوشہ اَپنی وفات کے وقت ایک سَو بیس سال کے تھے، پھر بھی نہ تو اُن کی آنکھیں دھُندھلی ہُوئیں تھیں اَور نہ اُن کی قُوّت میں کویٔی کمی آئی تھی۔ اَور بنی اِسرائیل مُوآب کے میدانوں میں مَوشہ کے لیٔے تیس دِن تک روتے رہے، اَور تیس دِن کے بعد اُن کا مَوشہ کے لیٔے ماتم کرنے اَور رونے کا وقت ختم ہُوا۔
اَور یہوشُعؔ بِن نُونؔ دانائی کی رُوح سے معموُر ہو چُکے تھے کیونکہ مَوشہ نے اُن پر اَپنے ہاتھ رکھّے تھے اَور بنی اِسرائیل اُن کا حُکم مانتے رہے اَور جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا یہوشُعؔ نے وَیسا ہی کیا۔
اِس کے بعد اِسرائیل میں مَوشہ جَیسا کویٔی نبی برپا نہیں ہُوا، جِس سے یَاہوِہ نے رُوبرو باتیں کی ہوں، اَور جسے یَاہوِہ نے مِصر میں فَرعوہؔ اَور اُس کے سَب اہلکاروں اَور اُس کے سارے مُلک کے سامنے تمام حیرت اَنگیز نِشانات اَور عجائب دِکھانے کو بھیجا تھا۔ کیونکہ کبھی کسی نے اَیسی زبردست قُدرت اَور مُہیب کارناموں کا مظاہرہ نہیں کیا جَیسا مَوشہ نے تمام بنی اِسرائیل کے سامنے کیٔے تھے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.