Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
اِستِثنا 10
پہلی جَیسی دُوسری نئی تختیوں کا دیا جانا
اُس وقت یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”پہلی تختیوں کی مانند پتّھر کی دو اَور تختیاں تراش لو، اَور میرے پاس اِس پہاڑ پر آ جاؤ۔ اَور لکڑی کا ایک صندُوق بھی بنالو۔ میں اُن تختیوں پر وُہی الفاظ لِکھ دُوں گا، جو اُن پہلی تختیوں پر مرقوم تھے جنہیں تُم نے توڑ ڈالا ہے۔ تَب تُم اِن تختیوں کو اُس صندُوق میں رکھ دینا۔“
تَب مَیں نے کیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنایا اَور پہلی تختیوں کی مانند پتّھر کی دو اَور تختیاں تراشیں اَور وہ دونوں تختیاں اَپنے ہاتھوں میں لیٔے ہویٔے پہاڑ پر چڑھ گیا۔ اَورجو دس اَحکام یَاہوِہ نے مُقدّس اِجتماع کے دِن پہاڑ پر آگ کے درمیان سے تمہارے سامنے اعلان کیا تھا اُنہیں کو اُن دو تختیوں پر لِکھ دیا جو اُن پہلے کی تختیوں پر لِکھا گیا تھا؛ پھر اُنہیں یَاہوِہ نے میرے سُپرد کر دیا۔ تَب میں پہاڑ پر سے نیچے اُتر آیا اَور یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق اُن تختیوں کو اَپنے بنائے ہویٔے صندُوق میں رکھ دیا اَور اَب وہ وہیں مَوجُود ہیں۔
(تَب بنی اِسرائیل بنی جعقانیوں کے کنوؤں سے کوچ کرکے موسیرہؔ تک آئے۔ وہیں اَہرونؔ نے وفات پائی اَور دفن بھی ہُوا۔ اَور اُس کے بیٹے الیعزرؔ نے اُس کی جگہ کہانت کا عہدہ سنبھالا۔ وہاں سے وہ گُدگُودؔہ سے ہوتے ہویٔے یُوطباتؔہ کے مُلک کی طرف روانہ ہویٔے جِس میں پانی کے تمام دریا بہتے ہیں۔ اُس وقت یَاہوِہ نے لیویوں کے قبیلہ کو الگ کر لیا تاکہ وہ یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھایا کریں اَور یَاہوِہ کے حُضُور میں کھڑے ہوکر اُن کی خدمت کریں اَور یَاہوِہ کے نام سے برکت دیا کریں جَیسا کہ وہ آج تک کرتے آ رہے ہیں۔ اِس لیٔے لیویوں کا اُن کے بھائیوں کے درمیان کویٔی حِصّہ یا مِیراث نہیں ہے۔ یَاہوِہ ہی اُن کی مِیراث ہیں جَیسا کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اُن سے فرمایا تھا۔)
اَور مَیں پہلے کی طرح چالیس دِن اَور چالیس رات پہاڑ پر ٹھہرا رہا اَور اِس دفعہ بھی یَاہوِہ نے میری سُنی اَور تُمہیں ہلاک کرنے کا خیال ہی نکال دیا۔ تَب یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”جا اَور اُن لوگوں کی رہنمائی کر تاکہ وہ اُس مُلک میں داخل ہوکر اُس پر قبضہ کر لیں جسے اُنہیں دینے کی مَیں نے اُن کے آباؤاَجداد سے قَسم کھائی تھی۔“
یَاہوِہ کا خوف ماننا
پس اَے اِسرائیل! یَاہوِہ تمہارے خُدا تُم سے اِس کے سِوا اَور کیا چاہتے ہیں کہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کا خوف مانو اَور اُن کی سَب راہوں پر چلو اَور اُن سے مَحَبّت رکھّو اَور اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی خدمت کرو، اَور یَاہوِہ کے جو اَحکام اَور قوانین میں تُمہیں آج دے رہا ہُوں اُن پر عَمل کرو تاکہ تمہاری خیر ہو؟
دیکھ آسمان اَور سَب سے اُونچا آسمانوں کا آسمان اَور زمین اَور اُس میں جو کچھ ہے یہ سَب یَاہوِہ تمہارے خُدا ہی کا ہے۔ تو بھی یَاہوِہ نے تمہارے آباؤاَجداد سے خُوش ہوکر اُن سے مَحَبّت کی اَور اُنہُوں نے تُمہیں بھی جو اُن کی اَولاد ہو، سَب قوموں میں سے مُنتخب کیا جَیسا کہ آج کے دِن ظاہر ہے۔ چنانچہ اَپنے دِلوں کا ختنہ کرو اَور اَب تو ضِد کرنا چھوڑ دو۔ کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا خداؤں کا خُدا ہیں، اَور خُداوندوں کا خُداوؔند ہیں۔ وہ خُدائے عظیم، قادر اَور مُہیب خُدا ہیں جو کسی کی طرفداری نہیں کرتے اَور نہ ہی رشوت لیتے ہیں۔ وہ یتیموں اَور بیواؤں کا اِنصاف کرتے ہیں اَور پردیسی سے اَیسی مَحَبّت رکھتے ہیں کہ اُسے کھانا اَور کپڑا مُہیّا کرتے ہیں۔ اَور تُم بھی اُن سے جو پردیسی ہیں مَحَبّت رکھّو کیونکہ تُم خُود بھی مِصر میں پردیسی تھے۔ یَاہوِہ اَپنے خُدا کا خوف مانو اَور اُن کی خدمت کرو۔ اُن سے لپٹے رہو اَور یَاہوِہ کے نام کی قَسم کھاؤ۔ وُہی تمہاری حَمد و ثنا کا سزاوار ہیں اَور وُہی تمہارے خُدا ہیں جنہوں نے تمہاری خاطِر عظیم اَور مُہیب کارنامے اَنجام دئیے جنہیں تُم نے اَپنی آنکھوں سے دیکھاہے۔ جَب تمہارے آباؤاَجداد مِصر گیٔے تھے تَب وہ کُل شُمار میں ستّر لوگ تھے اَور اَب یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں آسمان کے سِتاروں کی مانند لاتعداد بنا دیا ہے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.