Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

2 تِیمُتھِیُس 3

لیکن یہ بات جان لے کہ آخِری زمانہ میں ہَولناک دِن آئیں گے۔ لوگ خُود غرض، زَر دوست، شیخی باز، مغروُر، بدگو، ماں باپ کے نافرمان، ناشُکرے، ناپاک، مَحَبّت سے خالی، مُعاف نہ کرنے والے، تہمت لگانے والے، بے ضَبط، وحشی، نیکی کے دُشمن، غدّار، بے حیا، مغروُر، خُدا کی نِسبت عیش و عشرت کو زِیادہ پسند کرنے والے ہوں گے۔ وہ بظاہر خُداپرست زندگی تو گُزاریں گے لیکن حقیقی خُداپرست زندگی کی قُوّت کا اِنکار کریں گے۔ اَیسے اِنسانوں سے کنارہ کرنا۔

اِن ہی میں سے بعض اَیسے بھی ہیں جو گھروں میں دبے پاؤں گھُس آتے ہیں اَور احمق اَور چھچھوری عورتوں کو اَپنے قبضہ میں کرلیتے ہیں جو گُناہوں میں دبی ہوتی ہیں اَور ہر طرح کی بُری خواہشوں کا شِکار بنی رہتی ہیں۔ یہ عورتیں ہر وقت تعلیم تو پاتی رہتی ہیں مگر حق کی پہچان تک کبھی نہیں پہُنچ سکتیں۔ جِس طرح یَنیّسؔ اَور یمبریسؔ نے حضرت مَوشہ کی مُخالفت کی تھی اُسی طرح یہ لوگ بھی حق کی مُخالفت کرتے ہیں۔ اِن کی عقل بِگڑی ہُوئی ہے اَور یہ ایمان کے اِعتبار سے نامقبُول ہیں۔ لیکن یہ سَب زِیادہ وقت تک نہیں چلے گا، کیونکہ اِن کی حماقت سَب آدمیوں پر ظاہر ہو جائے گی۔

تِیمُتھِیُس کو پَولُسؔ کی آخِری ہدایت

لیکن تِیمُتھِیُس میری تعلیم، چال چلن اَور زندگی کے مقصد سے خُوب واقف ہے۔ تُم میرے ایمان، تحمُّل، مَحَبّت اَور میرے صبر کو جانتے ہو۔ تُمہیں مَعلُوم ہے کہ مُجھے کِس طرح ستایا گیا اَور مَیں نے کیا کیا مُصیبتیں اُٹھائیں یعنی وہ مُصیبتیں جو انطاکِیہؔ، اِکُنِیُم اَور لُسترہؔ شہروں میں، مُجھ پر آ پڑی تھیں۔ مگر خُداوؔند نے مُجھے اُن سَب مُصیبتوں سے رِہائی بخشی۔ دراصل جتنے لوگ المسیح یِسوعؔ میں دیندار زندگی گزارنا چاہتے ہیں وہ سَب ستائے جایٔیں گے۔ لیکن بدکار، دغاباز لوگ فریب دیتے اَور فریب کھاتے ہُوئے بگڑتے چلے جایٔیں گے۔ لیکن تُو اُن باتوں پر قائِم رہ جو تُونے سیکھی ہیں اَور جِن کا تُجھے پُورا یقین ہے، کیونکہ تُجھے مَعلُوم ہے کہ تُونے اُن باتوں کو کِس سے سیکھا ہے۔ اَور کِس طرح تُم بچپن سے اُن مُقدّس صحیفوں سے واقف ہو جو تُمہیں وہ عِرفان بخشتی ہیں جِس سے المسیح یِسوعؔ پر ایمان لانے سے نَجات حاصل ہوتی ہے۔ کیونکہ ہر صحیفہ جو خُدا کے اِلہام سے وُجُود میں آیا ہے، وہ تعلیم دینے، تنبیہ کرنے، اِصلاح اَور راستبازی میں تربّیت دینے کے لیٔے مفید ہے، تاکہ خُدا کا خادِم پُوری طرح سے قابل بنے اَور ہر نیک کام کے لیٔے بالکُل تیّار ہو جائے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.