Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

2 تھِسّلُنیِکیوں 2

خُداوؔند کی دُوسری آمد کی نِشانیاں

اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہم اَپنے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی دُوسری آمد اَور اُن کے پاس اَپنے جمع ہونے کی بابت تُم سے یہ درخواست کرتے ہیں، کہ اَیسی کسی افواہ سے کہ خُداوؔند کی آمد کا دِن آ گیا، پریشان نہ ہونا اَور نہ گھبرانا۔ یا اگر کویٔی کہے کہ اِس دِن کو کسی رُوح نے اُس پر ظاہر کیا ہے یا وہ ہمارے کسی خاص پیغام یا خط سے اُسے مَعلُوم ہُواہے تو یقین مت کرنا۔ نہ ہی کسی طرح کسی کے فریب میں آنا کیونکہ وہ دِن نہیں آئے گا جَب تک کہ لوگ خُدا کے خِلاف ایمان سے برگشتہ نہ ہو جایٔیں، اَور وہ مَرد گُناہ یعنی ہلاکت کا فرزند ظاہر نہ ہو جائے۔ وہ ہر نام نہاد خُدا یا عبادت کے لائق کسی بھی چیز کی جو خُدا یا معبُود کہلاتی ہے اُس کی مُخالفت کرےگا، وہ خُود کو اِن سَب سے بڑا معبُود ٹھہرائے گا اَور یہاں تک کہ وہ خُدا کے مَقدِس میں بیٹھ کر اَپنے خُدا ہونے کا اعلان کر دے گا۔

کیا تُمہیں یاد نہیں کہ جَب مَیں تمہارے پاس تھا تو تُمہیں یہ باتیں بتایا کرتا تھا؟ اَور تُم جانتے ہو کہ اَپنے مُقرّرہ وقت سے پہلے ظاہر ہونے سے، اُسے کون سِی چیز روکے ہُوئے ہے۔ کیونکہ بے دینی کی باطنی طاقت پہلے سے ہی کام کر رہی ہے؛ لیکن ایک روکنے والا ہے اَور جَب تک وہ راستہ سے ہٹایا نہ جائے وہ اُسے روکے رہے گا۔ اُس وقت وہ بے دین ظاہر ہوگا، جسے خُداوؔند یِسوعؔ اَپنی پھُونک سے مار ڈالیں گے اَور اَپنی آمد کی شان و شوکت سے نِیست کر دیں گے۔ یہ بے دین شیطان کی سِی قُوّت کے ساتھ آئے گا۔ اَور ہر طرح کے فرضی نِشانات اَور عجائبات کو دِکھائے گا، ہلاک ہونے والوں کو ہر قِسم کا فریب دے گا۔ وہ اِس لیٔے ہلاک ہوں گے کہ اُنہُوں نے حق کی مَحَبّت کو قبُول نہ کیا جسے قبُول کرتے تو نَجات پاتے۔ اِس سبب سے خُدا اُن پر گمراہی کا اَیسا اثر ڈالے گا کہ وہ جھُوٹ کو سچ تسلیم کرنے لگیں گے۔ اَورجو لوگ حق پر یقین نہیں کرتے بَلکہ ناراستی کو پسند کرتے ہیں وہ سَب سزا پائیں گے۔

ثابت قدم رہنا

اَے بھائیو اَور بہنوں! تُم جو خُداوؔند کے پیارے ہو، تمہارے لیٔے خُدا کا شُکر اَدا کرتے رہنا ہمارا فرض ہے کیونکہ اُس نے تُمہیں پہلے ہی سے چُن لیا تھا کہ تُم پاک رُوح سے پاکیزگی حاصل کرکے اَور حق پر ایمان لاکر نَجات پاؤ۔ جِس کے لیٔے اُس نے تُمہیں ہماری خُوشخبری کے ذریعہ بُلایا، تاکہ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے جلال میں شریک ہو۔

چنانچہ اَے بھائیوں اَور بہنوں، اُس سچّائی پر ثابت قدم رہو جو روایتی تعلیمات تُم نے ہم سے زبانی یا ہمارے خط کے ذریعہ حاصل کی ہیں۔

اَب ہمارا خُداوؔند یِسوعؔ المسیح خُود اَور ہمارا باپ خُدا، جِس نے ہم سے مَحَبّت رکھی اَور اَپنے فضل سے اَبدی تسلّی اَور اَچھّی اُمّید بخشی، تمہارے دِلوں کو تسلّی عطا فرمائے اَور ہر نیک کام اَور کلام میں تُمہیں مضبُوط کرے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.