Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
2 تواریخ 22
شاہِ یہُودیؔہ احزیاہؔ
اَور یروشلیمؔ کے لوگوں نے یہُورامؔ کے سَب سے چُھوٹے بیٹے احزیاہؔ کو یہُورامؔ کی جگہ بادشاہ بنایا۔ کیونکہ چھاپہ ماروں نے جو عربوں کے ہمراہ لشکرگاہ میں گھُس آئےتھے اُنہُوں نے اُس کے سَب بڑے بیٹوں کو قتل کر دیا تھا۔ چنانچہ احزیاہؔ بِن یہُورامؔ یہُودیؔہ پر حُکمرانی کرنے لگا۔
جَب احزیاہؔ بائیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں ایک سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام عتلیاہؔ تھا جو عُمریؔ کی پوتی تھی۔
وہ بھی احابؔ کے گھرانے کی راہوں پر چلا کیونکہ اُس کی ماں بدی کے کام کرنے میں اُس کی حوصلہ اَفزائی کیا کرتی تھی۔ اَور اُس نے یَاہوِہ کی نظر میں بدی کی جَیسے احابؔ کے گھرانے نے کی تھی۔ کیونکہ اُس کے باپ کی موت کے بعد احابؔ کے گھرانے کے لوگ ہی اُس کے مُشیر تھے اَور اُس کی تباہی کا باعث ہُوئے۔ اَور اُس وقت بھی اُس نے اُن کے مشورہ پر عَمل کیا جَب وہ شاہِ اِسرائیل یہُورامؔ یعنی یُورامؔ بِن احابؔ کے ساتھ شاہِ ارام حزائیلؔ سے راموتؔ گِلعادؔ میں جنگ کرنے گیا۔ ارامیوں نے یُورامؔ کو زخمی کر دیا۔ لہٰذا اُن زخموں کے علاج کے لیٔے جو حزائیلؔ کے ساتھ جنگ میں اُسے ارامی فَوج کے ہاتھ سے رامہؔ یعنی راموتؔ کی جنگ میں لگے تھے وہ یزرعیلؔ کو لَوٹ گیا۔ تَب شاہِ یہُودیؔہ عزریاہؔ یعنی احزیاہؔ1 بِن یہُورامؔ، یُورامؔ بِن احابؔ کے حالت کا جائزہ لینے یزرعیلؔ گیا کیونکہ یُورامؔ بیمار تھا۔
خُدا نے احزیاہؔ کی یُورامؔ یعنی یہُورامؔ سے مُلاقات کو احزیاہؔ کی ہلاکت کا باعث بنا دیا۔ جَب احزیاہؔ آیا تو وہ یُورامؔ کے ہمراہ یِہُو بِن نِمشیؔ سے جنگ کرنے گیا جسے یَاہوِہ نے احابؔ کے گھرانے کو تباہ کرنے کے لیٔے مَسح کیا تھا۔ اَور جَب یِہُو احابؔ کے گھرانے سے اِنتقام لے رہاتھا تو اُس نے یہُوداہؔ کے اُمرا اَور احزیاہؔ کے بھتیجوں کو دیکھا جو احزیاہؔ کی خدمت میں تھے اَور اُس نے اُنہیں قتل کر دیا۔ پھر وہ احزیاہؔ کی تلاش میں نِکلا، جسے اُس کے آدمیوں نے اُس وقت گِرفتار کر لیا جَب وہ سامریہؔ میں چھُپا ہُوا تھا۔ اَور اُنہُوں نے اُسے یِہُو کے پاس لاکر موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ اُنہُوں نے اُسے دفن کیا کیونکہ وہ کہنے لگے کہ، ”وہ یہوشافاطؔ کا بیٹا ہے جو اَپنے سارے دِل سے یَاہوِہ کا طالب رہا۔“ اَور اخزیاہؔ کے گھرانے میں کویٔی بھی اِتنا طاقتور نہ تھا کہ سلطنت کو پھر دوبارہ قائِم کر سکے۔
عتلیاہؔ اَور یُوآشؔ
جَب احزیاہؔ کی ماں عتلیاہؔ کو مَعلُوم ہُوا کہ اُس کے بیٹے کی موت ہو چُکی ہے تو اُس نے جا کر بنی یہُوداہؔ کے شاہی گھرانے کے تمام لوگوں کو ہلاک کر ڈالا۔ لیکن یہُورامؔ بادشاہ کی بیٹی یہوشیبعؔ2 نے احزیاہؔ کے بیٹے یُوآشؔ کو اُن شہزادوں کے درمیان سے جو قتل کئے جانے والے تھے چُرا لیا اَور اُس کو اَور اُس کی دایہ کو خواب گاہ میں رکھا۔ یہوشیبعؔ جو یہُورامؔ بادشاہ کی بیٹی اَور یہویادعؔ کاہِنؔ کی بیوی تھی احزیاہؔ کی بہن تھی۔ اُس نے بچّے کو عتلیاہؔ سے چُھپائے رکھا اَور اِس لیٔے وہ اُسے قتل نہ کر سکی۔ اَور جَب مُلک پر عتلیاہؔ حُکمرانی کر رہی تھی، تو اُس دَوران چھ سال تک یُوآشؔ کو خُدا کے بیت المُقدّس میں چُھپائے رکھّا۔
Source notes (2)
- Footnote احزیاہؔ کچھ قدیمی نُسخوں میں عزریاہؔ بھی لِکھا ہے۔
- Footnote یہوشیبعؔ اِس کا دُوسرا نام یہُوسابِعتھؔ بھی ہے
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.