Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

2 تواریخ 17

یہُوداہؔ کا بادشاہ یہوشافاطؔ

اَور آساؔ کی جگہ اُس کا بیٹا یہوشافاطؔ بطور بادشاہ تخت نشین ہُوا اَور اُس نے اِسرائیل کے مُقابلہ میں اَپنے آپ کو خُوب مضبُوط کر لیا۔ یہوشافاطؔ نے یہُوداہؔ کے تمام قلعہ بند شہروں میں فَوجی دستے مُقرّر کئے اَور یہُوداہؔ اَور اِفرائیمؔ کے اُن قصبوں میں فَوجی دستوں کی چوکیاں قائِم کیں جِن پر اُس کے والد آساؔ نے قبضہ کیا تھا۔

اَور یَاہوِہ یہوشافاطؔ کے ساتھ تھے کیونکہ وہ اَپنے دَورِ حُکومت کے اِبتدائی سالوں میں اَپنے باپ داویؔد ہی کے طور طریقوں پر چلا اَور بَعل و اشیراہؔ کے بُتوں کی پرستش نہیں کی۔ اَور اِسرائیل کے دستور کے مُوافق عَمل کرنے کی بجائے یہوشافاطؔ اَپنے والد کے خُدا کا طالب ہُوا اَور اُن کے حُکموں پر عَمل کرتا رہا۔ چنانچہ یَاہوِہ نے اُس کی بادشاہی کو بڑا اِستحکام بخشا اَور تمام یہُودیؔہ کے باشِندوں نے یہوشافاطؔ کو نذرانے کے طور پر تحفے پیش کئے جِس کے باعث اُسے بڑی دولت اَور عزّت حاصل ہُوئی۔ اُس کا دِل ہمیشہ یَاہوِہ کی راہوں کا مُشتاق رہا اَور اُس نے یہُودیؔہ میں سے بُلند مقامات پر مَوجُود زیارت گاہوں اَور اشیراہؔ کے سُتونوں کو نِیست و نابود کر دیا۔

یہوشافاطؔ کے دَورِ حُکومت کے تیسرے سال میں اُس نے اَپنے اہلکاروں میں سے بِن خیلؔ، عبدیاہؔ، زکریاؔہ، نتنی ایل اَور میکایاہؔ کو یہُودیؔہ کے شہروں میں تعلیم دینے کے لیٔے بھیجا۔ اَور لیویوں میں سے شمعیاہؔ، نتنیاہؔ، زبدیاہؔ، عساہیلؔ، شمیراموتؔ، یُوناتانؔ، ادُونیّاہؔ، طُوبیاہؔ اَور طوب ادُونیّاہؔ کو اَور کاہِنوں میں سے اِلیشمعؔ اَور یہُورامؔ کو اُن کے ساتھ بھیجا۔ اُن کے پاس یَاہوِہ کی کِتاب تورہ تھی جِس کی تعلیم اُنہُوں نے سارے یہُودیؔہ مُلک کو دی۔ یعنی وہ یہُوداہؔ کے سَب شہروں میں لوگوں کو تعلیم دیتے پھرے۔

اَور یہُوداہؔ کے اِردگرد کے ممالک کی تمام سلطنتوں میں یَاہوِہ کا اَیسا خوف چھا گیا کہ اُنہُوں نے یہوشافاطؔ سے پھر کبھی جنگ نہیں کی۔ بعض فلسطینی خراج کے طور پر چاندی لایٔے اَور اُنہُوں نے یہوشافاطؔ کو نذرانے کے طور پر تحفے بھی پیش کئے۔ مُلکِ عربؔ کے لوگوں نے یہوشافاطؔ کے پاس سات ہزار سات سَو مینڈھے اَور سات ہزار سات سَو بکرے نذرانے کے طور پر پیش کئے۔

یہوشافاطؔ طاقتور ہوتا چلا گیا اَور اُس نے یہُودیؔہ میں قلعہ اَور ذخیرہ کے شہر تعمیر کئے۔ اَور یہُودیؔہ کے شہروں میں اُس نے ضروریات کے بڑے بڑے مخزن تعمیر کروائے۔ اُس نے یروشلیمؔ میں تجربہ کار جنگجو مَردوں کا بھی اِنتخاب کرکے رکھّا تھا۔ جِن کا شُمار اُن کے آبائی خاندانوں کے مُطابق یہ تھا:

بنی یہُوداہؔ میں کُل تین لاکھ فَوجی مَوجُود تھے جو ہزار ہزار سپہ سالار کے دستے میں تقسیم تھے:

اعلیٰ سپہ سالار عدناہؔ کے تابع تین لاکھ فَوجی سُورما تھے؛

عدناہؔ کے ماتحت سپہ سالار یِہُوحنانؔ تھا جِس کے تابع دو لاکھ اسّی ہزار فَوجی سُورما تھے۔

اُس کے بعد اماصیاہؔ بِن زکریؔ تھا جِس نے اَپنی خُوشی اَور رضامندی سے اَپنے آپ کو یَاہوِہ کی خدمت میں پیش کیا تھا۔ اُس کے تابع دو لاکھ سُورما تھے۔

اَور بِنیامینیوں کے قبیلہ میں سے:

الیدعؔ نام کا ایک فَوجی سُورما تھا، اَور اُس کے ساتھ کمان اَور سِپر سے مُسلّح دو لاکھ جَوان تھے؛

اُس کے ماتحت یہُوزبادؔ تھا جِس کے ساتھ ایک لاکھ اسّی ہزار مُسلّح جَوان تھے جو جنگ کے لیٔے تیّار رہتے تھے۔

یہ سَب بادشاہ کے خدمت گذار تھے اَور اُن کے علاوہ تھے جنہیں اُس نے یہُودیؔہ کے ہر حِصّہ کے قلعہ بند شہروں میں رکھّا تھا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.