Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

2 تواریخ 14

اَور ابیّاہؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور داویؔد کے شہر میں دفن کیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا آساؔ اُس کی جگہ پر بادشاہ بنا اَور اُس کے دِنوں میں دس سال تک مُلک میں اَمن رہا۔

شاہِ یہُودیؔہ آساؔ

اَور آساؔ نے وُہی کیا جو یَاہوِہ اُس کے خُدا کی نظر میں دُرست اَور راست تھا۔ کیونکہ آساؔ نے غَیر قوموں کے مذبحوں اَور اُونچے مقامات پر مَوجُود زیارت گاہوں کو نِیست و نابود کر دیا، مُقدّس پتّھر کے سُتونوں کو گرا دیا اَور اشیراہؔ کے سُتونوں کو کاٹ ڈالا۔ آساؔ نے یہُوداہؔ کو حُکم دیا کہ وہ یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کے طالب ہوں اَور اُن کے آئین اَور اَحکام پر عَمل کریں۔ آساؔ نے یہُوداہؔ کے تمام شہروں سے بُلند مقامات پر مَوجُود زیارت گاہوں اَور بخُور جَلانے کے مذبحوں کو ڈھا دیا اَور اُس کی مملکت میں اَمن رہا۔ اَمن کے ایّام میں اُس نے یہُوداہؔ کے فصیلدار شہر تعمیر کئے۔ اُسے اُن سالوں میں جنگ کرنے کی ضروُرت بھی پیش نہ آئی کیونکہ یَاہوِہ نے اُسے آرام عطا فرمایا تھا۔

آساؔ نے یہُوداہؔ کو حُکم دیا تھا، ”آؤ ہم یہ شہر تعمیر کریں اَور اُنہیں فصیلوں، بُرجوں، سلاخوں اَور پھاٹکوں سے مُستحکم کریں۔ یہ مُلک اَب بھی ہمارا ہے کیونکہ ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے طالب ہُوئے ہیں۔ ہم اُن کے طالب ہُوئے اَور یَاہوِہ نے ہمیں چاروں طرف سے سلامتی بخشی ہے۔“ چنانچہ وہ شہر تعمیر کرتے گئے اَور کامیابی حاصل کرتے گئے۔

آساؔ کے پاس یہُوداہؔ کے تین لاکھ جَوانوں کا لشکر تھا جو ڈھالوں اَور نیزوں سے مُسلّح تھے۔ اَور بِنیامین کے دو لاکھ اسّی ہزار جَوانوں کا لشکر تھا جو چُھوٹی ڈھالوں اَور تیر کمانوں سے مُسلّح تھے۔ یہ سَب زبردست جنگجو مَرد تھے۔

اَور زیراحؔ کُوشی دس لاکھ فَوجیوں اَور تین سَو رتھ کا لشکر لے کر یہُوداہؔ پر حملہ کرنے کو نِکلا اَور مریشہؔ تک آ پہُنچا۔ اَور آساؔ اُس کے مُقابلہ کو گیا اَور اُنہُوں نے مریشہؔ کے قریب وادی صفاتھؔا میں جنگ کے لئے صف آرائی کی۔

تَب آساؔ نے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے فریاد کی، اَے یَاہوِہ جنگ کی صورت میں زورآور کے خِلاف ناتواں کی مدد کرنے کو آپ کے علاوہ اَور کویٔی نہیں ہے جو مدد کے لئے مَوجُود ہو۔ اِس لئے اَے یَاہوِہ ہمارے خُدا، ہماری مدد کر کیونکہ ہم صرف آپ پر ہی اُمّید رکھتے ہیں اَور آپ ہی کے نام سے اِس لشکرِ جبّار کا مُقابلہ کرنے آئے ہیں۔ اَے یَاہوِہ آپ ہی ہمارے خُدا ہیں۔ اَیسا کبھی نہ ہو کہ اِنسان آپ کے مُقابلے میں غالب ہونے پایٔے۔

تَب یَاہوِہ نے آساؔ اَور یہُوداہؔ کی فَوج کے سامنے کُوشی فَوج کو شِکست دی اَور کُوشی میدانِ جنگ سے بھاگ کھڑے ہُوئے۔ اَور آساؔ اَور اُس کی فَوج نے گِراؔر تک اُن کا تعاقب کیا۔ کُوشی اِتنی بڑی تعداد میں مارے گیٔے کہ پھر وہ دوبارہ حملہ نہ سکے۔ کیونکہ وہ یَاہوِہ اَور اُن کی افواج کے سامنے کُچل ڈالے گیٔے تھے اَور یہُوداہؔ کی فَوج نے بہت سا مالِ غنیمت حاصل کیا۔ یہُوداہؔ کی فَوج نے گِراؔر کے اطراف کے تمام شہروں کو نِیست و نابود کر دیا کیونکہ یَاہوِہ کی دہشت اُن پر چھاگئی تھی۔ اَور یہُوداہؔ کی فَوج نے اُن تمام شہروں کو لُوٹ لیا کیونکہ وہاں بہت سا مالِ غنیمت تھا۔ اَور اُنہُوں نے اُن کے گلّہ بانوں کے ڈیروں پر بھی حملہ کیا اَور اِن سے فَوج نے کثرت سے بھیڑ بکریاں اَور اُونٹ لے کر یروشلیمؔ لَوٹ گیٔے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.