Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
1 شموایلؔ 29
اکِیشؔ کا داویؔد کو صِقلاگ بھیجنا
اَور فلسطینیوں نے اَپنی تمام فَوجوں کو افیقؔ میں جمع کیا اَور اِسرائیلیوں نے یزرعیلؔ میں چشمہ کے پاس ڈالی۔ جَب فلسطینی سردار سپاہیوں کے سَو کے اَور ہزار کے دستے بنا کر کُوچ کرنے لگے تو داویؔد اَور اُس کے آدمی بھی اُن کے عقب میں اکِیشؔ کے پیچھے پیچھے ہو لئے۔ تَب فلسطینی سرداروں نے پُوچھا، ”اِن عِبرانیوں کا یہاں کیا کام ہے؟“ اکِیشؔ نے جَواب دیا، ”کیا یہ داویؔد نہیں جو شاہِ اِسرائیل شاؤل کا مُلازم تھا؟ وہ ایک سال سے زائد عرصہ سے میرے ساتھ ہے اَور جِس دِن سے اُس نے شاؤل کو چھوڑا آج تک مَیں نے اُس میں کویٔی بُرائی نہیں پائی۔“
لیکن فلسطینی سردار اُس سے ناراض تھے اَور کہنے لگے، ”اُس آدمی کو واپس بھیج دو تاکہ، وہ اُس جگہ لَوٹ جائے جو اُس کے لیٔے مُقرّر کی گئی ہے۔ وہ جنگ میں ہمارے ساتھ ہرگز نہ جائے۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ ہمارے ہی خِلاف جنگ کرنے لگے۔ اُس کے لیٔے اَپنے آقا کی خُوشنودی دوبارہ حاصل کرنے کے لیٔے ہمارے آدمیوں کے سَروں کو کاٹ دینے سے بہتر کیا ہو سَکتا ہے؟ کیا یہ داویؔد وُہی نہیں ہے جِس کے متعلّق اُنہُوں نے ناچتے ہُوئے گا گا کر کہاتھا:
” ’شاؤل نے تو ہزاروں کو قتل کیا ہے،
لیکن داویؔد نے دس ہزاروں کو مارا ہے‘؟“
لہٰذا اکِیشؔ نے داویؔد کو بُلاکر کہا، ”یَاہوِہ کی حیات کی قَسم تُم حق پرست آدمی ہو اَور تُمہیں اَپنی فَوج میں آتا جاتا دیکھ کر مُجھے بڑی خُوشی ہوتی ہے اَور جِس دِن سے تُم آئے ہو تَب سے آج تک مَیں نے تُم میں کویٔی بدی نہیں پائی۔ لیکن میرے سردار تُمہیں پسند نہیں کرتے۔ لہٰذا لَوٹ کر سلامت چلے جاؤ اَور کویٔی اَیسا قدم نہ اُٹھنا کہ فلسطینی سرداروں کو ناراض ہونے کا موقع ملے۔“
داویؔد نے اکِیشؔ سے پُوچھا، ”مَیں نے کیا کیا ہے؟ جِس دِن سے مَیں آپ کے پاس آیا ہُوں تَب سے آج تک آپ نے اَپنے خادِم کے خِلاف کون سِی بات پائی ہے کہ میں اَپنے آقا بادشاہ کے دُشمنوں کے خِلاف جا کر لڑ نہیں سَکتا؟“
اکِیشؔ نے داویؔد کو جَواب دیا، ”میں جانتا ہوں کہ تُم میری نظروں میں اِتنا ہی نیک ہو جِتنا خُدا کا فرشتہ؛ تاہم فلسطینی سرداروں نے کہا ہے، ’وہ جنگ میں ہمارے ساتھ ہرگز نہ جائے۔‘ لہٰذا اَب تُم صُبح سویرے رَوشنی ہوتے ہی اَپنے آقا کے خادِموں کے ہمراہ جو تمہارے ساتھ آئے ہیں روانہ ہو جانا۔“
لہٰذا داویؔد اَور اُس کے آدمی صُبح سویرے اُٹھ بیٹھے تاکہ فلسطینیوں کے مُلک کو لَوٹ جایٔیں اَور فلسطینی یزرعیلؔ کو لَوٹ گیٔے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.