Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

1 تواریخ 5

بنی رُوبِنؔ

اِسرائیل کے پہلوٹھے رُوبِنؔ کے بیٹے (وہ پہلوٹھا تھا لیکن جَب اُس نے اَپنے باپ کے بچھونے کو ناپاک کیا تو اُس کے پہلوٹھے ہونے کے حُقُوق یُوسیفؔ بِن اِسرائیل کے بیٹوں کو دئیے گیٔے اِس لیٔے نَسب نامہ میں اُس کا اندراج پہلوٹھے پن کے مُطابق نہ ہو سَکا حالانکہ یہ پہلوٹھا تھا۔ اَور اگرچہ یہُوداہؔ اَپنے تمام بھائیوں سے زِیادہ طاقتور تھا اَور حُکمران اُسی میں سے نکلے لیکن پہلوٹھے کا حق یُوسیفؔ کا ہُوا)۔ اِسرائیل کے پہلوٹھے رُوبِنؔ کے بیٹے یہ ہیں:

حنوخؔ، پلوّؔ، حِضرونؔ اَور کرمی۔

یُوایلؔ کے بیٹے یہ ہیں:

اُس کا بیٹا شمعیاہؔ اَور اُس کا بیٹا گوگ،

اَور اُس کا بیٹا شِمعیؔ، اَور اُس کا بیٹا میکاہؔ،

اَور اُس کا بیٹا رِیایاہؔ اَور اُس کا بیٹا بَعل،

اَور اُس کا بیٹا بِیرہ جِس کو تِگلتؔ پلیسِر شاہِ اشُور اسیر کرکے لے گیا۔ بِیرہ بنی رُوبِنؔ کا سردار تھا۔

اُن کے رشتہ دار جِن کا اُن کے برادریوں کے لحاظ سے نَسب نامہ تحریر میں آیا یہ تھے:

سردار یعی ایل اَور زکریاؔہ، اَور بَیلعؔ بِن عزازؔ بِن شِمعؔ بِن یُوایلؔ۔

وہ عروعؔر سے لے کر نبوؔ اَور بَعل مِعُون تک کے علاقہ میں بسے ہُوئے تھے۔ اَور مشرق کی طرف وہ اُس سرزمین پر قابض تھے جو دریائے فراتؔ تک پھیلے ہُوئے صحرا کے کنارے تک ہے۔ کیونکہ گِلعادؔ میں اُن کے مویشی بہت بڑھ گیٔے تھے۔

اُنہُوں نے شاؤل کے دَورِ حُکومت میں ہاگریؔ کے خِلاف جنگ شروع کی اَور اُنہیں شِکست دی اَور وہ گِلعادؔ کے تمام مشرقی علاقے کے ہاگریوں کی قِیام گاہوں پر قابض ہو گئے۔

گادؔ

اَور بنی گادؔ بنی رُوبِنؔ کے مقابل مُلک باشانؔ میں سَلِکہؔ تک بسے ہُوئے تھے:

اوّل یُوایلؔ تھا اَور شافامؔ دُوسرا اَور یعناعیؔ اَور شافاطؔ باشانؔ میں تھے۔

اَور آبائی خاندانوں کے مُطابق اُن کے رشتہ دار یہ تھے:

مِیکاایلؔ، مِشُلّامؔ، شیبا، یورائیؔ، یعکانؔ، زیعؔا اَور عِبرؔ، کل سات آدمی۔

یہ بنی اَبی حائیل بِن حُوریؔ بِن یاروحؔ بِن گِلعادؔ بِن مِیکاایلؔ بِن یشیشائیؔ بِن یاحدوؔ بِن بوز تھے۔

احی عبدی ایل بِن گُونی اُن کے آبائی خاندانوں کا سردار تھا۔

بنی گادؔ باشانؔ کے شہروں میں، گِلعادؔ میں، اَور اُس کے دُور بیرونی شہروں میں اَور شارونؔ کی ساری چراگاہوں کے آخِری کناروں تک بسے ہُوئے تھے۔

یہُودیؔہ کے بادشاہ یُوتامؔ اَور اِسرائیل کے بادشاہ یرُبعامؔ کے ایّام میں اِن سَب کو اُن نَسب ناموں میں درج کیا گیا تھا۔

اَور بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور منشّہ کے آدھے قبیلہ میں چوالیس ہزار سات سَوساٹھ مَرد فَوجی خدمت کے لیٔے تیّار تھے یعنی تندرست و توانا مَرد جو سِپر بردار، شمشیر زن اَور تیر اَندازی میں ماہر تھے اَور جنگ آزمودہ تھے۔ اُنہُوں نے ہاگریوں اَور اُن کے اِتّحادیوں یطُورؔ، نافیشؔ اَور نودابی قبیلوں پر حملہ کیا۔ اَور خُدا نے ہاگریوں اَور اُن کے اِتّحادیوں کو اُن کے حوالہ کر دیا کیونکہ جنگ کے دَوران اُنہُوں نے خُدا سے دعا کی اَور خُدا نے اُن کی دعا قبُول فرمائی، اِس لیٔے کہ اُنہُوں نے اُن پر اِعتماد رکھا۔ اُنہُوں نے ہاگریوں کے مویشیوں پر قبضہ کر لیا جو کہ پچاس ہزار اُونٹ، دو لاکھ پچاس ہزار بھیڑ بکریاں اَور دو ہزار گدھے تھے۔ اُنہُوں نے ایک لاکھ آدمیوں کو بھی قَید کر لیا۔ اَور بہت سے آدمیوں کو قتل کر دیا کیونکہ وہ جنگ یَاہوِہ کی تھی۔ اَور وہ جَلاوطنی کے وقت تک اُس مُلک پر قابض رہے۔

منشّہ کا آدھا قبیلہ

منشّہ کے آدھے قبیلہ کے لوگ بہت زِیادہ تھے اَور وہ باشانؔ سے لے کر بَعل حرمُونؔ یعنی سنیرؔ (کوہِ حرمُونؔ) تک پھیلے ہُوئے تھے۔

اُن کے آبائی خاندانوں کے سردار یہ تھے: عِفرؔ، یَشعیؔ، الی ایل، عزری ایل، یرمیاہؔ، ہُوداویاہؔ اَور یحدی ایل۔ یہ بڑے دِلیر، جنگجو، نامور اَور اَپنے آبائی خاندانوں کے سردار تھے۔ لیکن اُنہُوں نے اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا سے بےوفائی کی اَور جِس مُلک کے باشِندوں کو خُدا نے اُن کے سامنے سے ہلاک کیا تھا اُن ہی کے معبُودوں کی پیروی کرکے اُنہُوں نے زناکاری کی۔ تَب اِسرائیل کے خُدا نے شاہِ اشُور پُولؔ یعنی تِگلتؔ پلیسِر کے دِل میں جوش پیدا کیا اَور وہ رُوبِنیوں، گادّیوں اَور منشّہ کے آدھے قبیلہ کو اسیر کرکے لے گیا اَور اُنہیں حالاحؔ، حابُورؔ، ہاراؔ اَور دریائے گُوزانؔ کے پاس لے آیا اَور آج کے دِن تک وہ وہیں سکونت کر رہے ہیں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.