Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
طِطُس 2
انجیل کی خاطِر نیک کام کرنا
بہرحال تُم وُہی باتیں بَیان کرو جو صحیح تعلیم کے مُطابق مُناسب ہوں۔ بُزرگ مَردوں کو سِکھا کہ وہ پرہیزگار، قابل اِحترام، اَپنے نَفس پر قابُو رکھنے والے، ایمان، مَحَبّت اَور صبر میں پکّے ہوں۔
اِسی طرح بُزرگ خواتین کو ہدایت دو کہ وہ بھی مُقدّسین کی سِی زندگی بسر کریں اَور تہمت لگانے والی اَور شراب پینے والی نہ ہوں بَلکہ اَچھّی باتوں کی تعلیم دینے والی ہوں۔ تبھی وہ جَوان خواتین کو سِکھا سکیں گی کہ وہ اَپنے شوہروں اَور بچّوں کو پیار کریں، اَپنے نَفس پر قابُو رکھیں اَور پاک دامن ہوں، گھر کا کام کاج کرنے والی اَور مہربان ہوں اَور اَپنے شوہروں کے تابع رہیں تاکہ خُدا کے کلام کی بدنامی نہ ہو۔
ٹھیک اِسی طرح نوجوانوں کو بھی نصیحت کر کہ وہ اَپنے نَفس پر قابُو رکھیں۔ تُم سَب باتوں میں اَپنے آپ کو نیک کاموں کو کرنے میں اُن کے لیٔے نمونہ بَن۔ اَور تیری تعلیم میں خُلوص دِلی اَور سنجِیدگی ہو، تاکہ جو کچھ تو سِکھائے وہ اَیسا صحیح کلام ہو کہ کویٔی حرف گیری نہ کر سکے اَور کویٔی مُخالف ہم پر عیب لگانے کا موقع نہ پا سکے بَلکہ شرمندہ ہو جائے۔
غُلاموں کو سِکھا کہ اَپنے مالکوں کے سَب تابع رہیں۔ اُن کے ہر حُکم کی تعمیل کریں اَور کبھی اُلٹ کر جَواب نہ دیں، خیانت نہ کریں بَلکہ پُوری وفاداری سے کام کریں تاکہ اُن کے سارے کام ہمارے مُنجّی خُدا کی تعلیم کی زینت کا باعث ہو سکیں۔
کیونکہ خُدا کا وہ فضل جو سارے اِنسانوں کی نَجات کا باعث ہے، ظاہر ہو چُکاہے۔ وہ فضل ہمیں تربّیت دیتاہے کہ ہم بے دینی اَور دُنیوی خواہشوں کو چھوڑکر اِس دُنیا میں پرہیزگاری، صداقت اَور دینداری کے ساتھ زندگی گُزاریں، اَور اُس مُبارک اُمّید یعنی اَپنے عظیم خُدا اَور مُنجّی، یِسوعؔ المسیح کے جلال کے ظاہر ہونے کے مُنتظر رہیں، جنہوں نے اَپنے آپ کو ہماری خاطِر قُربان کر دیا تاکہ ہمارا فدیہ ہوکر ہمیں ہر طرح کی بے دینی سے چھُڑا لیں اَور ہمیں پاک کرکے اَپنی خاص مِلکیّت کے لیٔے ایک اَیسی اُمّت بنا لیں جو نیک کام کرنے میں سرگرم ہو۔
تُو اِن باتوں کی پُورے اِختیار کے ساتھ تعلیم دے، تنبیہ کر اَور نصیحت بھی دیتا رہ۔ کویٔی شخص تیری حقارت نہ کرنے پایٔے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.