Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

مُکاشفہ 20

ہزار سالہ دَور

پھر مَیں نے ایک فرشتہ کو آسمان سے اُترتے دیکھا۔ اُس کے پاس اتھاہ گڑھے کی کُنجی تھی اَور وہ ہاتھ میں ایک بڑی زنجیر لئے ہویٔے تھا۔ اُس نے اَژدہا یعنی پُرانے سانپ کو جو اِبلیس اَور شیطان ہے پکڑا اَور اُسے ایک ہزار سال کے لیٔے باندھا۔ اَور اتھاہ گڑھے میں ڈال دیا اَور اُسے بند کرکے اُس پر مُہر لگا دی تاکہ وہ تمام قوموں کو گُمراہ نہ کر سکے، جَب تک کہ ہزار سال پُورے نہ ہو جایٔیں۔ اِس کے بعد اُس کا کچھ عرصہ کے لیٔے کھولا جانا لازمی ہے۔

پھر مَیں نے تخت دیکھے جِن پر وہ لوگ بیٹھے ہویٔے تھے جنہیں اِنصاف کرنے کا اِختیار دیا گیا تھا۔ اَور مَیں نے اُن لوگوں کی رُوحیں دیکھیں جِن کے سَر یِسوعؔ کی گواہی دینے اَور خُدا کے کلام کی وجہ سے کاٹ دئیے گیٔے تھے۔ اُن لوگوں نے نہ تو اُس حَیوان کو نہ اُس کی بُت کو سَجدہ کیا تھا، اَور نہ اَپنی پیشانی یا ہاتھوں پر اُس کا نِشان لگوایا تھا۔ اَور وہ زندہ ہوکر ایک ہزار بَرس تک المسیح کے ساتھ بادشاہی کرتے رہے۔ اَور جَب تک یہ ہزار بَرس پُورے نہ ہویٔے، باقی مُردے زندہ نہیں کیٔے گیٔے۔ یہ پہلی قیامت ہے۔ مُبارک اَور مُقدّس ہیں وہ لوگ جو پہلی قیامت میں شریک ہوں۔ اُن پر دُوسری موت کا کویٔی اِختیار نہیں بَلکہ وہ خُدا اَور المسیح کے کاہِنؔ ہوں گے اَور ہزار بَرس تک اُس کے ساتھ بادشاہی کرتے رہیں گے۔

شیطان کا اَنجام

جَب ہزار بَرس پُورے ہو چُکیں گے تو شیطان اَپنی قَید سے رہا کر دیا جائے گا۔ اَور اُن قوموں کو جو زمین کی چاروں طرف آباد ہوں گی، یعنی یاجُوجؔ اَور ماجُوجؔ کو گُمراہ کرکے جنگ کے لیٔے جمع کرےگا۔ اُن کا شُمار سمُندر کی ریت کے برابر ہوگا۔ وہ ساری زمین پر پھیل جایٔیں گی اَور مُقدّسین کی لشکرگاہ اَور اُس عزیز شہر1 کو چاروں طرف سے گھیر لیں گی، تَب آسمان سے آگ نازل ہوگی اَور اُنہیں بھسم کر ڈالے گی۔ اَور اِبلیس کو، جِس نے اُنہیں گُمراہ کیا تھا، آگ اَور گندھک کی اُس جھیل میں پھینک دیا جایٔےگا؛ جہاں وہ حَیوان اَور جھُوٹا نبی بھی ہوگا اَور وہ دِن رات اَبد تک عذاب میں رہیں گے۔

آخِری عدالت

تَب مَیں نے ایک بڑا سفید تختِ الٰہی دیکھا اَور اُسے جو اُس پر تخت نشین تھا۔ زمین اَور آسمان اُس کی حُضُوری سے بھاگ کر غائب ہو گیٔے اَور اُنہیں کہیں ٹھکانا نہ مِلا۔ اَور مَیں نے چُھوٹے بڑے تمام مُردوں کو تختِ الٰہی کے سامنے کھڑے دیکھا۔ تَب کِتابیں کھولی گئیں، پھر ایک اَور کِتاب کھولی گئی یعنی کِتاب حیات؛ اَور جِس طرح اُن کِتابوں میں درج تھا، تمام مُردوں کا اِنصاف اُن کے اعمال کے مُطابق کیا گیا۔ سمُندر نے اُن مُردوں کو جو اُس کے اَندر تھے دے دیا اَور موت اَور عالمِ اَرواح نے اَپنے اَندر کے مُردوں کو دے دیا، چنانچہ ہر ایک کا اِنصاف اُن کے اعمال کے مُطابق کیا گیا۔ پھر موت اَور عالمِ اَرواح کو آگ کی جلتی جھیل میں پھینک دیا گیا۔ یہ آگ کی جھیل دُوسری موت ہے۔ اَور جِس کسی کا نام کِتاب حیات میں درج نہ مِلا، اُسے بھی آگ کی جلتی جھیل میں پھینک دیا گیا۔

Source notes (1)
  1. Footnote عزیز شہر یعنی وہ شہر جِس سے خُدا مَحَبّت رکھتا ہے۔ دیکھئے زبُور 87‏:2‏ ‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.