Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

مُکاشفہ 14

ایک لاکھ چوالیس ہزار افراد اَور برّہ

پھر مَیں نے نگاہ کی تو دیکھا کہ وہ برّہ کوہِ صِیّونؔ پر کھڑا ہے اَور اُس کے ساتھ ایک لاکھ چوالیس ہزار افراد بھی ہیں جِن کی پیشانی پر برّہ یعنی خُداوؔند یِسوعؔ المسیح اَور اُس کے آسمانی باپ کا نام لِکھّا ہُواہے۔ پھر مَیں نے آسمان سے ایک اَیسی آواز سُنی جو کسی بڑے آبشار اَور گرجتے بادلوں کی مانند تھی۔ یہ اُس آواز کی مانند تھی جو بربط نواز اَپنے سازوں سے نکالتے ہیں۔ وہ تختِ الٰہی کے سامنے اَور چاروں جانداروں اَور بُزرگوں کے آگے ایک نیا نغمہ گا رہے تھے اَور اُن ایک لاکھ چوالیس ہزار افراد کے سِوا جو دُنیا میں سے خرید لیٔے گیٔے تھے کویٔی اَور اُس نغمہ کو نہ سیکھ سَکا۔ یہ وہ ہیں جنہوں نے اَپنے آپ کو عورتوں کے ساتھ آلُودہ نہیں کیا بَلکہ کنوارے ہیں۔ یہ وہ ہیں جو برّہ کے پیچھے پیچھے چلتے ہیں، جہاں بھی وہ جاتا ہے۔ وہ آدمیوں میں سے خرید لیٔے گیٔے ہیں تاکہ وہ خُدا اَور برّہ کے لیٔے پہلے پھل ہوں۔ اَور اُن کے مُنہ سے کبھی جھُوٹ نہیں نِکلا۔ وہ بے عیب ہیں۔

تین فرشتے

پھر مَیں نے ایک اَور فرشتہ کو فِضا میں اُڑتے ہویٔے دیکھا۔ اُس کے پاس ایک اَبدی خُوشخبری تھی تاکہ وہ اُسے روئے زمین کے باشِندوں یعنی ہر قوم، ہر قبیلہ، ہر اہلِ زبان اَور ہر اُمّت کو سُنائے۔ اُس نے بڑی بُلند آواز سے کہا، ”خُدا سے ڈرو اَور اُس کی تمجید کرو کیونکہ اُس کی عدالت کا وقت آ پہُنچا ہے۔ اُسی کو سَجدہ کرو جِس نے آسمان، زمین، سمُندر اَور پانی کے چشمے بنائے ہیں۔“

اُس کے بعد ایک دُوسرا فرشتہ آیا اَور بُلند آواز سے اعلان کیا، ” ’گِر پڑا! وہ عظیم شہر بابیل گِر پڑا،‘1 جِس نے اَپنی زناکاری کے قہر کی مَے سَب قوموں کو پلائی ہے۔“

پھر اُس کے بعد تیسرا فرشتہ آیا اَور بُلند آواز سے کہا، ”جو کویٔی اُس حَیوان اَور اُس کی بُت کی پرستش کرے اَور اُس کا نِشان اَپنی پیشانی یا ہاتھ پر لگاتاہے، تو اُسے بھی خُدا کے قہر کی اُس خالص مَے کو پینا ہوگا جو اُس کے غضب کے پیالہ میں بھری گئی ہے۔ وہ مُقدّس فرشتوں اَور برّہ کے رُوبرو اُس آگ اَور گندھک کے عذاب میں مُبتلا ہوکر تڑپتا رہے گا۔ اَور اُن کے عذاب کا دُھواں اَبد تک اُٹھتا رہے گا اَورجو اُس حَیوان اَور اُس کے بُت کی پرستش کرتے ہیں اَور اُس کے نام کا نِشان لگاتے ہیں، اُنہیں دِن رات چَین نہ ملے گا۔“ اِس کا مطلب ہے کہ خُدا کے مُقدّسین کو صبر رکھنا اَور ایمان پر قائِم رہنا ضروُری ہے، جو خُدا کے فرمانبردار اَور یِسوعؔ کے پیچھے وفاداری سے چلتے ہیں۔

پھر مَیں نے آسمان سے ایک آواز آتے سُنی، ”لِکھ! مُبارک ہیں وہ مُردے جو اَب سے خُداوؔند میں وفات پاتے ہیں۔“

”بے شک،“ پاک رُوح فرماتا ہے، ”کیونکہ وہ اَپنی محنت و مشقّت سے آرام پائیں گے، کیونکہ اُن کے اعمال اُن کے ساتھ جایٔیں گے۔“

زمین کی فصل اَور انگور کا رس نکالا جانا

پھر مَیں نے نگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک سفید بادل ہے اَور اُس پر اِبن آدمؔ2 کی مانند کویٔی بیٹھا ہے جِس کے سَر پر سونے کا تاج اَور ہاتھ میں تیز درانتی ہے۔ پھر بیت المُقدّس میں سے ایک اَور فرشتہ باہر نِکلا اَور اُس نے بادل پر بیٹھے ہویٔے شخص کو بُلند آواز سے پُکار کر کہا، ”اَپنی درانتی چلا اَور فصل کاٹ، کیونکہ فصل کاٹنے کا وقت آ گیا ہے، اِس لیٔے کہ زمین کی فصل پک گئی ہے۔“ چنانچہ جو بادل پر بیٹھا ہُوا تھا اُس نے اَپنی درانتی زمین پر چلائی اَور زمین کی فصل کٹ گئی۔

پھر ایک اَور فرشتہ اُس بیت المُقدّس میں سے باہر نِکلا جو آسمان پر ہے، اَور اُس کے ہاتھ میں بھی ایک تیز درانتی تھی۔ پھر ایک اَور فرشتہ جِس کا آگ پر اِختیار تھا، قُربان گاہ سے باہر نِکلا؛ اَور اُس نے تیز درانتی والے فرشتہ کو پُکار کر کہا، ”اَپنی تیز درانتی چلا اَور زمین کے انگوری باغ سے گُچّھے کاٹ لے کیونکہ اُس کے انگور بالکُل پک چُکے ہیں۔“ اُس فرشتہ نے اَپنی درانتی زمین پر چلائی اَور اُس کے انگوری باغ سے انگور کی فصل کاٹ کر جمع کی اَور اُنہیں خُدا کے قہر کے بڑے حوض میں ڈال دیا۔ تَب اُنہیں شہر سے باہر اُس بڑے انگوری باغ کے حوض میں روندا گیا اَور حوض میں سے اِس قدر خُون بہہ نِکلا کہ اُس کی لمبائی تقریباً تین سَو کِلومیٹر تک اَور اُونچائی گھوڑوں کی لگاموں تک جا پہُنچی تھی۔

Source notes (2)
  1. Footnote یَشع 21‏:9‏ ‏
  2. Footnote دیکھئے، دان 7‏:13‏ ‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.