Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 92
ایک زبُور۔ ایک نغمہ۔ سَبت کے دِن پر مَبنی۔
یَاہوِہ کی سِتائش کرنا
اَے خُداتعالیٰ، آپ کے نام کی مدح سرائی کرنا خُوب ہے،
صُبح کو آپ کی شفقت و مَحَبّت کا
اَور رات کو آپ کی وفاداری کا،
دس تار والے بربط کے ساز پر
اَور سِتار کے خُوش آہنگ نغموں کے ساتھ اِظہار کرنا کیا ہی بھلا ہے۔
کیونکہ اَے یَاہوِہ، آپ اَپنے کارناموں سے مُجھے خُوش کرتے ہیں؛
اَور آپ کے ہاتھوں کی کاریگری کے باعث میں خُوشی سے گاتا ہُوں۔
اَے یَاہوِہ، آپ کے کارنامے کس قدر عظیم ہیں،
اَور آپ کے خیالات کس قدر عمیق ہیں!
بے حس اِنسان نہیں جانتے،
اَور احمق یہ نہیں سمجھتے،
حالانکہ بدکار لوگ گھاس کی مانند اُگ آتے ہیں
اَور سَب بد کِردار پھلتے پھُولتے ہیں،
تو بھی وہ ہمیشہ کے لیٔے تباہ کر دئیے جایٔیں گے۔
لیکن اَے یَاہوِہ، آپ ابدُالآباد سرفراز رہیں گے۔
لیکن اَے یَاہوِہ، دیکھیں! آپ کے دُشمن،
ہاں، آپ کے دُشمن یقیناً فنا ہوں گے؛
سَب بد کِردار پراگندہ کر دئیے جایٔیں گے۔
آپ نے میرا سینگ1 جنگلی سانڈ کے سینگ کی مانند بُلند کیا ہے؛
اَور مُجھے بڑے خالص تیل سے مَسح کیا ہے۔
میری آنکھوں نے میرے دُشمنوں کی شِکست دیکھی ہے؛
اَور میرے کانوں نے میرے بدکار مُخالفوں کی پسپائی سُن لی ہے۔
راستباز کھجور کے درخت کی مانند لہلہائیں گے،
اَور لبانونؔ کے دیودار کی مانند بڑھیں گے؛
جو یَاہوِہ کے گھر میں لگائے گیٔے ہیں،
وہ ہمارے خُدا کی بارگاہوں میں سرسبز ہوں گے۔
وہ بڑی عمر میں بھی پھل لائیں گے،
اَور تروتازہ اَور سرسبز رہیں گے،
اَور ظاہر کریں گے کہ، ”یَاہوِہ راست ہیں؛
وہ میری چٹّان ہیں، اَور اُن میں ناراستی نہیں۔“
Source notes (1)
- Footnote میرا سینگ آپ نے مُجھے جنگلی بیل کی طرح مضبُوط بنایا ہے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.