Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 84
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ گِتّیت کے سُرپر مَبنی بنی قورحؔ کی تصنیف ایک زبُور۔
اَے قادرمُطلق یَاہوِہ،
آپ کی قِیام گاہ کیا ہی دلکش ہے۔
میری جان یَاہوِہ کی بارگاہوں کے لیٔے تڑپتی ہے
بَلکہ بےچین ہو جاتی ہے،
میرا دِل اَور میرا جِسم زندہ خُدا کے لیٔے
خُوشی سے للکارتے ہیں۔
اَے قادرمُطلق یَاہوِہ، میرے بادشاہ اَور میرے خُدا!
آپ کے مذبح کے نزدیک، چڑیا نے بھی اَپنا آشیانہ پایا،
اَور ابابیل نے اَپنے لیٔے گھونسلہ،
جہاں وہ اَپنے بچّے رکھ سکے۔
مُبارک ہیں وہ جو آپ کے گھر میں بستے ہیں؛
وہ ہمیشہ آپ کی سِتائش کرتے رہیں گے۔
مُبارک ہیں وہ آدمی جو آپ سے قُوّت پاتے ہیں،
جِن کے دِل میں کوہِ صِیّونؔ کی زیارت کا جذبہ موجزن ہے۔
وہ وادی بُکا میں سے گزرتے ہُوئے، اُسے چشموں کا مقام بنا دیتے ہیں؛
اَور موسمِ خزاں کی برسات بھی اُس میں پانی کے کیٔی گڑھے بنا دیتی ہے۔
پہلی بارش اُس علاقہ کو برکتوں سے معموُر کردیتی ہے۔
وہ طاقت پر طاقت پاتے جاتے ہیں،
یہاں تک کہ ہر ایک صِیّونؔ میں خُدا کے حُضُور مَیں حاضِر ہو جاتے ہیں۔
اَے یَاہوِہ، قادرمُطلق خُدا! میری دعا سُنیں؛
اَے یعقوب کے خُدا! میری طرف کان لگائیں۔
اَے خُدا، ہماری سِپر پر نظر کریں؛
اَپنے ممسوح بادشاہ پر آپ کی نظرِ التفات ہو۔
آپ کی بارگاہ میں ایک دِن
کسی اَور جگہ کے ہزار دِنوں سے بہتر ہے؛
میں اَپنے خُدا کے گھر کا دربان ہونا
بدکار لوگوں کے خیموں میں بسنے سے زِیادہ پسند کروں گا۔
کیونکہ یَاہوِہ خُدا آفتاب اَور سِپر ہیں؛
یَاہوِہ فضل اَور جلال بخشتے ہیں؛
اَور جِن کی روِش بے اِلزام ہو
اُنہیں کسی نِعمت سے محروم نہیں رکھتے۔
اَے قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا!
مُبارک ہے وہ آدمی جو آپ پر توکّل رکھتا ہے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.