Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 80

موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ ”عہد کے شُوشنؔ“ کے سُرپر مَبنی آسفؔ کا زبُور۔

اَے اِسرائیل کے چوپان، ہماری سُنیں،

خُدا جو گلّہ کی مانند یُوسیفؔ کی رہنمائی کرتے ہیں۔

خُدا جو کروبیم کے درمیان تخت نشین ہیں،

جلوہ گِر ہوں!

اِفرائیمؔ، بِنیامین اَور منشّہ کے سامنے

اَپنی قُدرت کو بیدار کریں؛

اَور آکر ہمیں بچائیں۔

اَے خُدا، ہمیں بحال کریں؛

اَپنے چہرہ کا نُور ہم پر جلوہ گِر فرمائیں،

تاکہ ہم نَجات پائیں۔

اَے یَاہوِہ، قادرمُطلق خُدا،

اَپنے لوگوں کی دعاؤں کے خِلاف

خُدا کا قہر کب تک بھڑکتا رہے گا؟

خُدا نے اُنہیں آنسُوؤں کی روٹی کھِلائی؛

اَور اُنہیں پیالے بھر بھرکے آنسُو پلائے۔

خُدا نے ہمیں اَپنے پڑوسیوں کے لیٔے تنازعہ کا باعث بنا دیا ہے،

اَور ہمارے دُشمن ہمارا مضحکہ اُڑاتے ہیں۔

اَے قادرمُطلق خُدا! ہمیں بحال کریں؛

اَپنے چہرہ کا نُور ہم پر جلوہ گِر فرمائیں،

تاکہ ہم بچ جایٔیں۔

خُدا مُلک مِصر سے ایک انگور کی بیل لے آئے؛

اَور قوموں1 کو اُکھاڑ کر اُسے لگایا۔

خُدا نے اُس کے لیٔے زمین تیّار کی،

اَور اُس نے جڑ پکڑ لی اَور سارے مُلک میں پھیل گئی۔

پہاڑ اُس کے سایہ سے،

اَور مضبُوط دیودار خُدا کی شاخوں سے ڈھک گیٔے۔

اُس نے اَپنی شاخیں سمُندر (بحرِ رُوم) تک،

اَور اُس کی ٹہنیاں دریا (دریائے فراتؔ) تک پھیلا دیں۔

خُدا نے اُس کی باڑیں کیوں گرا دیں،

کہ سَب آنے جانے والے انگور توڑتے ہیں؟

جنگلی سُؤر اُسے برباد کرتے ہیں

اَور جنگل کے جانور اُسے کھا جاتے ہیں۔

اَے قادرمُطلق خُدا! ہمارے پاس لَوٹ آئیں،

آسمان پر سے نیچے نگاہ کریں اَور دیکھیں!

اِس انگور کی بیل کی نگہبانی کریں،

جو جڑ خُدا کے داہنے ہاتھ نے لگائی ہے،

اَورجو شاخ خُدا نے اَپنے لیٔے بُلند کی ہے۔

خُدا کی تاک کاٹ ڈالی گئی اَور آگ میں جَلا دی گئی؛

اَور خُدا کی ڈانٹ سے ہی لوگ تباہ ہو جاتے ہیں۔

خُدا کا ہاتھ خُدا کی داہنی طرف کے اِنسان پر رہے،

یعنی اِبن آدمؔ پر جسے خُدا نے اَپنے لیٔے برپا کیا ہے۔

تَب ہم خُدا سے برگشتہ نہ ہوں گے؛

ہمیں بحال کریں اَور ہم خُدا کا نام لیا کریں گے۔

اَے یَاہوِہ، قادرمُطلق خُدا! ہمیں بحال کریں؛

اَپنے چہرہ کا نُور ہم پر جلوہ گِر فرمائیں،

تاکہ ہم بچ جایٔیں۔

Source notes (1)
  1. Footnote قوموں کنعانؔ کے لوگوں کو۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.