Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 79
آسفؔ کا زبُور۔
اَے خُدا، قومیں خُدا کی مِیراث میں داخل ہو گئی ہیں؛
اُنہُوں نے خُدا کے مُقدّس ہیکل کو ناپاک کیا ہے،
اُنہُوں نے یروشلیمؔ کو کھنڈر بنا دیا ہے۔
اُنہُوں نے خُدا کے خادِموں کی لاشوں کو
ہَوا کے پرندوں کے واسطے۔
اَور خُدا کے مُقدّسین کے گوشت کو زمین کے درندوں کی خُوراک بنا دیا ہے۔
اُنہُوں نے یروشلیمؔ کے چاروں طرف
اُن کا خُون پانی کی طرح بہایا ہے،
اَور اُنہیں دفن کرنے والا کویٔی نہیں ہے۔
ہم اَپنے ہمسایوں کے لیٔے ملامت کا،
اَور اَپنے آس پاس کے لوگوں کے لیٔے مذاق اَور تمسخر کا باعث بَن گیٔے۔
اَے یَاہوِہ، کب تک؟ کیا خُدا ہمیشہ تک خفا رہیں گے؟
خُدا کی غیرت کب تک آگ کی طرح بھڑکتی رہے گی؟
اَپنا قہر اُن قوموں پر اُنڈیل دیں
جو آپ کو نہیں جانتیں،
اَور اُن مملکتوں پر
جو خُدا کا نام نہیں لیتیں؛
کیونکہ اُنہُوں نے یعقوب کو کھا لیا
اَور اُن کے وطن کو تباہ کر دیا ہے۔
ہمارے آباؤاَجداد کے گُناہوں کو ہمارے خِلاف شُمار نہ کریں؛
خُدا کی رحمت ہم تک جلد پہُنچے،
کیونکہ ہم بہت ہی پست ہو چُکے ہیں۔
اَے ہمارے مُنجّی خُدا! اَپنے نام کے جلال کی خاطِر،
ہماری مدد کریں؛
اَپنے نام کی خاطِر
ہمیں نَجات دیں اَور ہمارے گُناہ بخش دیں۔
قومیں یہ کیوں کہیں کہ
”اُن کا خُدا کہاں ہے؟“
ہماری آنکھوں کے سامنے، قوموں پر واضح کر دیں
کہ خُدا ہی اَپنے خادِموں کے بہائے ہُوئے خُون کا اِنتقام لیتے ہیں۔
قَیدیوں کا کراہنا خُدا کے حُضُور تک پہُنچے؛
اَپنے بازو کی قُوّت سے اُنہیں بچا لیں جِن کے قتل کا حُکم صادر ہو چُکاہے۔
اَے خُداوؔند، ہمارے ہمسایوں نے جو لعنتیں آپ پر برسائی ہیں
خُدا اُنہیں سات گُنا بڑھا کر اُن ہی کے دامن میں ڈال دیں۔
تَب ہم جو خُدا کے لوگ اَور خُدا کی چراگاہ کی بھیڑیں ہیں،
ہمیشہ خُدا کی سِتائش کریں گے؛
اَور پُشت در پُشت
خُدا کی مدح سرائی کرتے رہیں گے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.