Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 72

شُلومونؔ کا زبُور۔

اَے خُدا، بادشاہ کو اَپنے اِنصاف سے،

اَور شہزادہ کو اَپنی راستبازی سے مُزیّن کریں۔

وہ راستی سے آپ کے لوگوں کی،

اَور اِنصاف سے آپ کے مُصیبت زدہ لوگوں کی عدالت کرےگا۔

پہاڑوں سے لوگوں کے لیٔے خُوشحالی کے،

اَور پہاڑیوں سے راستی کے پھل پیدا ہوں گے۔

لوگوں میں جو مُصیبت زدہ ہیں وہ اُن کے حُقُوق کا تحفُّظ کرےگا،

اَور مُحتاجوں کے بچّوں کو بچائے گا؛

اَور ظالِم کو چُورچُور کر دے گا۔

جَب تک سُورج اَور چاند قائِم ہیں،

آپ کے لوگ پُشت در پُشت آپ کا خوف مانیں گے۔

بادشاہ اُس کھیت پر مینہ کی مانند برسے گا جِس کی گھاس کاٹی گئی ہو،

اَور اُس بارش کی مانند آئے گا جو زمین کو سیراب کرتی ہے۔

اُس کے ایّام میں راستباز سرفراز ہوں گے؛

اَور جَب تک چاند قائِم ہے خُوب خُوشحالی رہے گی۔

وہ سمُندر سے سمُندر تک

اَور دریائے فراتؔ سے زمین کی اِنتہا تک حُکومت کرےگا۔

بیابان کے قبیلے اُس کے آگے جھُکیں گے

اَور اُس کے دُشمن خاک چاٹیں گے۔

ترشیشؔ1 اَور دُور دراز کے جزیروں کے بادشاہ

اُسے نذرانے پیش کریں گے؛

شیبا اَور سیبا کے بادشاہ

اُس کے لیٔے عطیات لائیں گے۔

سَب بادشاہ اُس کے آگے سَجدہ کریں گے

اَور ساری قومیں اُس کی اِطاعت کریں گی۔

بادشاہ فریاد کرنے والے مُحتاجوں،

اَور بے یارومددگار مُصیبت کے مارو کو چھُڑائے گا۔

وہ کمزوروں اَور مُحتاجوں پر ترس کھائے گا

اَور مُحتاجوں کو موت سے بچائے گا۔

وہ اُنہیں ظُلم و تشدّد سے رِہائی بخشےگا،

کیونکہ اُن کا خُون2 اُس کی نظر میں نہایت قیمتی ہے۔

اُس کی عمر دراز ہو!

شیبا کا سونا اُسے دیا جائے۔

لوگ ہمیشہ اُس کے حق میں دعا کرتے رہیں

اَور دِن بھر اُسے برکت دیتے رہیں۔

مُلک میں ہر طرف کثرت سے اناج ہو؛

پہاڑیوں کی چوٹیوں پر وہ لہلہائے۔

اُس کی پیداوار لبانونؔ کی طرح بڑھے؛

اَور شہری لوگ میدان کی گھاس کی مانند سرسبز رہیں گے۔

بادشاہ کا نام اَبد تک مُبارک ہو؛

اَور جَب تک سُورج ہے، وہ بھی قائِم رہے۔

اُس کے ذریعہ سَب قومیں برکت پائیں گی،

اَور وہ اُسے مُبارک کہیں گی۔

یَاہوِہ خُدا! اِسرائیل کے خُدا کی سِتائش ہو،

فقط وُہی عجِیب و غریب کام کرتے ہیں۔

بادشاہ کا جلالی نام اَبد تک مُبارک ہو؛

اَور ساری زمین اُن کے جلال سے معموُر ہو۔

آمین ثُمّ آمین۔

یِشائی کے بیٹے داویؔد کی دعائیں یہاں ختم ہوتی ہیں۔

Source notes (2)
  1. Footnote ترشیشؔ ترشیشؔ یعنی اِسپینؔ
  2. Footnote اُن کا خُون اُن کی زندگیاں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.