Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 68

موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔ ایک نغمہ۔

خُدا اُٹھیں، اُن کے دُشمن پراگندہ ہوں؛

اُن کے مُخالف اُن کے سامنے سے بھاگ جایٔیں۔

جِس طرح ہَوا دھوئیں کو اُڑا لے جاتی ہے، وَیسے ہی آپ اُنہیں اُڑا دیں؛

جَیسے موم آگ کے سامنے پگھل جاتا ہے،

وَیسے ہی بدکار لوگ خُدا کے سامنے فنا ہو جایٔیں۔

لیکن صادق شادمان ہوں

اَور خُدا کے سامنے خُوشی منائیں؛

وہ خُوب خُوش اَور مسرُور ہُوں۔

خُدا کے لیٔے نغمہ گاؤ، اُن کے نام کی مدح سرائی کرو،

اُن کی تعریف کرو جو بادلوں پر سواری کرتے ہیں۔ اُن کا نام یَاہوِہ ہے۔

اَور اُن کے سامنے خُوشی مناؤ۔

خُدا اَپنے مُقدّس قِیام1 میں،

یتیموں کا باپ اَور بیواؤں کا مُحافظ ہیں۔

خُدا تنہا اِنسان کا گھر بساتے ہیں،

اَور قَیدیوں کی نغموں سے قیادت کرتے ہیں؛

لیکن باغی خشک زمین میں رہتے ہیں۔

اَے خُدا، جَب آپ اَپنے لوگوں کے آگے آگے چلے،

اَور جَب آپ ویرانے میں سے گزرے،

تو زمین کانپ اُٹھی، آسمان نے مینہ برسایا،

اَور خُدا کے سامنے یعنی کوہِ سِینؔائی کے خُدا،

اَور اِسرائیل کے خُدا کے سامنے،

اَے خُدا، آپ نے خُوب مینہ برسایا؛

اَور اَپنی تھکی ہوئی مِیراث کو تازگی بخشی۔

آپ کی اُمّت اُس مُلک میں بس گئی،

اَور اَے خُدا، آپ نے اَپنے فیض سے، مسکینوں کی ضرورتیں پُوری کیں۔

خُداوؔند نے جو حُکم دیا،

خواتین کی ایک بڑی جماعت نے خُوشخبری کو سُنایا:

”بادشاہ کے دشمن اَور اُن کے لشکر فوراً بھاگ جاتے ہیں؛

اَور لشکرگاہوں میں لوگ مالِ غنیمت تقسیم کرتے ہیں۔

جَب تُم بھیڑوں کے باڑوں میں پڑے سو رہے ہوتے ہو،

تو میرے کبُوتر کے بازو چاندی سے،

اَور اُس کے پر چمکدار سونے سے منڈھے ہوتے ہیں۔“

جَب قادرمُطلق خُدا نے بادشاہوں کو مُلک میں پراگندہ کیا،

تو یُوں لگا گویا کوہِ ضلمُونؔ پر برف باری ہُوئی ہے۔

باشانؔ کے پہاڑ، معبُودوں کے نہایت دلکش پہاڑ ہیں؛

اَور باشانؔ کے پہاڑ بہت اُونچے بھی ہیں۔

لیکن اَے اُونچے پہاڑو! تُم اُس پہاڑ پر کیوں حَسد بھری نظر ڈالتے ہو،

جسے خُدا نے اَپنی سکونت کے لیٔے اِنتخاب کیا ہے،

اَور جہاں یَاہوِہ اَبد تک سکونت پذیر ہوں گے؟

خُدا کے رتھ ہزارہا ہیں

بَلکہ ہزاروں ہزار ہیں؛

خُداوؔند پاک کوہِ سِینؔائی سے اَپنے مَقدِس میں آئے۔

جَب وہ آسمان پر چڑھے،

تو قَیدیوں کو اَپنے ساتھ لے گیٔے؛

آپ نے اَپنی اُمّت سے،

بَلکہ باغی اِنسانوں سے بھی انعامات قبُول فرمایٔے۔

تاکہ اَے یَاہوِہ، خُدا وہاں سکونت کر سکیں۔2

یَاہوِہ ہمارے مُنجّی خُداوؔند کی سِتائش ہو،

جو روزانہ ہمارے بوجھ اُٹھاتے ہیں۔

ہمارے خُدا وہ خُدا ہیں جو بچاتے ہیں؛

موت سے نَجات یَاہوِہ قادر کی طرف سے ملتی ہے۔

یقیناً خُدا اَپنے دُشمنوں کے سَر،

اَور اُن لوگوں کی بالدار کھوپڑیاں

کُچل ڈالیں گے جو مُتواتر گُناہ کرتے رہتے ہیں۔

خُداوؔند فرماتے ہیں: ”میں اُنہیں باشانؔ سے لے آؤں گا؛

بَلکہ میں اُنہیں سمُندر کی تہہ سے بھی نکال لاؤں گا،

تاکہ تُم اَپنے پاؤں اَپنے مُخالفوں کے خُون میں تر کر سکو،

اَور تمہارے کُتّوں کی زبانیں بھی اَپنا حِصّہ پائیں۔“

اَے خُدا، آپ کا جلوس سَب کی نگاہ میں ہے،

میرے خُدا اَور بادشاہ کی پاک مَقدِس میں تشریف آوری کا جلوس۔

موسیقار آگے آگے ہیں اَور سازندے اُن کے پیچھے ہیں؛

اَور اُن کے ساتھ دف بجاتی ہُوئی جَوان لڑکیاں ہیں۔

بڑے مجمع میں خُدا کی مدح سرائی کرو؛

اِسرائیل کے مجمع میں یَاہوِہ کو مُبارک کہو۔

کہیں بِنیامین کا چھوٹا قبیلہ اُن کی قیادت کر رہاہے،

تو کہیں یہُوداہؔ کے اُمرا کا بڑا ہُجوم،

اَور کہیں زبُولُون اَور نفتالی کے اُمرا نظر آتے ہیں۔

اَے خُدا، اَپنی قُدرت کو ظاہر کریں،

اَے خُدا، ہمیں وُہی قُدرت دِکھائیں جِس سے آپ نے اِس سے قبل ہماری مدد کی تھی۔

آپ کے یروشلیمؔ کے ہیکل کے سبب سے

بادشاہ آپ کی لیٔے عطیات لائیں گے۔

نَیستان کے سرکنڈوں کے درمیان حَیوان کو، اَور سانڈوں کے گلّہ کو

جو قوموں کے بچھڑوں کے درمیان ہیں،

اُن کو دھمکا دیں، تاکہ عاجز ہوکر وہ چاندی کی اینٹیں لائیں۔

اُن قوموں کو پراگندہ کر دیں جو جنگ کا شوق رکھتی ہیں۔

مِصر سے سفیر آئیں گے؛

اَور کُوشؔ3 خُدا کے طابع ہو جائے گا۔

اَے زمین کی مملکتو! خُدا کے لیٔے گاؤ،

خُداوؔند کی مدح سرائی کرو،

جو قدیم آسمانوں پر سواری کرتے ہیں،

اَورجو زوردار آواز سے گرجتے ہیں۔

خُدا کی قُدرت کا اعلان کرو،

جِن کی حشمت اِسرائیل میں،

اَور جِن کی قُدرت آسمانوں پر ہے۔

اَے خُدا، آپ اَپنے پاک مَقدِس میں مُہیب ہیں؛

اِسرائیل کے خُدا اَپنی اُمّت کو قُوّت اَور طاقت بخشتے ہیں۔

خُدا کی تمجید ہو!

Source notes (3)
  1. Footnote مُقدّس قِیام آسمانی مقام
  2. Footnote اِفِ 4‏:8‏
  3. Footnote کُوشؔ ایتھوپیائی

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.