Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 59

موسیقی ہدایت کار کے لئے۔ ”التشخیتھ“ کے سُرپر مَبنی داویؔد کا مِکتام‏ کی تصنیف۔ جَب شاؤل نے لوگوں کو داویؔد کے گھر کو گھیر لینے کے لیٔے بھیجا تاکہ اُنہیں ہلاک کر دیا جائے۔

اَے خُدا، مُجھے میرے دُشمنوں سے رِہائی بخشیں؛

میرے خِلاف اُٹھنے والوں سے میری حِفاظت کریں۔

مُجھے بدکرداروں سے چھُڑائیں

اَور خُونخوار آدمیوں سے بچائیں۔

دیکھو، وہ کیسے مُجھے ہلاک کرنے کی تاک میں بیٹھے ہیں!

اَے یَاہوِہ، مَیں نے کویٔی خطا یا گُناہ نہیں کیا

تو بھی خُونخوار لوگ میرے خِلاف سازش کر رہے ہیں۔

مَیں نے کویٔی قُصُور نہیں کیا تو بھی

وہ مُجھ پر حملہ کرنے کے لیٔے تیّار بیٹھے ہیں۔

میری مدد کے لیٔے اُٹھیں، میری حالت دیکھیں!

اَے قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا، اِسرائیل کے خُدا،

سَب قوموں کو سزا دینے کے لیٔے جاگیں؛

کسی بھی بدکار دغاباز پر رحم نہ کریں۔

میرے دشمن شام کو کُتّوں کی مانند غرّاتے ہُوئے لَوٹ آتے ہیں،

اَور شہر کے گِرد گشت لگاتے ہیں۔

دیکھو، وہ اَپنے مُنہ سے کیا اُگلتے ہیں،

اُن کے لبوں سے تلواریں نکلتی ہیں،

وہ اَپنے آپ سے کہتے ہیں، ”اَب کویٔی سُننے والا نہیں؟“

لیکن اَے یَاہوِہ، آپ اُن پر قہقہہ لگائیں؛

آپ اُن سَب قوموں کا مضحکہ اُڑائیں۔

اَے میری قُوّت! مُجھے آپ کی ہی آس ہے؛

اَے خُدا، آپ میرا قلعہ ہیں،

میرے خُدا، میرے حبیب۔

خُدا میرے آگے آگے چلیں گے،

اَور مُجھ پر بہتان باندھنے والوں پر مُجھے خُوش ہونے کا موقع دیں گے۔

لیکن اَے خُداوؔند، اَے ہماری سِپر، اُنہیں قتل نہ کریں،

کہیں اَیسا نہ ہو کہ میرے لوگ بھُول جائیں۔

بَلکہ اَپنی قُدرت سے اُنہیں مُنتشر کر دیں

اَور اُنہیں پست کر دیں۔

تاکہ اَپنے مُنہ کے گُناہوں،

اَور اَپنے لبوں کے کلام کے باعث،

وہ اَپنے غُرور میں پکڑے جایٔیں۔

اُن کی لعنت اَور دروغ گوئی کے باعث،

اُنہیں اَپنے غضب میں فنا کر دیں،

یہاں تک کہ وہ نِیست و نابود ہو جایٔیں۔

تَب دُنیا کی اِنتہا تک سَب کو مَعلُوم ہو جائے گا

کہ خُدا یعقوب پر حُکمرانی کرتے ہیں۔

میرے دشمن شام کو،

کُتّوں کی مانند غرّاتے ہُوئے لَوٹ آتے ہیں،

اَور شہر کے گِرد گشت لگاتے ہیں۔

وہ کھانے کے لیٔے مارے مارے پھرتے ہیں

اَور اگر سَیر نہ ہوں تو چیختے چلاّتے ہیں۔

لیکن مَیں آپ کی قُدرت کا نغمہ گاؤں گا،

اَور صُبح کو آپ کی شفقت و مَحَبّت کا نغمہ گاؤں گا؛

کیونکہ آپ میرا قلعہ ہیں،

مُصیبت میں میری پناہ گاہ۔

اَے میری قُوّت! مَیں آپ کی مدح سرائی کروں گا؛

کیونکہ اَے خُدا آپ میرا قلعہ ہیں،

اَور میرے حبیب خُدا ہیں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.