Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 57
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ ”التشخیتھ“ کے سُرپر مَبنی داویؔد کا زبُور۔ مِکتام جَب وہ شاؤل سے بچ کر غار میں چھُپے ہُوئے تھے۔
مُجھ پر رحم کریں اَے خُدا، مُجھ پر رحم کریں،
کیونکہ آپ میں میری جان پناہ لیتی ہے۔
جَب تک آفت ٹل نہ جائے
مَیں آپ کے پروں کے سایہ میں پناہ لُوں گا۔
مَیں خُداتعالیٰ سے فریاد کرتا ہُوں،
اُس خُدا سے جو مُجھے بے قُصُور ٹھہراتا ہے۔
وہ آسمان سے جَواب دیں گے اَور مُجھے بچا لیں گے،
اَورجو مُجھے ستاتے ہیں اُنہیں تنبیہ کرتے ہیں؛
خُدا اَپنی شفقت و مَحَبّت اَور صداقت بھیجتے ہیں۔
میں شیر ببروں کے درمیان ہُوں،
میں بھُوکے درندوں کے درمیان پڑا ہُوا ہُوں۔
یعنی اَیسے اِنسانوں کے درمیان جِن کے دانت گویا نیزے اَور تیر ہیں،
اَور جِن کی زبانیں تیز تلواروں کی مانند ہیں۔
اَے خُدا آپ آسمان کے اُوپر سرفراز ہوں؛
آپ کا جلال ساری زمین پر ہو۔
میرے دُشمنوں نے میرے پاؤں کے لیٔے جال پھیلایا ہے۔
میری کمر درد کے مارے جھُک گئی ہے۔
اُنہُوں نے میری راہ میں گڑھا کھودا تھا،
لیکن وہ خُود اُس میں گِر گیٔے۔
میرا دِل ثابت قدم ہے اَے خُدا،
میرا دِل ثابت قدم ہے؛
میں گاؤں گا اَور نغمہ سرائی کروں گا۔
اَے میری جان بیدار ہو!
اَے بربط اَور سِتار بیدار ہو!
میں صُبح کو بیدار کر دُوں گا۔
اَے خُداوؔند، میں قوموں میں آپ کی سِتائش کروں گا؛
اَور مُختلف مُلکوں میں آپ کی حَمد کروں گا۔
کیونکہ آپ کی شفقت و مَحَبّت آسمانوں سے بھی بُلند ہے؛
اَور آپ کی صداقت فَضا تک پہُنچتی ہے۔
اَے خُدا آپ آسمان کے اُوپر سرفراز ہوں؛
اَور آپ کا جلال ساری زمین پر ہو۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.