Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 45

موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ ”شُوشنؔ“ کی دھُن پر مَبنی۔ بنی قورحؔ کی تصنیف۔ ایک مشکیل‏ ایک نغمۂ عروسی۔

جَب مَیں بادشاہ کے حق میں اَپنے اشعار سُنانے لگتا ہُوں

تو میرے دِل میں ایک نفیس موضوع جوش مارتا ہے؛

میری زبان ایک ماہر کاتب کا قلم بَن جاتی ہے۔

آپ بنی نَوع اِنسان میں سَب سے زِیادہ شکیل ہیں

آپ کے ہونٹ فضل سے بھرے ہُوئے ہیں،

کیونکہ خُدا نے آپ کو ہمیشہ کے لیٔے برکت دی ہے۔

اَے زبردست! اَپنی تلوار کو اَپنی کمر پر کس لیں؛

اَور شان و شوکت سے مُسلّح ہو جائیں۔

اَور سچّائی اَور حلیمی اَور راستبازی کی خاطِر

شان و شوکت کے ساتھ فاتحانہ اَنداز سے سوار ہو جائیں؛

اَور اَپنے داہنے ہاتھ کو مُہیب کارنامے اَنجام دینے دیں۔

آپ کے تیز تیر بادشاہ کے دُشمنوں کے دِلوں کو چھید ڈالیں؛

اَور قومیں آپ کے قدموں میں گِر جایٔیں۔

اَے خُدا، آپ کا تخت ابدُالآباد تک قائِم رہے گا؛

آپ کی بادشاہی کا عصا اِنصاف کا عصا ہوگا۔

آپ نے راستبازی سے مَحَبّت اَور بدکاری سے نفرت رکھی؛

اِس لیٔے خُدا یعنی آپ کے خُدا نے آپ کو شادمانی کے تیل سے مَسح کرکے

آپ کے ساتھیوں کی نِسبت آپ کو زِیادہ سرفراز کیا۔

آپ کے ہر لباس سے مُر، عُود اَور تج کی خُوشبو آتی ہے؛

ہاتھی دانت سے سجے ہُوئے محلوں میں سے آتی ہُوئی

تاردار سازوں کی موسیقی آپ کو خُوش کرتی ہے۔

آپ کی سلطنت میں مُعزّز خواتین کے عہدے پر بادشاہوں کی شاہزادیاں ہیں؛

شاہی دُلہن آپ کے داہنے ہاتھ کھڑی ہے جو اوفیرؔ کے سونے سے آراستہ ہے۔

اَے شہزادی! سُنیں، غور کریں اَور کان لگائیں:

اَپنے لوگوں اَور اَپنے باپ کے گھر کو بھُول جاؤ۔

بادشاہ تمہارے حُسن کا گرویدہ ہیں؛

کیونکہ وہ آپ کے خُداوؔند ہیں تُم اُن کو سَجدہ کرو۔

صُورؔ شہر کی شہزادی تحفہ لے کر آئے گی،

اُمرا آپ کی نظرِکرم کے مُحتاج ہوں گے۔

بادشاہ کی شہزادی اَپنی خلوت گاہ میں عظمت و جلال کا پیکر بنی ہُوئی ہے؛

اُس کا چوغہ سُنہری کشیدہ کاری سے مُزیّن ہے۔

وہ کشیدہ کاری لباس پہنے ہُوئے بادشاہ کے پاس پہُنچائی جاتی ہے؛

اُن کی کنواری سہیلیاں جو اُن کے پیچھے پیچھے چلتی ہیں،

تمہارے سامنے اُن کو حاضِر کیا جائے گا۔

خُوشی اَور مسرّت اُن کے ہمراہ ہے؛

اَور وہ بادشاہ کے محل میں داخل ہُوئی ہیں۔

آپ کے بیٹے آپ کے آباؤاَجداد کے جانشین ہوں گے؛

اَور تُم سارے اُمراؤں کو مُلک میں حاکم مُقرّر کروگے۔

مَیں آپ کی یاد کو پُشت در پُشت قائِم رکھوں گا؛

اِس لیٔے قومیں ابدُالآباد تک آپ کی سِتائش کریں گی۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.