Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 41
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔
مُبارک ہے وہ جو کمزور کا خیال رکھتا ہے؛
یَاہوِہ اُسے مُصیبت کے وقت بچاتے ہیں۔
یَاہوِہ اُس کی حِفاظت کریں گے اَور اُسے زندہ رکھیں گے؛
اَور اُسے زمین پر برکت دیں گے
اَور اُسے اُس کے حریفوں کی مرضی پر نہ چھوڑیں گے۔
یَاہوِہ اُسے اُس کے بِستر علالت پر سنبھالیں گے
اَور اُسے بیماری کے بِستر سے اُٹھا کھڑا کریں گے۔
مَیں نے دعا کی: ”اَے یَاہوِہ، مُجھ پر رحم کریں؛
مُجھے شفا بخشیں کیونکہ مَیں نے آپ کے خِلاف گُناہ کیا ہے۔“
میرے دُشمن عداوت سے میرے متعلّق کہتے ہیں کہ
”یہ کب مَرے گا اَور اُس کا نام کب مٹے گا؟“
جَب کویٔی میری عیادت کو آتا ہے،
تو وہ جھُوٹ بَکتا ہے اَور اُس کا دِل بدی کی باتوں سے بھرا ہوتاہے؛
تَب وہ باہر جا کر اُس کا ذِکر کرتا ہے۔
میرے سارے دُشمن میرے خِلاف سرگوشی کرتے ہیں؛
وہ میرے بارے میں اَپنے ذہن میں بُرے خیالات رکھتے ہیں
اَور کہتے ہیں، ”اُسے کویٔی گھِنونا مرض لاحق ہو گیا ہے؛
اَور جہاں وہ اَب پڑا ہے وہاں سے ہرگز نہ اُٹھ پایٔےگا۔“
بَلکہ میرے عزیز دوست نے بھی،
جِس پر مُجھے بھروسا تھا،
اَورجو میری روٹی کھاتا ہے،
وُہی مُجھ پر لات اُٹھاتا ہے۔1
لیکن اَے یَاہوِہ، آپ مُجھ پر رحم کریں؛
مُجھے اُٹھا کھڑا کریں تاکہ میں اُنہیں بدلہ دُوں۔
اُس سے میں جان گیا کہ آپ مُجھ سے خُوش ہیں،
کہ میرا دُشمن مُجھ پر فتح نہیں پاتا۔
آپ میری راستی میں مُجھے سنبھالتے ہیں
اَور ہمیشہ اَپنی حُضُوری میں قائِم رکھتے ہیں۔
بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ،
اَزل سے اَبد تک سِتائش ہو،
آمین ثُمّ آمین۔2
Source notes (2)
- Footnote 2 سمو 15:12؛ یُوح 13:18؛ اعما 1:16
- Footnote لُوق 1:68؛ زبُور 106:48
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.