Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 35
داویؔد کا زبُور۔
اَے یَاہوِہ، جو مُجھ سے جھگڑتے ہیں آپ اُن سے جھگڑیں؛
اَورجو مُجھ سے لڑتے ہیں آپ اُن سے لڑیں۔
سِپر اَور ڈھال لے کر؛
کھڑا ہو اَور میری مدد کے لیٔے آجائیے۔
میرا تعاقب کرنے والوں کے راستہ میں
نیزہ لے کر کھڑا ہو جائیے۔
میری جان سے کہو،
”مَیں آپ کی نَجات ہُوں۔“
جو میری جان کے خواہاں ہیں
وہ رُسوا اَور شرمندہ ہُوں؛
جو میری بربادی کا منصُوبہ باندھتے ہیں
وہ دہشت زدہ ہوکر پسپا کئے جایٔیں۔
وہ اَیسے ہو جایٔیں جَیسے ہَوا کے آگے بھُوسی،
اَور یَاہوِہ کا فرشتہ اُنہیں ہانکتا رہے؛
اُن کی راہ تاریک اَور پھسلنی ہو جائے،
اَور یَاہوِہ کا فرشتہ اُن کو رگیدتا چلا جائے۔
کیونکہ اُنہُوں نے بلاوجہ میرے لیٔے جال بچھایا ہے
اَور ناحق میرے لیٔے گڑھا کھودا ہے،
اُن پر ناگہاں تباہی آ جائے،
اَورجو جال اُنہُوں نے بچھایا ہے اُس میں وہ خُود ہی جا پھنسیں،
وہ گڑھے میں گِر جایٔیں اَور تباہ ہوں۔
تَب میری جان یَاہوِہ میں خُوش ہوگی
اَور اُن کی نَجات سے شادمان ہوگی۔
میرا کُل وُجُود یہ کہے گا،
”اَے یَاہوِہ، آپ کی مانند کون ہے؟
آپ غریبوں کو اُن کے ہاتھ سے جو زِیادہ زورآور ہیں،
اَور مسکینوں اَور مُحتاجوں کو غارت گروں سے چُھڑاتے ہیں۔“
سنگدل گواہ میرے خِلاف اُٹھ کھڑے ہوتے ہیں؛
اَور مُجھ سے اَیسی باتوں کے متعلّق پُوچھتے ہیں جنہیں میں نہیں جانتا۔
وہ مُجھ سے نیکی کے بدلے بدی کرتے ہیں
اَور میری جان کو لاچار کر دیتے ہیں۔
تو بھی جَب وہ بیمار تھے تو مَیں نے ٹاٹ اوڑھا
اَور روزے رکھ کر نَفس کُشی کی۔1
جَب میری نامقبُول دعائیں میرے پاس لَوٹ آئیں۔
تو میں ماتم کرنے لگا
گویا اَپنے دوست یا بھایٔی کے لیٔے ہی کر رہا ہُوں۔
اَور غم کے مارے میرا سَر جھُک گیا
گویا میں اَپنی ماں کے لیٔے رو رہا ہُوں۔
لیکن جَب مَیں لڑکھڑایا تو وہ خُوش ہوکر اِکٹھّے ہو گئے؛
حملہ آور میرے خِلاف جمع ہو گئے اَور مُجھے اُس کا علم بھی نہ تھا۔
اَور مُجھ پر بہتان باندھنے سے باز نہ آئے۔
بےدینوں کی طرح اُنہُوں نے عداوت سے میرا مضحکہ اُڑایا؛
اَور مُجھ پر دانت پیسے۔
اَے خُداوؔند، آپ کب تک دیکھتے رہیں گے؟
میری جان کو اُن کی غارت گری سے،
ہاں، میری قیمتی جان اُن دُشمنوں سے چھُڑا لے
جو مُجھ پر شیروں کی مانند حملہ کرتے ہیں۔
مَیں بڑے اِسرائیلی مجمع میں آپ کا شکریہ اَدا کروں گا؛
مَیں لوگوں کے ہُجوم میں آپ کی سِتائش کروں گا؛
جو لوگ ناحق میرے دُشمن بَن گیٔے ہیں
وہ مُجھ پر شادیانے نہ بجائیں؛
جو بلاوجہ مُجھ سے کینہ رکھتے ہیں
وہ چشمک زنی نہ کریں۔
کیونکہ وہ صُلح کی باتیں نہیں کرتے،
بَلکہ مُلک کے اَمن پسندوں کے خِلاف بھی
جھُوٹے اِلزام لگاتے ہیں۔
وہ میرے، سامنے مُنہ پھاڑ پھاڑ کر کہتے ہیں، ”آہ! آہ!
ہم نے تو اَپنی آنکھوں سے دیکھ لیا۔“
اَے یَاہوِہ، آپ نے تو خُود یہ دیکھاہے؛ لہٰذا خاموش نہ رہیں۔
اَے خُداوؔند، مُجھ سے دُور نہ ہو۔
جاگیں اَور میرے بچاؤ کے لیٔے اُٹھیں!
اَے میرے خُدا اَور میرے خُداوؔند! میری عدالت کریں۔
اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! اَپنی صداقت کے مُطابق میرا اِنصاف کر؛
اُنہیں مُجھ پر شادمان نہ ہونے دیں۔
اُنہیں یہ سوچنے کا موقع نہ دے کہ آہا، ”یہی تو ہم چاہتے تھے!“
اَور نہ یہ کہنے کا، ”کہ ہم اُسے نگل گیٔے ہیں۔“
جو میری بربادی پر خُوش ہوتے ہیں
وہ شرمندہ اَور پریشان ہو جایٔیں؛
جو میرے مُقابلہ میں اَپنی بڑائی کی ڈینگیں مارتے ہیں،
وہ شرم اَور رُسوائی سے مُلبّس ہُوں۔
جو میرے بَری ہو جانے کے حق میں ہیں
وہ خُوشی اَور شادمانی سے للکاریں؛
اَور وہ ہمیشہ یہ کہیں، ”کہ یَاہوِہ کی تمجید ہو،
جو اَپنے خادِم کی سلامتی پر خُوش ہوتاہے۔“
میری زبان آپ کی راستبازی کا ذِکر کرےگی
وہ دِن بھر آپ کی سِتائش کرتی رہے گی۔
Source notes (1)
- Footnote نَفس کُشی کی ٹاٹ اوڑھنا اَور بغیر کھائے چلے جانا غم کے اِظہار کے طریقے تھے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.