Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 33

اَے راستبازو، یَاہوِہ کے حُضُور خُوشی سے گاؤ؛

کیونکہ اُن کی سِتائش کرنا راستبازوں کو زیب دیتاہے۔

سِتار کے ساتھ یَاہوِہ کی سِتائش کرو؛

دس تار والے بربط کے ساتھ اُس کے لیٔے نغمہ سرائی کرو۔

یَاہوِہ کے لیٔے کویٔی نیا نغمہ گاؤ؛

اَچھّی طرح ساز بجاؤ اَور خُوشی سے للکارو۔

کیونکہ یَاہوِہ کا یہ کلام حق اَور راست ہے؛

اَور اُس کے سَب کام وفاداری کے ہیں۔

یَاہوِہ راستبازی اَور اِنصاف کو پسند کرتا ہے؛

زمین اُس کی لافانی مَحَبّت سے معموُر ہے۔

آسمان یَاہوِہ کے کلام سے،

اَور اجرامِ فلکی اُس کے مُنہ کے دَم سے بنے۔

وہ سمُندر کا پانی گویا مرتبان میں جمع کرتا ہے؛

اَور گہرے سمُندروں کو اَپنے مخزنوں میں رکھتے ہیں۔

ساری زمین یَاہوِہ سے ڈرے؛

جہان کے سَب باشِندے اُس کا خوف مانیں۔

کیونکہ اُنہُوں نے فرمایا اَور زمین وُجُود میں آئی؛

اُنہُوں نے حُکم دیا اَور یہ قائِم ہو گئی۔

یَاہوِہ قوموں کے منصُوبوں کو خاک میں مِلا دیتاہے؛

اَور اُمّتوں کے اِرادوں کو پُورا نہیں ہونے دیتا۔

لیکن یَاہوِہ کے منصُوبے اَبد تک،

اَور اُس کے دِل کے اِرادے پُشت در پُشت قائِم رہتے ہیں۔

مُبارک ہے وہ قوم، جِس کا خُدا یَاہوِہ ہے،

اَور وہ اُمّت، جسے اُنہُوں نے اَپنی مِیراث کے لیٔے چُن لیا۔

یَاہوِہ آسمان میں سے نیچے نگاہ کرتا ہے،

اَور سَب بنی آدمؔ کو دیکھتا ہے؛

وہ اَپنی قِیام گاہ سے

زمین کے سَب باشِندوں پر نظر رکھتے ہیں۔

وُہی ہیں جو سَب کے دِلوں کو بناتے ہیں،

اَور اُن کے سَب کاموں کا خیال رکھتے ہیں۔

کویٔی بادشاہ اَپنی فَوج کی کثرت ہی کے باعث سلامت نہیں رہتا؛

اَور کسی سُورما کو اُس کی بڑی قُوّت بچا نہ سکے گی۔

فتح کے لئے گھوڑے پر اُمّید رکھنا فُضول ہے؛

اَپنی بڑی قُوّت کے باوُجُود وہ بچا نہیں سَکتا۔

دیکھو، یَاہوِہ کی آنکھیں اُس سے ڈرنے والوں پر،

اَور اُن پر لگی رہتی ہیں جِن کی اُمّید اُس کی لافانی مَحَبّت پر ہے،

تاکہ وہ اُنہیں موت سے چھُڑائے

اَور قحط کے وقت صحیح و سالِم رکھے۔

ہم یَاہوِہ پر آس لگائے بیٹھے ہیں؛

وہ ہماری مدد اَور ہماری سِپر ہے۔

اُس میں ہمارے دِل شادمان ہیں،

کیونکہ اُس کے پاک نام پر ہمارا توکّل ہے۔

اَے یَاہوِہ، آپ کی لافانی مَحَبّت ہم پر ہو،

ہماری آپ ہی پر آس ہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.