Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 29
داویؔد کا زبُور۔
اَے آسمانی مخلُوق! یَاہوِہ کی حَمد کرو،
صِرف یَاہوِہ ہی کے جلال اَور اُن کی قُدرت کی تعظیم کرو۔
یَاہوِہ کے نام کے مطابق اُن کو جلال دو؛
پاکیزگی کی شوکت میں ہوکر یَاہوِہ کی عبادت کرو۔
یَاہوِہ کی آواز زورآور سمُندر کی سطح پر گونجتی ہے؛
خُدائے ذُوالجلال گرجتے ہیں،
یَاہوِہ گھنے بادلوں کے اُوپر گرجتے ہیں۔
یَاہوِہ کی آواز میں قُدرت ہے؛
یَاہوِہ کی آواز جلالی ہے۔
یَاہوِہ کی آواز دیوداروں کو توڑ ڈالتی ہے؛
یَاہوِہ لبانونؔ کے دیوداروں کے ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالتے ہیں۔
یَاہوِہ لبانونؔ کو بچھڑے کی طرح،
اَور سِریُونؔ کو جنگلی سانڈ کی مانند کُداتے ہیں۔
یَاہوِہ کی آواز
بجلی کے شُعلوں سے ضرب لگاتی ہے۔
یَاہوِہ کی آواز بیابان کو ہلا دیتی ہے؛
یَاہوِہ قادِسؔ کے بیابان پر لرزہ طاری کر دیتے ہیں۔
یَاہوِہ کی آواز سے ہِرنیوں کے حَمل گِر جاتے ہیں؛
وہ جنگلوں کو بے برگ کردیتی ہے۔
اَور اُن کے ہیکل میں ہر کویٔی پُکار اُٹھتا ہے، ”یَاہوِہ کا جلال ہی جلال!“
یَاہوِہ طُوفان پر تخت نشین ہیں؛
بَلکہ یَاہوِہ ہمیشہ کے لیٔے بادشاہ بَن کر تخت نشین رہتے ہیں۔
یَاہوِہ اَپنی اُمّت کو قُوّت بخشتے ہیں؛
یَاہوِہ اَپنی اُمّت کو سلامتی کی برکت دیتے ہیں۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.