Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
زبُور 118
یَاہوِہ کا شُکر بجا لاؤ کیونکہ وہ بھلےہیں؛
اَور اُن کی شفقت اَبدی ہے۔
اِسرائیل کہے:
”اُن کی شفقت اَبدی ہے۔“
اَہرونؔ کا گھرانا1 کہے:
”اُن کی شفقت اَبدی ہے۔“
یَاہوِہ کا خوف ماننے والے کہیں:
”اُن کی شفقت اَبدی ہے۔“
مَیں نے مُصیبت میں یَاہوِہ کو پُکارا،
اُنہُوں نے میری سُنی اَور مُجھے چھُڑایا۔
یَاہوِہ میرے ساتھ ہیں، میں خوف نہ کروں گا۔
اِنسان میرا کیا بِگاڑ سَکتا ہے؟
یَاہوِہ میرے ساتھ ہیں، وہ میرے مددگار ہیں۔
اِس لیٔے میں فتح پاؤں گا اَور اَپنے دُشمنوں کا زوال دیکھوں گا۔
یَاہوِہ میں پناہ لینا
اِنسان پر بھروسا رکھنے سے بہتر ہے۔
یَاہوِہ میں پناہ لینا
اُمرا پر بھروسا رکھنے سے بہتر ہے۔
سَب قوموں نے مُجھے گھیرلیا،
لیکن یَاہوِہ کے نام سے میں اُنہیں کاٹ ڈالوں گا۔
وہ مُجھے ہر طرف سے گھیر لیتے ہیں،
لیکن یَاہوِہ کے نام سے میں اُنہیں نابود کر دُوں گا۔
اُنہُوں نے شہد کی مکھّیوں کی مانند مُجھے گھیرلیا،
لیکن وہ کانٹوں کی آگ کی طرح جلد بُجھ گیٔے؛
یَاہوِہ کے نام سے مَیں نے اُنہیں نابود کر دیا۔
مُجھے دھکیل دیا گیا اَور مَیں گرنے ہی کو تھا،
کہ یَاہوِہ نے میری مدد کی۔
یَاہوِہ میری قُوّت اَور میرا نغمہ ہیں؛
وہ میری نَجات بَن گئے۔
راستبازوں کے خیموں میں
خُوشی اَور فتح کی للکاریں گونج رہی ہیں:
”یَاہوِہ کے داہنے ہاتھ نے زبردست کام کئے ہیں!
یَاہوِہ کا داہنا ہاتھ بُلند ہُواہے؛
یَاہوِہ کے داہنے ہاتھ نے زبردست کام کئے ہیں!“
میں مروں گا نہیں بَلکہ جیتا رہُوں گا،
اَور بَیان کرتا رہُوں گا کہ یَاہوِہ خُدا نے کیا کیا ہے۔
یَاہوِہ نے مُجھے سخت تنبیہ تو کی،
لیکن اُنہُوں نے مُجھے موت کے حوالہ نہیں کیا۔
میرے لیٔے صداقت کے پھاٹک کھول دو؛
میں اُن میں سے داخل ہوکر یَاہوِہ کا شُکر بجا لاؤں گا۔
یہی یَاہوِہ کا پھاٹک ہے
جِس سے راستباز اَندر جا سکتے ہیں۔
مَیں آپ کا شُکر بجا لاؤں گا کیونکہ آپ نے میری دعا کا جَواب دیا؛
آپ خُود میری نَجات بَن گئے ہیں۔
جسے تُم مِعماروں نے ردّ کر دیا لیکن
وُہی کونے کے سِرے کا پتّھر ہو گئے؛
یہ کام یَاہوِہ نے کیا ہے،
اَور ہماری نظر میں یہ تعجُّب اَنگیز ہے۔
یہ وُہی دِن ہے جسے یَاہوِہ نے مُقرّر کیا؛
آؤ ہم اُس میں شادمان ہوں اَور خُوشی منائیں۔
اَے یَاہوِہ، ہمیں بچائیں؛
اَے یَاہوِہ، ہمیں کامیابی عنایت کریں۔
مُبارک ہے وہ جو یَاہوِہ کے نام سے آتا ہے۔
ہم تُمہیں یَاہوِہ کے گھر سے برکت بخشتے ہیں۔
یَاہوِہ ہی خُدا ہیں،
اَور اُنہُوں نے اَپنا نُور ہم پر چمکایا ہے۔
ہاتھ میں شاخیں لیٔے ہویٔے، مذبح کے سینگوں تک،
خُوشی کے جلوس میں شریک ہو جاؤ۔
آپ میرے خُدا ہیں، اَور مَیں آپ کا شُکر بجا لاؤں گا؛
آپ میرے خُدا ہیں اَور مَیں آپ کی تمجید کروں گا۔
یَاہوِہ کا شُکر بجا لاؤ کیونکہ وہ بھلےہیں؛
اَور اُن کی شفقت اَبدی ہے۔
Source notes (1)
- Footnote اَہرونؔ کا گھرانا اَہرونؔ کی اَولاد، کاہِنؔ
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.