Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 116

میں یَاہوِہ سے مَحَبّت رکھتا ہُوں کیونکہ اُنہُوں نے میری صدا سُنی؛

اُنہُوں نے میری مِنّت سُنی۔

چونکہ اُنہُوں نے میری طرف کان لگایا،

اِس لیٔے میں عمر بھر اُن سے دعا کرتا رہُوں گا۔

موت کی رسّیوں نے مُجھے جکڑ لیا،

اَور پاتال کی اَذیّت مُجھ پر آ پڑی؛

میں دُکھ اَور غم میں مُبتلا ہو گیا۔

تَب مَیں نے یَاہوِہ سے دعا کی:

”اَے یَاہوِہ، مُجھے بچا لیں!“

یَاہوِہ کریم اَور صادق ہیں؛

ہمارے خُدا رحیم ہیں۔

یَاہوِہ سادہ دِل لوگوں کی حِفاظت کرتے ہیں؛

اشد ضروُرت کے وقت اُنہُوں نے مُجھے بچا لیا۔

اَے میری جان، پھر سے مطمئن ہو جا،

کیونکہ یَاہوِہ نے تمہارے ساتھ بھلائی کی ہے۔

کیونکہ اَے یَاہوِہ آپ نے، میری جان کو موت سے،

اَور میری آنکھوں کو آنسُو بہانے سے،

اَور میرے پاؤں کو ٹھوکر کھانے سے بچایا ہے،

تاکہ میں زندوں کی دُنیا میں

یَاہوِہ کے حُضُور میں چلتا رہُوں۔

اِسی لیٔے جَب مَیں نے کہا،

”میں بڑی مُصیبت میں ہُوں“؛ تَب بھی میں اَپنے یَاہوِہ پر ایمان میں قائِم رہا۔

اَور مَیں نے مایوسی کے عالَم میں کہہ دیا:

”سَب لوگ جھُوٹے ہیں۔“

یَاہوِہ نے مُجھ پرجو جو مہربانیاں کی ہیں،

اُن کا مُعاوضہ میں کیسے اَدا کر سَکتا ہُوں؟

میں نَجات کا پیالہ اُٹھاکر

یَاہوِہ سے دعا کروں گا۔

میں یَاہوِہ کے لیٔے اَپنی مَنّتیں

اُس کی ساری اُمّت کے سامنے پُوری کروں گا۔

یَاہوِہ کی نگاہ میں

اُن کے مُقدّسین کی موت بیش قیمتی ہے،

اَے یَاہوِہ، واقعی مَیں آپ کا خادِم ہُوں؛

مَیں آپ کا خادِم اَور آپ کی خادِمہ کا فرزند ہُوں؛

آپ نے مُجھے میری زنجیروں سے آزاد کر دیا۔

مَیں آپ کے لیٔے شُکر گُزاری کی قُربانی چڑھاؤں گا،

اَور یَاہوِہ سے دعا کروں گا۔

میں یَاہوِہ کے لیٔے اَپنی مَنّتیں

اُن کی ساری اُمّت کے سامنے پُوری کروں گا،

یَاہوِہ کے گھر کے صحنوں میں،

اَے یروشلیمؔ، تمہارے درمیان۔

یَاہوِہ کی سِتائش کرو۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.