Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

زبُور 115

ہمیں نہیں، اَے یَاہوِہ، ہمیں نہیں،

بَلکہ آپ اَپنے ہی نام کو

اَپنی شفقت و مَحَبّت اَور سچّائی کے باعث جلال عطا فرمائیں۔

قومیں کیوں کہتی ہیں،

”اُن کا خُدا کہاں ہے؟“

ہمارے خُدا تو آسمان پر ہیں؛

وہ جو چاہتاہے وُہی کرتے ہیں۔

لیکن اُن کے بُت تو چاندی اَور سونا ہیں،

جو آدمی کی دستکاری ہیں۔

اُن بُتوں کے مُنہ ہیں لیکن وہ بول نہیں سکتے،

آنکھیں ہیں لیکن وہ دیکھ نہیں سکتے؛

اُن کے کان ہیں لیکن وہ سُن نہیں سکتے،

نتھنے ہیں لیکن وہ سونگھ نہیں سکتے؛

اُن کے ہاتھ ہیں لیکن وہ چھُو نہیں سکتے،

پاؤں ہیں لیکن وہ چل نہیں سکتے؛

نہ وہ اَپنے گلے سے آواز نکال سکتے ہیں۔

جو اُنہیں بناتے ہیں وہ اُن ہی کی مانند ہو جایٔیں گے،

اَور وہ سَب بھی جو اُن پر بھروسا رکھتے ہیں۔

اَے اِسرائیل کے گھرانے! یَاہوِہ پر توکّل کرو۔

وُہی اُن کی مدد اَور سِپر ہیں۔

اَے اَہرونؔ کے گھرانے!1 یَاہوِہ پر توکّل کرو۔

وُہی اُن کی مدد اَور سِپر ہیں۔

یَاہوِہ سے ڈرنے والے یَاہوِہ پر توکّل کرتے ہیں۔

وُہی اُن کی مدد اَور سِپر ہیں۔

یَاہوِہ ہمیں یاد رکھتے ہیں اَور ہمیں برکت دیں گے؛

وہ اِسرائیل کے گھرانے کو برکت دیں گے،

وہ اَہرونؔ کے گھرانے کو برکت دیں گے،

کیا چُھوٹے، کیا بڑے،

جو یَاہوِہ کا خوف مانتے ہیں، وہ اُنہیں برکت دیں گے۔

یَاہوِہ تُمہیں بڑھائے،

تُمہیں اَور تمہاری اَولاد کو بھی۔

تُم یَاہوِہ کی طرف سے برکت پاؤ،

جو آسمان اَور زمین کے خالق ہیں۔

سَب سے اُونچا آسمان یَاہوِہ کا ہے،

لیکن زمین اُنہُوں نے بنی آدمؔ کو دی ہے۔

مُردے یَاہوِہ کی سِتائش نہیں کرتے،

اَور نہ وہ جو خاموشی کے عالَم میں اُتر جاتے ہیں؛

بَلکہ ہم، اَب سے اَبد تک،

یَاہوِہ کو مُبارک کہیں گے۔

یَاہوِہ کی سِتائش کرو۔

Source notes (1)
  1. Footnote اَہرونؔ کے گھرانے! خُدا کے کاہِنؔ

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.