Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

امثال 6

حماقت کے خِلاف تنبیہ

اَے میرے بیٹے! اگر تُم نے اَپنے پڑوسی کی ضمانت دی ہے،

اَور اگر تُم نے کسی اجنبی سے شرط لگا کر ذمّہ داری قبُول کی ہے،

اگر تُم اَپنی ہی باتوں کے پھندے میں پھنس گئے ہو۔

اَور اَپنے ہی مُنہ کی باتوں سے پکڑے گئے ہو،

تو اَے میرے بیٹے! اَپنے آپ کو بچانے کی تدبیر کرو،

کیونکہ تُم اَپنے پڑوسی کے ہاتھ میں پڑ چُکے ہو:

جاؤ اَور نہایت خاکساری سے؛

اَپنے پڑوسی سے اِلتجا کرو!

اَپنی آنکھوں میں نیند نہ آنے دو،

اَور نہ اَپنی پلکوں کو جھپکنے دو۔

تُم اَپنے آپ کو ہِرنی کی مانند شِکاری کے ہاتھ سے،

اَور چڑیا کی مانند صیّاد کے جال سے چھُڑا لو۔

اَے کاہل! چیونٹی کے پاس جا؛

اَور اُس کی روِشوں پر غور کر اَور دانشمند بَن جا!

اُس کا کویٔی قائد نہیں ہوتا،

نہ ہی کویٔی نِگراں یا حاکم ہوتاہے،

تو بھی وہ گرمی کے موسم میں اَپنی خُوراک بٹورتی ہے

اَور فصل کٹتے وقت1 اَپنے لیٔے غِذا جمع کرتی ہے۔

اَے کاہل! تُو کب تک وہاں پڑا رہے گا؟

تُو اَپنی نیند سے کب بیدار ہوگا؟

تھوڑی سِی نیند، ذرا سِی جھپکی،

تھوڑی دیر ہاتھ پر ہاتھ دھرے پڑے رہنا۔2

تَب تُم پر راہزن کی مانند مفلسی

اَور مُسلّح آدمی کی مانند تنگ دستی آ پڑےگی۔

بدمعاش اَور بدکار آدمی،

جِس کا مُنہ بدگوئی سے بھرا ہُواہے،

جو آنکھ مارتا ہے،

اَور اَپنے پاؤں پٹکتا ہے

اَور اَپنی اُنگلیوں سے اِشارہ کرتا ہے،

جو اَپنے دِل میں مکر رکھ کر بُرے منصُوبے باندھتا ہے۔

اَور ہمیشہ فتنہ برپا کرتا ہے۔

اِس لیٔے اُس پر آفت ناگہاں آ پڑےگی؛

وہ بغیر کسی علاج کے یک لخت تباہ ہو جائے گا۔

چھ باتوں سے یَاہوِہ کو نفرت ہے،

بَلکہ سات ہیں جِن سے اُنہیں کراہیّت ہے:

مغروُر آنکھیں،

جھُوٹی زبان،

بے قُصُور کا خُون بہانے والے ہاتھ،

بدی کے منصُوبے باندھنے والا دِل،

شرارت کے لیٔے تیزرَو پاؤں،

جھُوٹا گواہ جو دروغ گوئی سے کام لیتا ہے

اَور وہ آدمی جو بھائیوں3 میں نفاق ڈالتا ہے۔

زنا کے خِلاف تنبیہ

اَے میرے بیٹے! اَپنے باپ کے اَحکام بجا لاؤ

اَور اَپنی ماں کی تعلیم کو ترک نہ کرو۔

اُنہیں اَپنے دِل پر ہمیشہ باندھے رکھو؛

اَور اَپنے گلے کا ہار بنالو۔

جَب تُم چلوگے تو وہ تمہاری رہنمائی؛

سوؤگے تو وہ تمہاری نگہبانی؛

اَور جَب جاگوگے تو وہ تُم سے باتیں کرےگی۔

کیونکہ یہ اَحکام چراغ، اَور یہ تعلیم رَوشنی ہے،

اَور تربّیت کے لیٔے سرزنش زندگی کی راہ ہے۔

جو تُمہیں بداخلاق عورت سے،

اَور بدچلن بیوی کی چاپلوس زبان سے بچاتا ہے۔

اُس کے حُسن پر اَپنے دِل میں شہوت سے مغلُوب نہ ہو

اَور اُس کی آنکھوں کا شِکار ہونے سے بچے رہنا۔

کیونکہ فاحِشہ تُمہیں روٹی کے ٹُکڑوں کا مُحتاج بنا دیتی ہے،4

اَور زانیہ تمہاری جان ہی کا شِکار کر لیتی ہے۔

کیا یہ ممکن ہے کہ آدمی اَپنے دامن میں آگ بٹورے

اَور اُس کے کپڑے نہ جلیں؟

کیا یہ ممکن ہے کہ کویٔی اَنگاروں پر چلے

اَور اُس کے پاؤں نہ جھلسیں؟

وہ آدمی بھی اَیسا ہی ہے جو کسی دُوسرے آدمی کی عورت کے پاس جاتا ہے؛

جو کویٔی اُسے چھُوئے وہ بے سزا نہ رہے گا۔

چور اگر بھُوک کے مارے اَپنا پیٹ بھرنے کے لیٔے چوری کرے

تو لوگ اُسے حقیر نہیں جانتے۔

لیکن اگر وہ چوری کرتا پکڑا جائے، تو اُسے سات گُنا اَدا کرنا ہوگا،

خواہ اُسے اَپنے گھر کا سارا مال ہی کیوں نہ دینا پڑے۔

جو آدمی زنا کرتا ہے وہ کم عقل ہے؛

اَیسا کرنے والا اَپنے آپ کو تباہ کر لیتا ہے۔

وہ گھونسے کھاتا اَور ذِلّت اُٹھاتا ہے،

اُس کی رُسوائی کبھی نہ مٹےگی؛

کیونکہ حَسد خَاوند کے قہر کو بھڑکاتا ہے،

اَور وہ اِنتقام کے وقت ہرگز ترس نہ کھائے گا۔

وہ کویٔی مُعاوضہ قبُول نہ کرےگا؛

اَور رشوت لینے سے بھی اِنکار کرےگا خواہ وہ کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہو۔

Source notes (4)
  1. Footnote فصل کٹتے وقت سردیوں کا موسم
  2. Footnote یہ سست کی بے عملی کی علامت ہے۔
  3. Footnote بھائیوں طبقہ یا برادری
  4. Footnote طوائف کی قیمت ایک روٹی کے برابر ہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.