Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

امثال 7

زانیہ کے خِلاف تنبیہ

اَے میرے بیٹے! میری باتوں کو مانو

اَور میرے حُکموں کو اَپنے دِل میں رکھو۔

میرے اَحکام بجا لاؤ تو تُم زندہ رہوگے؛

اَور میری تعلیم کی اَپنی آنکھ کی پتلی کی طرح حِفاظت کرنا۔

میری تعلیم اَپنی اُنگلیوں پر باندھ لینا؛

اَور اَپنے دِل کی تختی پر لِکھ لینا۔

حِکمت سے کہو، ”تُو میری بہن ہے،“

اَور فہم کو ”اَپنا رشتہ دار قرار دو،“

وہ تُمہیں زانیہ سے،

اَور گُمراہ بیوی اَور اُس کی شہوت پرست باتوں سے بچائے رکھے گی۔

مَیں نے اَپنے گھر کی کھڑکی

یعنی اَپنے جھروکے میں سے جھانکا۔

تَب مَیں نے نادان لوگوں میں،

اَور جَوانوں کے درمیان،

ایک نوجوان کو دیکھا جِس میں سمجھ کی کمی تھی۔

وہ اُس کے گھر کے موڑ کے پاس کی گلی پر چلا جا رہاتھا،1

اُس نے اُس کے گھر کی راہ لی

شام کے وقت جَب دِن ڈھل رہاتھا،

اَور رات کی تاریکی گہری ہو رہی تھی۔

ایک عورت اُس سے مِلنے آئی،

جو فاحِشہ کا لباس پہنے ہُوئے تھی اَور بڑی چالاک دِکھائی دیتی تھی۔

(وہ بُلند آواز اَور چنچل تھی،

اَور اُس کے پاؤں گھر میں نہیں ٹکتے تھے؛

کبھی کوچوں میں تو کبھی چوراہوں پر،

بَلکہ ہر موڑ پر وہ تاک میں بیٹھی رہتی تھی۔)

اُس نے اُسے پکڑکر چُوما

اَور نہایت بے حیائی سے اُس سے کہنے لگی:

”میرے گھر پر سلامتی کی نذروں کی قُربانیاں فرض تھیں

آج مَیں نے خُدا کے لئے اَپنی مَنّتیں پُوری کی ہیں۔

اِس لیٔے میں تُم سے مِلنے کو نکلی؛

مَیں نے تُمہیں تلاش کیا اَور تُمہیں پالیاہے!

مَیں نے اَپنے بِستر پر

مِصر کے رنگین سُوت کے پلنگ پوش بچھائے ہیں۔

مَیں نے اَپنے بِستر کو

مُر اَور عُود اَور دارچینی سے مہکایا ہے۔

آؤ، ہم صُبح تک پیار کے جام نوش کریں؛

اَور عشق بازی سے لُطف اَندوز ہوں!

میرا خَاوند گھر میں نہیں ہے؛

وہ لمبے سفر پر چلا گیا ہے۔

وہ رُوپوں سے بھری ہُوئی تھیلی اَپنے ساتھ لے گیا ہے

اَور پُورے چاند تک2 لَوٹ کر نہیں آئے گا۔“

اُس نے اَپنی میٹھی میٹھی باتوں سے اُسے پھُسلا لیا؛

اَور اَپنی چکنی چُپڑی باتوں سے اُسے بہکا لیا۔

احمق فوراً اُس کے پیچھے ہو لیا

جَیسے بَیل ذبح ہونے کے لیٔے جاتا ہو،

یا ہِرنی جال میں پھنسنے کے لیٔے

یہاں تک کہ ایک تیر اُس کے جگر کے پار ہو جاتا ہے،

جَیسے ایک چڑیا صیّاد کے دام کی طرف تیزی سے کھنچی چلی جاتی ہے۔

لہٰذا اَے میرے بیٹو! میری سُنو؛

مَیں جو کچھ کہتا ہُوں اُس پر دھیان دو۔

اَپنے دِل کو اَیسی عورت کی راہوں کی طرف مائل نہ ہونے دو

نہ اُس کے راستوں سے دھوکا کھاؤ۔

اُس نے کیٔی ایک کو شِکار کرکے مار گرایا ہے؛

اُس کے مقتول بے شُمار ہیں۔

اُس کا گھر پاتال کی شاہراہ ہے،

جو موت کی کوٹھریوں کی طرف لے جاتی ہے۔

Source notes (2)
  1. Footnote ایک بد اَخلاق عورت کا گھر
  2. Footnote پُورے چاند تک مہینے کے وَسط میں دو ہفتوں تک واپس نہیں آئے گا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.