Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

امثال 5

زنا کے خِلاف تنبیہ

اَے میرے بیٹے! میری حِکمت پر توجّہ کرو،

میرے فہم کی باتوں کو خُوب اَچھّی طرح سُنو،

تاکہ تُم نیکی اَور بدی میں تمیز کر سکو

اَور تمہارے لب علم کی حِفاظت کر سکیں۔

کیونکہ زانیہ کے لبوں سے شہد ٹپکتا ہے،

اَور اُس کی باتیں تیل سے بھی زِیادہ چکنی ہوتی ہیں؛

لیکن آخِر میں اُن کا مزا پِت کی مانند کڑوا ثابت ہوتاہے،

اَور دو دھاری تلوار کی مانند تیز۔

اُس کے پاؤں موت کی طرف بڑھتے ہیں؛

اَور اُس کے قدم پاتال تک لے جاتے ہیں۔

وہ راہِ زندگی کا کویٔی خیال نہیں کرتی؛

اُسے خبر تک نہیں کہ اُس کے راستے ٹیڑھے ہیں۔

اِس لیٔے اَے میرے بیٹو! میری سُنو؛

اَور مَیں جو کہُوں اُس سے برگشتہ نہ ہو۔

اَیسی راہ پر چلو جو اَیسی عورت سے دُورہو،

اَور اُس کے گھر کے دروازہ کے پاس بھی نہ جانا،

کہیں اَیسا نہ ہو کہ تُم اَپنی عزّت دُوسروں کے حوالہ کر دو

اَور اَپنے سال کسی ظالِم کو دے دو،

اَیسا نہ ہو کہ بیگانہ تمہاری دولت سے عید منائیں

اَور تمہاری محنت کی کمائی کسی اجنبی کے گھر جائے۔

اَپنی زندگی کے آخِر میں،

جَب تمہارا گوشت اَور تمہارا جِسم گھُل جایٔیں گے تَب تُم نوحہ کروگے۔

اَور تَب وہ شکوہ کرےگا، ”مَیں نے تربّیت سے کیسی عداوت رکھی!

اَور میرے دِل نے ملامت کو کیسے ٹھکرایا!

مَیں نے اَپنے اُستادوں کا کہا نہ مانا،

اَور اَپنی تربّیت کرنے والوں کی نہ سُنی۔

یہاں تک کہ میں ساری جماعت کے سامنے،

تقریباً ہر بُرائی میں مُبتلا کھڑا ہوں۔“

تُم اَپنے ہی حوض1 کا پانی پینا،

اَور اَپنے ہی کوئیں سے بہتا ہُوا پانی اِستعمال میں لانا۔

کیا تمہارے چشمے گلی کوچوں میں،

اَور پانی کی ندیاں چوراہوں میں بہہ جایٔیں؟

وہ صِرف تمہارے ہی لیٔے ہُوں،

تمہارے ساتھ اَور بیگانوں کے لیٔے نہیں۔

تمہارا سوتا مُبارک ہو،

اَور تُم اَپنی جَوانی کی بیوی کے ساتھ مسرُور رہو۔

جو ایک پیاری سِی ہِرنی اَور دلربا غزال کی مانند ہے۔

اُس کی چھاتِیاں تُمہیں ہمیشہ راحت بخشیں،

اَور اُس کی مَحَبّت کے تُم ہمیشہ فریفتہ رہو۔

اَے میرے بیٹے! تُم کسی زانیہ پر کیوں فریفتہ ہو؟

اَور کسی دُوسرے کی بیوی کو آغوش میں کیوں لو؟

کیونکہ اِنسان کی راہیں یَاہوِہ کی نگاہ میں ہیں،

اَور وہ اُس کی تمام راہوں کو جانچتے ہیں۔

بدکار کی بدکاریاں اُسے پھندے میں پھنسا لیتی ہیں؛

اُس کے گُناہوں کی رسّیاں اُسے مضبُوطی سے جکڑ لیتی ہیں۔

وہ تربّیت نہ پانے کے سبب،

اَور اَپنی حماقت کی کثرت کے باعث گُمراہ ہوکر ہلاک ہو جائے گا۔

Source notes (1)
  1. Footnote حوض ایک زمین دوز کمرہ، جسے بارش کا پانی جمع کرنے کے لیٔے اِستعمال کیا جاتا ہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.