Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

امثال 4

حِکمت کا درجہ نہایت ہی اعلیٰ ہے

اَے میرے بیٹو! باپ کی تربّیت پر کان لگاؤ؛

متّوجہ ہو اَور فہم حاصل کرو۔

میں تُمہیں اَچھّی باتیں سِکھا رہا ہُوں،

لہٰذا میری تعلیم کو ترک نہ کرنا۔

میں بھی کبھی اَپنے باپ کے گھر میں بیٹا تھا،

اَور ابھی نازک اندام اَور اَپنی ماں کا لاڈلا تھا،

تَب باپ نے مُجھے تعلیم دی اَور کہا:

”اَپنے سارے دِل سے میری باتوں کو اَپنالو؛

اَور میرے اَحکام بجا لاؤ اَور زندہ رہو۔

حِکمت حاصل کرو، فہم کو اَپنالو؛

میری باتوں کو فراموش نہ کرو اَور نہ اُن سے منحرف ہونا۔

حِکمت کو ترک نہ کرو اَور وہ تمہاری حِفاظت کرےگی؛

اُس سے مَحَبّت رکھو اَور وہ تمہاری نگہبانی کرےگی۔

حِکمت اعلیٰ ترین شَے ہے اِس لیٔے حِکمت حاصل کرو۔

خواہ تمہاری ساری پُونجی خرچ ہو جائے تو بھی فہم حاصل کرو۔

حِکمت کی قدر کرو، تو وہ تُمہیں سرفراز کرےگی؛

اُسے گلے لگا لو اَور وہ تُمہیں عزّت بخشے گی۔

وہ تمہارے سَر پر فضیلت کا سِہرا باندھے گی

اَور تُمہیں جلالی تاج عطا کرےگی۔“

اَے میرے بیٹے! سُنو اَور مَیں جو کچھ کہتا ہُوں اُسے قبُول کر لو،

اَور تمہاری عمر دراز ہوگی۔

مَیں نے تُمہیں حِکمت کی راہ بتایٔی ہے،

اَور راہ راست پر تمہاری رہنمائی کی ہے۔

جَب تُم چلوگے تو تمہارے قدموں میں رُکاوٹ پیش نہ آئے گی؛

اَور جَب تُم دَوڑوگے تو ٹھوکر نہ کھاؤگے۔

تربّیت کو پکڑے رہو؛ اُسے جانے نہ دو؛

اُس کی اَچھّی طرح حِفاظت کرو کیونکہ وہ تمہاری زندگی ہے۔

بدکاروں کے راستہ پر قدم نہ رکھنا،

نہ بدکرداروں کی راہ میں چلنا۔

اُس سے بچنا۔ اُن راہوں پر بھی مت جانا؛

اُس سے مُڑ کر اَپنی راہ الگ لینا۔

کیونکہ بدکار بُرائی کئے بغیر سو نہیں سکتے؛

اَور جَب تک وہ کسی کو گرا نہ دیں، اُنہیں نیند نہیں آتی۔

وہ بدی کی روٹی کھاتے ہیں

اَور ظُلم کا انگوری شِیرہ پیتے ہیں۔

راستبازوں کی راہ صُبح کی پہلی کِرن کی مانند ہوتی ہے،

جِس کی رَوشنی دوپہر تک بڑھتی ہی جاتی ہے۔

لیکن بدکاروں کی راہ گہری تاریکی کی مانند ہوتی ہے؛

وہ نہیں جانتے کہ وہ کِن چیزوں سے ٹھوکر کھا جایٔیں گے۔

اَے میرے بیٹے! میں جو کچھ کہتا ہُوں اُس پر توجّہ کرو؛

میرے کلام پر کان لگاؤ۔

اُسے اَپنی آنکھوں سے اوجھل نہ ہونے دینا،

بَلکہ اُنہیں اَپنے دِل میں رکھنا؛

کیونکہ جو اُسے پا لیتے ہیں، اُن کے لیٔے وہ زندگی ہے

اَور اِنسان کے سارے جِسم کے لیٔے صحت۔

سَب سے بڑھ کر اَپنے دِل کی حِفاظت کرنا،

کیونکہ وہ زندگی کا سرچشمہ ہے۔

اَپنے مُنہ کو کَج گوئی سے دُور رکھنا؛

اَور بدگوئی کو اَپنے لبوں کے پاس تک نہ آنے دینا۔

تمہاری آنکھیں سامنے ہی دیکھیں،

اَور تمہاری نگاہ آگے کی طرف جمی رہے۔

اَپنے پاؤں کے لیٔے ہموار راہیں تیّار کرو

اَور اُن ہی پُختہ راہوں پر قدم بڑھاؤ۔

نہ داہنے مُڑو نہ بائیں؛

بَلکہ اَپنے پاؤں کو بدی سے ہٹائے رکھو۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.