Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

نحمیاہ 4

تعمیر کی مُخالفت

جَب سنبلّطؔ نے سُنا کہ ہم فصیل کو دوبارہ تعمیر کر رہے ہیں تو وہ خفا ہُوا اَور غُصّہ سے آگ بگُولہ ہو گیا۔ اَور یہُودیوں کا مذاق اُڑانے لگا۔ وہ اَپنے ساتھیوں اَور سامریہؔ کی فَوج کی مَوجُودگی میں کہنے لگاکہ، ”یہ ناتواں یہُودی کیا کر رہے ہیں؟ کیا وہ اَپنی فصیل پھر سے کھڑی کر سکیں گے؟ کیا وہ قُربانیاں چڑھائیں گے؟ کیا وہ ایک ہی دِن میں سَب کچھ کر لیں گے؟ کیا وہ جلے ہُوئے پتّھروں کو کوڑوں کے ڈھیر سے نکال کر پھر سے نیا بنا سکیں گے؟“

طُوبیاہؔ عمُّونی نے جو اُس کے ساتھ تھا کہا، ”جو کچھ وہ تعمیر کر رہے ہیں اگر کویٔی لومڑی بھی اُس پر چڑھ جائے تو وہ پتّھروں کی اِس فصیل کو گرا دے گی۔“

اَے ہمارے خُدا! ہماری سُنیں کیونکہ ہماری تحقیر و توہین کی گئی ہے۔ اُن کی ملامت کو اُن ہی کے سَر ڈال دیں۔ اُنہیں اسیری کے مُلک میں مالِ غنیمت بنا کر رکھ دیں۔ اُن کے قُصُور آپ کی نگاہ سے مٹائے نہ جائیں اَور اُن کے گُناہ قائِم رہیں کیونکہ اُنہُوں نے مِعماروں کے سامنے بُرا بھلا کہا ہے۔

پس ہم نے فصیل کو دوبارہ تعمیر کیا یہاں تک کہ وہ اَپنی آدھی اُونچائی تک پہُنچ گئی کیونکہ لوگوں نے خُوب دِل لگا کر کام کیا تھا۔

لیکن جَب سنبلّطؔ، طُوبیاہؔ، عربوں، عمُّونیوں اَور اشدُودؔ کے لوگوں نے سُنا کہ یروشلیمؔ کی فصیل کی مرمّت شروع ہو چُکی ہے اَور شگاف بند کئے جا رہے ہیں تو وہ بڑے طیش میں آئے۔ اَور اُن سَب نے باہم مِل کر یروشلیمؔ کے خِلاف جنگ چھیڑ دینے کی سازش کی تاکہ شہر میں ابتری پھیل جائے۔ لیکن ہم نے اَپنے خُدا سے دعا کی اَور اُس خطرے کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے دِن رات پہرا بِٹھاتے رکھا۔

اِسی دَوران یہُوداہؔ کے لوگوں نے کہا، ”اَب مزدُوروں کے بازوؤں میں طاقت نہیں رہی اَور ملبہ ابھی تک وَیسے ہی پڑا ہُواہے۔ لگتا ہے کہ ہم فصیل تعمیر نہیں کر سکیں گے۔“

ہمارے دُشمنوں کا بھی کہنا ہے کہ، ”اِس سے پیشتر کہ ہمیں مَعلُوم ہو یا ہم اُنہیں دیکھ سکیں وہ ہمارے درمیان پہُنچ جایٔیں گے اَور ہمیں مار ڈالیں گے اَور کام بند کروا دیں گے۔“

تَب اُن یہُودیوں نے جو اُن کے قرب و جوار میں رہتے تھے آکر دس مرتبہ ہمیں یہی بات بتایٔی، ”خواہ ہم کہیں کا رُخ کریں دُشمن ہم پر حملہ کر دیں گے۔“

اِس وجہ سے فصیل کی سَب سے نیچی جگہوں کے پیچھے اُن مقامات پر جہاں سے حملہ کا خطرہ تھا مَیں نے کچھ لوگوں کو اُن کی تلواروں، نیزوں اَور کمانوں کے ساتھ اُن کے خاندانوں کے مُطابق تعینات کر دیا۔ اُس اِنتظام کے بعد مَیں نے کھڑے ہوکر اُمرا، اہلکاروں اَور دیگر لوگوں سے کہا، ”اُن سے مت ڈرو۔ یَاہوِہ کو یاد کرو جو عظیم اَور مُہیب ہے۔ اَور اَپنے خاندانوں، بیٹوں، بیٹیوں اَور اَپنی بیویوں اَور اَپنے گھروں کی خاطِر جنگ کرو۔“

جَب ہمارے دُشمنوں کو بھی مَعلُوم ہو گیا کہ ہمیں اُن کی سازش کا پتا چل گیا ہے اَور خُدا نے اُن کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے، تو ہم سَب اَپنے اَپنے کام پر فصیل کی طرف لَوٹ آئے۔

اُس دِن کے بعد سے میرے آدھے آدمی کام کرتے اَور باقی آدھے نیزوں، ڈھالوں، کمانوں اَور زرہ بکتر سے مُسلّح رہتے اَور وہ جو حاکم تھے یہُوداہؔ کے سارے لوگوں کے پیچھے مَوجُود رہتے تھے۔ جو فصیل تعمیر کر رہے تھے۔ اَور وہ جو بوجھ اُٹھاتے اَور ڈھوتے تھے اُن میں سے ہر ایک اَپنے ایک ہاتھ سے کام کرتا تھا اَور دُوسرے ہاتھ میں ہتھیار لیٔے رہتا تھا۔ اَور مِعماروں میں سے ہر ایک کام کرتے وقت اَپنی کمر پر تلوار باندھے رہتا تھا لیکن نرسنگا پھُونکنے والا آدمی میرے پاس مَوجُود رہتا تھا۔

پھر مَیں نے اُمرا، حُکاّم اَور باقی لوگوں سے کہا، ”کام بہت بڑا ہے اَور دُور تک پھیلا ہُواہے اَور ہم فصیل پر الگ الگ ایک دُوسرے سے دُور رہتے ہیں۔ لہٰذا جہاں کہیں بھی تُم نرسنگے کی آواز سُنو وہاں سے آکر ہمارے ساتھ شامل ہو جاؤ اَور ہمارے خُدا ہماری طرف سے لڑیں گے۔“

یُوں ہم پَو پھٹنے سے لے کر تاروں کے نکلنے تک آدھے نیزہ بردار آدمیوں کے ساتھ کام جاری رکھتے تھے۔ اُس وقت مَیں نے لوگوں سے یہ بھی کہا، ”ہر ایک آدمی اَپنے مددگار کے ہمراہ رات کو یروشلیمؔ کے اَندر ٹھہرے تاکہ رات کو وہ ہمارے لیٔے پہرا دیا کریں اَور دِن کو کام کیا کریں۔“ نہ میں، نہ میرے بھایٔی، نہ میرے آدمی اَور نہ میرے پہرےدار اَپنے کپڑے اُتارتے بَلکہ ہر کویٔی سِوائے نہاتے وقت ہتھیار بند ہی رہتا تھا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.