Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

نحمیاہ 1

نحمیاہ کی دُعا

نحمیاہ بِن حکلیاہؔ کے الفاظ:

بیسویں سال کے کِسلیو کے مہینے میں جَب مَیں شُوشنؔ کے قلعہ میں تھا۔ تو میرے بھائیوں میں سے ایک جِس کا نام حنانیؔ تھا۔ چند آدمیوں کے ساتھ یہُوداہؔ سے آیا۔ مَیں نے اُس سے پُوچھا کہ وہ یہُودی جو جَلاوطن ہونے سے باقی بچ گیٔے تھے کیسے ہیں اَور یروشلیمؔ کا کیا حال ہے؟

اُنہُوں نے مُجھے بتایا، ”وہ جو جَلاوطنی سے بچ گیٔے ہیں اَور صُوبہ میں رہتے ہیں بڑی مُصیبت اَور ذِلّت میں ہیں۔ یروشلیمؔ کی دیواریں ٹُوٹی پڑی ہیں اَور اُس کے پھاٹک آگ سے جَلا دیئے گیٔے ہیں۔“

جَب مَیں نے یہ باتیں سُنیں تو بیٹھ کر رونے لگا۔ مَیں نے کیٔی دِنوں تک ماتم کیا اَور روزہ رکھا اَور آسمان کے خُدا کے حُضُور دعا کی۔ پھر مَیں نے کہا:

”یَاہوِہ، آسمان کے خُدائے عظیم اَور مُہیب خُدا، جو اَپنے پیار کے عہد کو اُن لوگوں کے ساتھ رکھتے ہیں جو اُن سے مَحَبّت کرتے ہیں اَور اُن کے اَحکام پر عَمل کرتے ہیں۔ اَپنے بندہ کی اِس دُعا کو سُننے کے لیٔے اَپنے کان لگائیں اَور اَپنی آنکھیں کھُلی رکھیں جسے وہ دِن رات آپ کے خادِموں یعنی بنی اِسرائیل کے لیٔے کرتے ہیں۔ مَیں اُن گُناہوں کا اقرار کرتا ہُوں جو ہم اِسرائیلیوں نے، ساتھ ہی میں اَور میرا آبائی خاندان بھی شامل ہے آپ کے خِلاف کئے ہیں۔ ہم نے آپ کے خِلاف بڑی بدی کی ہے۔ یعنی ہم نے اُن اَحکام، قوانین اَور آئین کو نہیں مانا جو آپ نے اَپنے بندہ مَوشہ کو دئیے تھے۔

”اُن ہدایات کو یاد کریں جو آپ نے اَپنے خادِم مَوشہ کو دی تھیں، ’اگر تُم نافرمانی کروگے تو مَیں تُمہیں تمام قوموں کے درمیان پراگندہ کر دُوں گا۔ لیکن اگر تُم میری طرف پھروگے اَور میرے حُکموں کو مانوگے تو مَیں تمہارے لوگوں کو خواہ وہ زمین پر کہیں بھی جَلاوطن کئے گیٔے ہُوں جمع کرکے اُس جگہ لاؤں گا جسے مَیں نے اَپنے نام کو قائِم رکھنے کے لئے چُناہے۔‘

”وہ آپ کے خادِم اَور آپ کے لوگ ہیں جنہیں آپ نے اَپنی بڑی قُوّت اَور قوی ہاتھ کے ذریعہ چھُڑایا۔ یَاہوِہ اَپنے اِس خادِم کی دعا سُنیں اَور اَپنے اُن خادِموں کی دعاؤں پرجو آپ کے نام کی بڑی تعظیم کرتے ہیں کان لگائیں۔ جَب آپ کا خادِم اُس شخص (بادشاہ) کے حُضُور میں اَپنی درخواست لے کر جاتا ہے تو اَپنے خادِم پر کرم فرمائیں اَور اُسے کامیابی سے ہمکنار کریں۔“

اُس وقت میں بادشاہ کا ساقی تھا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.