Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
ناحُومؔ 1
نینوہؔ کی بابت نبُوّت۔ ناحُومؔ القوشی کی رُویا کی کِتاب۔
نینوہؔ کے خِلاف یَاہوِہ کا قہر
یَاہوِہ غیّور ہیں اَور اِنتقام لینے والے خُدا ہیں؛
یَاہوِہ اِنتقام لیتے ہیں اَور غضب سے معموُر ہیں۔
یَاہوِہ اَپنے مُخالفوں سے اِنتقام لیتے ہیں
اَور اَپنے دُشمنوں کے خِلاف اَپنے قہر کو نازل کرتے ہیں۔
یَاہوِہ قہر کرنے میں دھیمے اَور قُوّت میں غنی ہیں؛
یَاہوِہ مُجرم کو بے سزا نہ چھوڑیں گے۔
اُن کی راہ بگُولہ اَور گِردباد میں سے ہوکر گُزرتی ہے
اَور بادل اُن کے پاؤں کی گَرد ہیں۔
وہ سمُندر کو ڈانٹتے ہیں اَور اُسے سُکھا دیتے ہیں؛
وہ سَب دریاؤں کو سُکھا دیتے ہیں۔
باشانؔ اَور کرمِلؔ سُوکھ جاتے ہیں
اَور لبانونؔ کی کونپلیں مُرجھا جاتی ہیں۔
اُن کے سامنے پہاڑ کانپتے ہیں
اَور ٹیلے پگھل جاتے ہیں۔
اُن کے سامنے تمام دُنیا
اَور اُن میں رہنے والے تھرتھراتے ہیں۔
اُن کے قہر کا سامنا کون کر سکتا ہے؟
اَور کون اُن کے ہیبت ناک غضب کو برداشت کر سَکتا ہے؟
اُن کا غُصّہ آگ کی طرح نازل ہوتاہے؛
اُن کے سامنے چٹّانیں لرز جاتی ہیں۔
یَاہوِہ بھلےہیں اَور،
مُصیبت میں پناہ گاہ ہیں۔
جو اُن پر توکّل رکھتے ہیں، وہ اُن کی فکر کرتے ہیں،
لیکن وہ ایک بڑے سیلاب سے
نینوہؔ کو تباہ کر دیں گے؛
وہ اَپنے دُشمنوں کو تاریکی میں کھدیڑ دیں گے۔
یَاہوِہ کے خِلاف جو بھی منصُوبہ باندھیں گے
وہ اُسے مٹا دیں گے؛
مُصیبت دوبارہ نہ آئے گی۔
کیونکہ چاہے اُن کے دُشمن اُلجھے ہُوئے کانٹوں کی مانند پیچیدہ
اَور اَپنی مَے سے متوالے ہوں؛
تَو بھی وہ سُوکھنے کھونٹوں کی طرح جَل کر بھسم ہو جایٔیں گے۔
اَے نینوہؔ، تُجھ میں سے ایک شخص نِکلا ہے،
جو یَاہوِہ کے خِلاف بُرے منصُوبہ باندھتا ہے
اَور بُرائی کی سازش کرتا ہے۔
یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
اگرچہ اُن کے مددگار بے شُمار ہیں،
تو بھی وہ نِیست و نابود کر دئیے جایٔیں گے اَور وہ مِٹ جایٔیں گے۔
اَے یہُوداہؔ، اگرچہ مَیں نے تُجھے بہت ستایا ہے،
تو بھی پھر کبھی مَیں تُجھے اَور دُکھ نہ دُوں گا۔
اَب مَیں تمہاری گردن پر رکھے اُن کا جُوا توڑ ڈالُوں گا
اَور تمہاری بِیڑیوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دُوں گا۔
اَے نینوہؔ، تمہاری بابت یَاہوِہ نے ایک حُکم دیا ہے،
تمہاری نَسل باقی نہ رہے گی،
میں تمہاری کھودی ہُوئی مورتوں اَور ڈھالے ہُوئے بُتوں کو
جو تمہارے معبُودوں کے بُت خانوں میں رکھی ہیں، تباہ کر دُوں گا۔
چونکہ تُو نکمّا ہے،
اِس لئے میں تمہاری قبر کھودوں گا۔
اُن پہاڑوں کی طرف نظر اُٹھاکر،
اُس کے پاؤں کو دیکھ جو خُوشخبری لاتا،
اَور سلامتی کا اعلان کرتا ہے!
اَے یہُوداہؔ، اَپنی عیدیں منا،
اَور اَپنی مَنّتیں پُوری کر۔
کیونکہ پھر بدکار تُجھ پر حملہ نہ کریں گے؛
کیونکہ وہ مُکمّل طور سے فنا کر دئیے جایٔیں گے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.