Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ایُّوب 42

ایُّوب کا جَواب

تَب ایُّوب نے یَاہوِہ کو جَواب دیا:

”اَے یَاہوِہ، میں جانتا ہُوں کہ آپ سَب کچھ کر سکتے ہیں؛

آپ کا کویٔی منصُوبہ غَیر ممکن نہیں۔1

آپ نے پُوچھا، یہ کون ہے جو نادانی سے میری مشورت پر پردہ ڈالتا ہے؟

یقیناً مَیں نے اَیسی باتیں کہیں جنہیں میں نہ سمجھتا تھا،

اَیسی چیزیں جنہیں جاننا میرے لیٔے بہت ہی عجِیب تھا۔

”آپ نے کہا: ’اَب تُم سُنو، اَور مَیں بولُوں گا؛

میں تُم سے سوال پُوچھوں گا،

اَور تُم مُجھے جَواب دوگے۔‘

میرے کانوں نے تمہارے بارے میں سُنا تھا،

لیکن اَب میری آنکھوں نے آپ کو دیکھ لیا ہے۔

اِس لیٔے مُجھے اَپنے آپ سے نفرت ہے،

اَور مَیں خاک اَور راکھ2 میں تَوبہ کرتا ہُوں۔“

اِختتام

جَب یَاہوِہ ایُّوب سے یہ باتیں فرما چُکے، تَب خُدا نے اِلیفزؔ تیمانی سے فرمایا: ”میں تُم سے اَور تمہارے دونوں دوستوں سے خفا ہُوں کیونکہ تُم نے میرے بارے میں وہ نہ کہا جو سچ ہے جَیسا کہ میرے خادِم ایُّوب نے کہا۔ پس اَب سات بَیل اَور سات مینڈھے لے کر اَور میرے خادِم ایُّوب کے پاس جا کر اَپنے لیٔے سوختنی نذر پیش کرو۔ میرا خادِم ایُّوب تمہارے لیٔے دعا کرےگا، اَور مَیں اُس کی دعا قبُول کروں گا، اَور مَیں تمہاری حماقت کے مُطابق تُم سے سلُوک نہ کروں گا۔ تُم نے میرے بارے میں وہ نہیں کہا جو حق ہے جَیسے میرے خادِم ایُّوب نے کہاتھا۔“ چنانچہ اِلیفزؔ تیمانی، بِلددؔ شوحی اَور صُوفرؔ نَعماتی نے جا کر وُہی کیا جو یَاہوِہ نے اُنہیں فرمایا تھا اَور یَاہوِہ نے ایُّوب کی دعا قبُول فرمائی۔

ایُّوب نے اَپنے دوستوں کے لیٔے دعا مانگی اَور اُس کے بعد یَاہوِہ نے ایُّوب کو پھر سے سرفراز کیا اَورجو اُن کے پاس پہلے تھا اُس سے بھی دُگنا زِیادہ دے دیا۔ ایُّوب کے تمام بھایٔی اَور بہنیں اَور ہر کویٔی جو اُن کو پہلے سے جانتے تھے آئے اَور اُنہُوں نے ایُّوب کے گھر میں اُن کے ساتھ کھانا کھایا اَور اُن تمام بَلاؤں کے لیٔے جو یَاہوِہ نے ایُّوب پر بھیجی تھیں اُن کو تسلّی دی۔ اَور ہر ایک نے ایُّوب کو چاندی کا ایک ایک سِکّہ اَور سونے کی ایک ایک انگُوٹھی دی۔3

یَاہوِہ نے ایُّوب کو اُن کے آخِری ایّام میں پہلے کی بہ نِسبت زِیادہ برکت بخشی۔ اُن کے پاس چودہ ہزار بھیڑیں، چھ ہزار اُونٹ، بَیل کی ایک ہزار جوڑیاں اَور ہزار گدھیاں ہو گئیں۔ اَور اُن کے سات بیٹے اَور تین بیٹیاں بھی ہُوئیں۔ ایُّوب نے پہلی بیٹی کا نام یمیمہؔ، دُوسری کا قصیاہؔ اَور تیسری کا قَرنؔ ہپّوک رکھا۔ اُس ساری سرزمین میں اَیسی عورتیں کہیں بھی نہ تھیں جو ایُّوب کی بیٹیوں کی طرح خُوبصورت ہُوں اَور اُن کے باپ نے اُنہیں اُن کے بھائیوں کے ساتھ مِیراث دی۔

اُس کے بعد ایُّوب ایک سَو چالیس بَرس زندہ رہے اَور اَپنے بیٹوں اَور اُن کے بچّوں کی چوتھی پُشت تک دیکھی۔ اَور اِس طرح ایُّوب نے بُوڑھے اَور ضعیف ہوکر وفات پائی۔

Source notes (3)
  1. Footnote امثا 19‏:21؛ یَشع 14‏:27؛ مرقُ 10‏:27‏
  2. Footnote خاک اَور راکھ لوگ اَپنے غم کے اِظہار کے لیٔے لوگ اَپنے سَروں پر مٹّی چھڑکتے تھے۔
  3. Footnote یہ چاندی کا ایک بنا ہُوا ٹکڑا تھا جو سِکّے بنانے سے پہلے خریدوفروخت میں اِستعمال ہوتا تھا۔ سونے کی انگُوٹھی ایک زیور تھا جو عورتیں ناک میں پہنتی تھیں ( پیدا 24‏:47؛ یَشع 3‏:21‏ ) اَور مَرد اَور عورتیں کانوں میں پہنتی تھیں ( پیدا 35‏:4؛ خُرو 32‏:2‏‑3؛ قُضا 8‏:24‏ )

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.