Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ایُّوب 41

”کیا تُم لِویاتان1 کو مچھلی پکڑنے والے کانٹے سے پانی میں سے کھینچ سکتے ہو؟

یا اُس کی زبان کو رسّی سے باندھ سکتے ہو؟

کیا تُم اُس کی ناک میں رسّی ڈال سکتے ہو،

یا اُس کا جَبڑا کانٹے سے چھید سکتے ہو؟

کیا وہ تمہاری مَنّت سماجت کرتا رہے گا؟

یا وہ تُم سے میٹھی میٹھی باتیں کرےگا؟

کیا وہ تمہارے ساتھ کویٔی عہد باندھے گا

کہ تُم اُسے عمر بھرکے لیٔے غُلام بنا لوگے؟

کیا تُم اُسے چڑیا کی طرح پالتو بنا سکوگے

یا اَپنی جَوان لڑکیوں2 کی خاطِر اُسے باندھ کر رکھوگے؟

کیا تاجر اُس کا سَودا کریں گے؟

کیا وہ اُسے سوداگروں میں تقسیم کریں گے؟

کیا تُم اُس کی کھال کو بھالوں سے

یا اُس کے سَر کو مچھیروں کی برچھیوں سے بھر سکتے ہو؟

اگر تُم اَپنا ہاتھ اُس پر رکھو،

تو تُم اُس کشمش کو کبھی نہ بھُولوگے اَور پھر کبھی اَیسا نہ کروگے!

اُسے قابُو میں کرنے کی ہر اُمّید جھُوٹی ہے؛

وہ ہمّت ہارتا ہے آدمی نیچے گِر جاتا ہے۔

کویٔی اِس قدر تُندخو نہیں جو اُسے چھیڑنے کی جُرأت کرے۔

پھر وہ کون ہے جو میرے سامنے کھڑا ہو سکے؟

کون ہے جو مُجھ سے دعویٰ کے ساتھ مطالبہ کرتا ہے جسے میں اَدا کروں؟

آسمان کے نیچے کی ہر شَے میری ہے۔3

”میں اُس کے اَعضا، اُس کی عظیم طاقت،

اَور اُس کے خُوبصورت ڈیل ڈول کے بارے میں بولنے سے باز نہ آؤں گا۔4

اُس کے اُوپر کا لباس کون اُتار سَکتا ہے؟

اَور کون اُسے لگام دے گا؟

اُس کے مُنہ کے دروازے کھولنے کی کون جُرأت کرےگا،

جو اُس کے دہشت ناک دانتوں کے دائرے سے گھرے ہُوئے ہیں؟

اُس کی پیٹھ پر ڈھالیں صف آرا ہیں؛

جو نہایت مضبُوطی سے ایک دُوسرے سے جُڑی ہُوئی ہیں۔

وہ ایک دُوسرے سے اِس قدر مِلی ہُوئی ہیں

کہ اُن کے درمیان سے ہَوا بھی گزر نہ سکے۔

وہ باہم پیوستہ ہیں؛

اَور ایک دُوسرے سے اَیسی جُڑی ہُوئی ہیں کہ جُدا نہیں کی جا سکتیں۔

اُس کی چھینک گویا رَوشنی کی شعائیں پھینکتی ہے؛

اَور اُس کی آنکھیں صُبح کی جھلملاتی کرنوں کی مانند ہیں۔

اُس کے مُنہ سے جلتی ہُوئی مشعلیں نکلتی ہیں؛

گویا آگ کی چنگاریاں تیروں کی طرح اُڑتی ہُوں۔

اُس کے نتھنوں سے اَیسا دُھواں نکلتا ہے

جَیسے اُبلتی ہُوئی دیگ سے جو جلتے ہویٔے سَرکنڈوں پر رکھی ہو۔

اُس کا سانس کوئلوں کو دہکا دیتاہے،

اَور اُس کے مُنہ سے شُعلے لپکتے ہیں۔

طاقت اُس کی گردن میں سمائی ہُوئی ہے؛

اَور دہشت اُس کے آگے آگے چلتی ہے۔

اُس کے گوشت کی تہیں مضبُوطی سے جُڑی ہُوئی ہیں؛

جو بڑی پیوستہ اَور غَیر متحّرک ہیں۔

اُس کا سینہ چٹّان کی طرح سخت ہے،

ہُوبہو چکّی کے نِچلے پاٹ کی طرح۔

جَب خُدا اُٹھ کھڑا ہوتاہے تو بہادر لوگ ڈر جاتے ہیں؛

اِس سے قبل کہ وہ اُن پر ٹوٹ پڑے، وہ پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

تلوار کا وار اُس پر کویٔی اثر نہیں کرتا،

نہ ہی نیزہ، تیر یا برچھی۔5

وہ لوہے کو بھُوسا سمجھتا ہے،

اَور کانسے کو سڑی ہُوئی لکڑی کی مانند۔

تیر اُس کو بھگا نہیں پاتے؛

فلاخن کے پتّھر اُس کے لیٔے بھُوسا ہیں۔

لٹھ اُسے گھاس کے تنکے مَعلُوم ہوتے ہیں؛

اَور برچھی کے کھڑکھڑانے پر وہ ہنستا ہے۔

اُس کے نیچے کے حِصّے تیز ٹھیکروں کی مانند ہیں،

جو وزنی ہتھوڑے کی طرح مٹّی میں نِشان چھوڑ جاتے ہیں۔

وہ گہراؤ کو اُبلتی ہُوئی دیگ کی طرح کھَولاتا ہے

اَور سمُندر کو مرہم (کے مرتبان) کی طرح ہلاتا ہے۔

وہ اَپنے پیچھے پانی کی ایک چمکتی دمکتی ہموار لکیر چھوڑ جاتا ہے؛

جِس سے یہ لگتا ہے کہ گہراؤ سفید بالوں والا ہو گیا ہے۔6

زمین پر اُس کا کویٔی ثانی نہیں

ایک بے خوف مخلُوق۔

وہ بُلندیوں کو حقارت کی نظر سے دیکھتا ہے؛

وہ مغروُروں پر بادشاہی کرتا ہے۔“

Source notes (6)
  1. Footnote لِویاتان ایک بہت بڑی سمُندری مخلُوق مگرمچھ اُس کا ذِکر ایُّو 3‏:8‏ میں بھی ہے۔
  2. Footnote جَوان لڑکیوں خادِمائیں
  3. Footnote رُوم 11‏:35‏‑36‏
  4. Footnote پیدا 1‏:25‏
  5. Footnote ایُّو 39‏:21‏‑24‏
  6. Footnote ایُّو 38‏:30‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.