Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ایُّوب 4

الیفزؔ

تَب تیمانی شہری اِلیفزؔ نے ایُّوب کو جَواب دیا:

”اگر کوئی آپ سے کوئی بات کرے تو کیا آپ صبر رکھ کر میری بات غور سے سنوگے؟

اِس لیٔے کہ کون اَپنا مُنہ بند کرکے چُپ رہ سَکتا ہے؟

ذرا غور کرو آپ نے کس طرح کیٔی لوگوں کی ہدایت فرمائی،

اَور کس طرح آپ نے کمزور ہاتھوں کو تقویّت دی۔

آپ کے الفاظ نے لڑکھڑاتے ہوؤں کو سہارا دیا؛

اَور آپ نے لرزتے ہُوئے گھٹنوں کو قُوّت بخشی۔

لیکن اَب جَب آپ پر آفت آئی تو آپ نے ہمّت ہار دی؛

اُس نے آپ کو ہاتھ لگایا اَور آپ پریشان ہو گئے۔

کیا آپ کو اَپنی راستی پر بھروسا نہیں

اَور اَپنے بے اِلزام طور طریقوں پر آپ کو کویٔی اُمّید نہیں؟

”ذرا غور تو کرو، کیا کویٔی بے قُصُور کبھی ہلاک ہُواہے؟

یا راستباز کبھی نِیست نابود ہُوئے ہیں؟

جہاں تک مَیں نے دیکھاہے کہ جو بدی کی کھیتی کا ہل چلاتے ہیں

اَور نُقصان کا بیج بوتے ہیں، وہ وَیسی ہی فصل کاٹتے بھی ہیں۔

اَیسے لوگ خُدا کی ایک پھُونک سے ہلاک ہو جاتے ہیں؛

اَور اُن کے غضب کی آندھی سے فنا ہو جاتے ہیں۔

شیر چاہے جِتنا دھاڑ مارے اَور غُرّائے،

پھر بھی خُونخوار شیر ببروں کے دانت توڑ دئیے جاتے ہیں۔

شِکار نہ مِلنے کی وجہ سے شیر ہلاک ہو جاتا ہے،

اَور شیرنی کے بچّے پراگندہ ہو جاتے ہیں۔

”ایک بات چُپکے سے مُجھ تک پہُنچائی گئی،

اَور میرے کانوں میں اُس کی آواز سُنایٔی دی۔

رات کو مَیں نے ایک پریشان کر دینے والی رُویا دیکھی،

جَب اِنسان گہری نیند میں سویا ہوتاہے،

تَب خوف اَور تھرتھراہٹ نے مُجھے آن دبوچا

اَور میری تمام ہڈّیوں کو جھنجوڑ ڈالا۔

تَب ایک رُوح میرے سامنے سے گزری،

اَور میرے جِسم کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔

وہ رُوح ایک جگہ کھڑی ہو گئی،

لیکن مَیں اُسے پہچان نہ پایا۔

بس ایک صورت سِی میری آنکھوں کے سامنے تھی،

پھر مُجھے ایک دھیمی آواز سُنایٔی دی:

’کیا فانی اِنسان خُدا سے زِیادہ راستباز ہو سَکتا ہے؟

یا آدمی اَپنے خالق خُدا سے زِیادہ پاک ہو سَکتا ہے؟

اگر خُدا اَپنے آسمانی خادِموں پر اِعتبار نہیں کرتا،

اَور اَپنے فرشتوں کو بھی خطاکار قرار ٹھہراتا ہے،

تو پھر اُن کی حیثیت کیا ہے جو مٹّی کے گھروں میں رہتے ہیں،

جِن کی بُنیاد خاک میں ہے،

اَورجو کیڑے کی طرح مسل دئیے جاتے ہیں!

صُبح کو تو وہ زندہ ہیں لیکن شام تک وہ فنا ہو جاتے ہیں،

وہ نِیست و نابود ہو جاتے ہیں اَور کسی کو کانوں کان خبر تک نہیں ہوتی۔

کیا اُن کے خیمہ کی رسّیاں کھولی نہیں جاتی1 ہیں اَور اُن کا خیمہ گِر جاتا ہے،

اَور وہ جہالت میں مَر جاتے ہیں؟‘

Source notes (1)
  1. Footnote رسّیاں کھولی نہیں جاتی اِس کے پاس جو کچھ ہے وہ سَب چھین لیا جاتا ہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.