Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ایُّوب 32

اِلیہُوؔ

تَب یہ تینوں دوست ایُّوب کو جَواب دینے سے باز آئے کیونکہ ایُّوب اَپنے آپ کو راستباز سمجھتے تھے۔ لیکن بوزی براکیلؔ کا بیٹا اِلیہُوؔ1 جو رامؔ کے خاندان سے تھا بےحد خفا ہُوا کیونکہ ایُّوب نے خُدا کو نہیں بَلکہ اَپنے آپ کو راست ٹھہرایا تھا۔ وہ تینوں دوستوں سے بھی خفا تھے کیونکہ اُنہُوں نے ایُّوب کے خیالات کی تردید کرنے کی بجائے اُلٹا اُن ہی کو مُجرم قرار دیا۔ اِلیہُوؔ ایُّوب سے گُفتگو کرنے سے اِس لیٔے رُکا رہا کہ وہ تینوں اُن سے عمر میں بڑے تھے۔ لیکن جَب اِلیہُوؔ نے دیکھا کہ اُن تینوں دوستوں کے پاس کہنے کو اَور کچھ نہیں رہا تو اُس کا غُصّہ بھڑک اُٹھا۔

چنانچہ بوزی براکیلؔ کے بیٹے اِلیہُوؔ نے کہا:

”میں جواں سال ہُوں،

اَور آپ لوگ ضعیف ہیں؛

اِسی لیٔے میں ڈرتا تھا،

اَور اَپنی رائے ظاہر کرنے کی ہمّت نہ کر پایا۔

مَیں نے سوچا، ’سالخوردہ ہی بولیں،

عمر رسیدہ ہی حِکمت سکھائیں۔‘

لیکن اِنسان میں رُوح ہے،

یعنی قادرمُطلق کا دَم جو اُسے خِرد بخشتا ہے۔

صِرف بُوڑھے ہی عقلمند نہیں ہوتے،

نہ ہی صِرف عمر رسیدہ لوگ حقیقت کو سمجھتے ہیں۔

”اِس لیٔے میں کہتا ہُوں کہ ’میری سُنو؛

اَب مَیں بھی اَپنی رائے ظاہر کرتا ہُوں۔‘

جَب تک تُم بولتے رہے میں رُکا رہا،

جَب تُم الفاظ تلاش رہے تھے؛

مَیں تمہاری دلیلیں سُنتا رہا۔

مَیں نے تمہاری باتوں پر خُوب غور کیا۔

لیکن تُم میں سے ایک نے بھی ایُّوب کو غلط ثابت نہیں کیا؛

تُم میں سے کسی نے بھی اُن کی دلیلوں کا جَواب نہیں دیا۔

یہ نہ کہو، ’ہم بڑے دانشمند ہیں؛

خُدا ہی اُن کی تردید کر سکتے ہیں نہ کہ اِنسان۔‘

لیکن ایُّوب نے مُجھے اَب تک اَپنی باتوں کا نِشانہ نہیں بنایا ہے،

اَور نہ میں اُنہیں تمہاری دلیلوں کی مدد سے جَواب دُوں گا۔

”وہ ہمّت ہار گیٔے اَور اَب اُن کے پاس کہنے کو کچھ نہیں رہا،

اَب تو اُن کے پاس جَواب دینے کو الفاظ بھی نہ رہے۔

کیا میں رُکا رہُوں، اَب جَب کہ وہ خاموش ہو گئے ہیں؟

وہ جَواب نہیں دیتے، وہ بولتے نہیں۔

اَب مَیں ہی بولُوں گا؛

اَب مَیں بھی اَپنی رائے دُوں گا۔

کیونکہ میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے،

جو رُوح میرے اَندر ہے مُجھے مجبُور کر رہی ہے؛

میں انگوری شِیرے سے بھرا ہُوا ہُوں جو باہر نکلنے کے لیٔے بیتاب ہے،

نئے انگوری شِیرے کی مَشکوں کی طرح جو پھٹنے کو ہُوں۔

مُجھے بولنا ہی ہوگا تاکہ تسلّی پاؤں،

مُجھے اَپنے لب کھول کر جَواب دینا ہوگا۔

میں کسی کی طرفداری نہ کروں گا،

نہ کسی اِنسان کی خُوشامد کروں گا؛

کیونکہ اگر مَیں خُوشامد کرنے میں مہارت رکھتا،

تو میرا خالق خُدا مُجھے جلد اُٹھا لیتا۔

Source notes (1)
  1. Footnote اِلیہُوؔ ایک تماشائی تھا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.