Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

ایُّوب 12

ایُّوب

تَب ایُّوب نے جَواب دیا:

”بے شک تُم ہی وہ لوگ ہو،

جو حِکمت کو ساتھ لے کر مروگے!

میں بھی تمہاری طرح سمجھ رکھتا ہُوں؛

میں تُم سے کسی طرح کم نہیں۔“

بھلا یہ سَب باتیں کون نہیں جانتا؟

”میں اَپنے دوستوں کے لیٔے مذاق بَن چُکا ہُوں،

حالانکہ خُدا میری فریاد سُن کر جَواب دیتے رہے؛

لیکن مَیں راستباز اَور بےگُناہ ہوتے ہُوئے بھی لوگوں کی ہنسی کا باعث بنا رہا!“

آسُودہ لوگ بدنصیبی کو حقارت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وہ اُن کی قِسمت میں لکھی ہُوئی ہے جِن کے قدم پھسلتے رہتے ہیں۔

ڈاکوؤں کے خیموں کو کویٔی نہیں چھیڑتا،

اَورجو لوگ خُدا کو غُصّہ دِلاتے ہیں وہ محفوظ رہتے ہیں،

اُن کا معبُود گویا اُن کے ہاتھ میں ہے!

”جانوروں سے پُوچھو اَور وہ تُمہیں سکھائیں گے،

یا ہَوا کے پرندوں سے مَعلُوم کرو اَور وہ تُمہیں بتائیں گے؛

یا زمین سے پُوچھو تو وہ تُمہیں سِکھائے گی،

سمُندر کی مچھلیاں تُمہیں بتائیں گی۔

اِن سَب میں سے کون ہے جو نہیں جانتا،

کہ یہ سَب یَاہوِہ کے ہاتھ کے کام ہیں؟

ہر مخلُوق کی زندگی

اَور تمام بنی آدمؔ کا دَم اُن کے ہاتھ میں ہے؟

کیا کان باتوں کو نہیں پرکھ لیتا،

جَیسا کہ زبان کھانے کو چکھ لیتی ہے؟

کیا، عمر رسیدہ میں حِکمت نہیں پائی جاتی؟

کیا طویل عمر سمجھ کو پُختہ نہیں کرتی؟

”خُدا حِکمت اَور قُدرت کے مالک ہیں؛

مصلحت اَور دانائی بھی اُن ہی کی ہے۔

جسے اُنہُوں نے ڈھا دیا، اُسے کویٔی دوبارہ کھڑا نہیں کر سَکتا؛

جسے اُنہُوں نے قَید کیا، اُسے کویٔی آزاد نہیں کر سَکتا۔

اگر وہ مینہ روک دیں تو سُوکھا پڑ جاتا ہے؛

اَور اگر وہ اُسے برساتے رہیں تو زمین تباہ ہو جاتی ہے۔

قُوّت اَور حِکمت خُدا کے ہاتھ میں ہے؛

فریب کھانے والا اَور فریبی دونوں اُن ہی کے ہیں۔

وہ مُشیروں کو بے نقاب کرتے ہیں

اَور مُنصِفوں کو بےوقُوف بناتے ہیں۔

وہ بادشاہوں کے کمربند اُترواکر

اُنہیں لنگوٹ پہناکر غُلام بنا دیتے ہیں۔

وہ کاہِنوں کے کپڑے اُترواکر اُنہیں جَلاوطن کر دیتے ہیں

اَور جابروں کو نیچا دِکھانے ہیں۔

وہ مُعتبر مُشیروں کے لب سِی دیتے ہیں

اَور بُزرگوں کی بصیرت چھین لیتے ہیں۔

وہ اُمرا پر ذِلّت برساتے ہیں

اَور زور آوروں کو خالی ہاتھ کر دیتے ہیں۔

وہ اَندھیروں میں چُھپے ہُوئے راز آشکار کرتے ہیں،

اَور گہرے سایوں کو رَوشنی میں لاتے ہیں۔

وہ قوموں کو عظمت عطا فرماتے ہیں اَور وُہی اُنہیں تباہ کرتے ہیں؛

وہ قوموں کو وسعت بخشتے ہیں اَور وُہی اُن میں انتشار پیدا کر دیتے ہیں

وہ دُنیا کے رہنماؤں کے ذہن کند کر دیتے ہیں؛

وہ اُنہیں بے راہ بیابان میں بھٹکا دیتے ہیں۔

وہ اَندھیرے میں چراغ کے بغیر ٹٹولتے پھرتے ہیں؛

اَور اُنہیں متوالوں کی طرح لڑکھڑاتے رہنے پر مجبُور کر دیتے ہیں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.