Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
یرمیاہؔ 43
جَب یرمیاہؔ اُن کے خُدا یَاہوِہ کی سَب باتیں لوگوں سے بَیان کر چُکا یعنی ہر وہ بات جسے بَیان کرنے کے لیٔے یَاہوِہ نے یرمیاہؔ کو اُن کے پاس بھیجا تھا۔ تَب عزریاہؔ بِن ہوشعیاہؔ اَور یوحانانؔ بِن قاریحؔ اَور تمام مغروُر لوگوں نے یرمیاہؔ سے یُوں کہا، ”تُم جھُوٹ بولتے ہو، یَاہوِہ ہمارے خُدا نے تُمہیں یہ کہنے کو نہیں بھیجا، ’مِصر میں رہنے کے لیٔے مت جاؤ۔‘ بَلکہ باروکؔ بِن نیریاہؔ تُمہیں ہمارے خِلاف اُکساتا ہے کہ تُم ہمارے مُخالف ہو جاؤ تاکہ ہمیں کَسدیوں کے حوالہ کیا جائے اَور وہ ہمیں قتل کریں اَور جَلاوطن کرکے بابیل کو لے جایٔیں۔“
چنانچہ یوحانانؔ بِن قاریحؔ اَور تمام فَوجی افسروں اَور سَب لوگوں نے یَاہوِہ کا یہ حُکم نہ مانا کہ وہ مُلکِ یہُودیؔہ میں ہی رہیں۔ بَلکہ یوحانانؔ بِن قاریحؔ اَور تمام فَوجی افسروں، بنی یہُوداہؔ کے باقی بچے ہُوئے اُن لوگوں کو بھی لے گیٔے جو تمام قوموں سے جہاں اُن کو پراگندہ کیا گیا تھا واپس لَوٹ کر یہُودیؔہ میں رہنے کے لیٔے آئےتھے۔ وہ یرمیاہؔ نبی اَور باروکؔ بِن نیریاہؔ کو بھی اُن تمام مَردوں، عورتوں، بچّوں اَور شہزادیوں کے ساتھ لے گیٔے جنہیں شاہی پہرےداروں کے سردار نبوزرادانؔ نے گِدلیاہؔ بِن احیقامؔ بِن شافانؔ کے پاس چھوڑا تھا۔ چنانچہ وہ یَاہوِہ کے حُکم کے خِلاف مِصر میں داخل ہُوئے اَور تحفنحِیسؔ تک جا پہُنچے۔
تَب تحفنحِیسؔ میں یَاہوِہ کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا، ”اَپنے ساتھ چند بڑے پتّھر لے اَور یہُودیوں کی آنکھوں کے سامنے اُنہیں اینٹ کے چبُوترے میں جو تحفنحِیسؔ میں فَرعوہؔ کے محل کے مدخل کے پاس ہے مٹّی میں دفنا دے۔ تَب اُن لوگوں سے کہنا، ’قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، مَیں اَپنے خادِم شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کو بُلاؤں گا اَور مَیں اُس کا تخت اِن پتّھروں پر رکھوں گا جنہیں مَیں نے یہاں لگوایا ہے اَور وہ اَپنا شاہی قالین اُن کے اُوپر بچھائے گا۔ اَور وہ آکر مِصر کو شِکست دے گا اَورجو مرنے والے ہیں اُنہیں موت کے اَورجو اسیر ہونے والے ہوں اُنہیں اسیری کے اَورجو تلوار کے لیٔے مخصُوص کئے گیٔے ہوں اُنہیں تلوار کے حوالہ کرےگا۔ مَیں مِصر کے معبُودوں کے بُت خانوں میں آگ لگا دُوں گا، اَور وہ اُن کے بُت خانوں کو جَلائے گا اَور اُن کے معبُودوں کو اسیر کرےگا اَور جِس طرح چرواہا اَپنا لباس ایک ایک جُوؤں سے صَاف کرتا ہے، اُسی طرح وہ مِصر کو صَاف کرکے سلامت چلا جائے گا۔ اَور وہ مِصر میں بیت شمسؔ کے آفتاب1 کے بُت خانے کے سُتونوں کو توڑ ڈالے گا اَور مِصر کے معبُودوں کے بُت خانوں کو جَلا ڈالے گا۔‘ “
Source notes (1)
- Footnote آفتاب شہرِ آفتاب
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.