Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
یرمیاہؔ 42
تَب تمام فَوجی افسر اَور یوحانانؔ بِن قاریحؔ اَور عزریاہؔ بِن ہوشعیاہؔ اَور ادنیٰ سے لے کر اعلیٰ تک سبھی لوگ یرمیاہؔ نبی کے پاس پہُنچے اَور اُن سے مِنّت کی، ”ہماری درخواست سُن اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا سے اُن تمام باقی بچے ہُوئے لوگوں کی خاطِر دعا کر کیونکہ جَیسا کہ آپ دیکھ رہے ہو، کسی زمانہ میں ہم بہت تھے لیکن اَب چند ہی باقی بچے ہیں۔ دعا کرو تاکہ یَاہوِہ آپ کے خُدا ہمیں بتائیں کہ ہم کس راستے پر چلیں اَور کیا کریں۔“
یرمیاہؔ نبی نے فرمایا، ”مَیں نے تمہاری سُنی ہے۔ میں یقیناً تمہارے کہنے کے مُطابق یَاہوِہ تمہارے خُدا سے دعا کروں گا اَورجو کچھ جَواب یَاہوِہ تمہارے لیٔے دیں گے وہ میں تُمہیں بتاؤں گا اَور تُم سے کچھ نہ چھُپاؤں گا۔“
تَب اُنہُوں نے یرمیاہؔ سے درخواست کی، ”اگر ہم ہر بات پرجو یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تمہاری مَعرفت بتایٔی ہے عَمل نہ کریں تو یَاہوِہ ہمارے خِلاف سچّا اَور وفادار گواہ ٹھہریں۔ خواہ وہ ہمارے حق میں بھلا ہو یا بُرا ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم مانیں گے جِس کے پاس ہم آپ کو بھیجتے ہیں تاکہ جَب ہم اَپنے خُدا یَاہوِہ کی فرمانبرداری کریں تو ہمارا بھلا ہو۔“
دس دِن کے بعد یَاہوِہ کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا۔ چنانچہ یرمیاہؔ نے یوحانانؔ بِن قاریحؔ کو، تمام فَوجی افسروں کو جو اُس کے ساتھ تھے اَور ادنیٰ سے اعلیٰ تک سبھی لوگوں کو اَپنے پاس بُلاکر، اُن سے فرمایا، ”یَاہوِہ، بنی اِسرائیلؔ کے خُدا جِن کے پاس تُم نے مُجھے اَپنی درخواست کے ساتھ بھیجا تھا وہ یُوں فرماتے ہیں، اگر تُم اِس مُلک میں ٹھہرے رہوگے تو میں تُمہیں قائِم رکھوں گا، برباد نہیں کروں گا؛ میں تُمہیں لگاؤں گا، اُکھاڑوں گا نہیں۔ کیونکہ جو تباہی مَیں نے تُم پر آنے دی اُس سے مُجھے دُکھ ہُواہے۔ شاہِ بابیل کا خوف نہ کرو جِس سے کہ اَب تُم ڈر رہے ہو۔ اُس سے نہ ڈرو۔ یَاہوِہ فرماتے ہیں؛ کیونکہ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں اَور تُمہیں بچاؤں گا اَور اُس کے ہاتھ سے تُمہیں چھُڑا لُوں گا۔ میں تُم پر رحم کروں گا تاکہ وہ تُم پر رحم کرے اَور تُمہیں تمہارے مُلک میں بحال کرے۔
”لیکن اگر تُم کہو، ’ہم اِس مُلک میں نہ رہیں گے،‘ اَور اِس طرح سے یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم نہ مانیں گے؛ اَور اگر تُم کہو، ’نہیں، ہم مِصر میں جا کر بسیں گے جہاں ہم جنگ نہ دیکھنے پائیں گے، نہ نرسنگے کی آواز سُنیں یا روٹی کے بھُوکے ہوں گے،‘ تو اَے بنی یہُوداہؔ کے باقی بچے ہُوئے لوگوں! یَاہوِہ کا کلام سُنو، قادرمُطلق یَاہوِہ،1 بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ’اگر تُم واقعی مِصر میں جا کر آباد ہونے پر آمادہ ہو، تو یُوں ہوگا کہ جِس تلوار سے تُم ڈرتے ہو وہ مِصر میں وہاں تُم پر غالب آئے گی اَور وہ قحط جِس کا تُمہیں خوف ہے مِصر تک تمہارا تعاقب کرےگا اَور وہاں تُم مَر جاؤگے۔ یقیناً وہ سَب لوگ جو مِصر میں جا کر بس جانا چاہتے ہیں تلوار، قحط اَور وَبا سے مَر جایٔیں گے اَور اُن میں سے ایک بھی اُس آفت سے بچ نہ سکےگا جو میں اُن پر لاؤں گا۔‘ کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ’جِس طرح میرا غُصّہ اَور قہر اُن لوگوں پر اُنڈیلا گیا جو یروشلیمؔ میں رہتے تھے اُسی طرح سے جَب تُم مِصر جاؤگے تَب میرا قہر تُم لوگوں پر اُنڈیلا جائے گا۔ تُم لعنت و حیرت اَور ملامت اَور طَعنہ زنی کا باعث ہوگے اَور تُم پھر کبھی یہ جگہ دیکھ نہ پاؤگے۔‘
”اَے بنی یہُوداہؔ کے باقی بچے ہُوئے لوگوں، یَاہوِہ نے تُم سے فرمایاہے، ’مِصر میں نہ جاؤ۔‘ یقین جانو کہ میں آج تُم کو جتا رہا ہُوں۔ جَب تُم نے مُجھے یَاہوِہ تمہارے خُدا کے پاس یہ کہہ کر بھیجا، ’یَاہوِہ ہمارے خُدا سے دعا کر اَور وہ جو کچھ کہے ہم سے کہہ تاکہ ہم اُس پر عَمل کریں تو تُم نے بڑی غلطی کی۔‘ مَیں نے آج تُمہیں بتا دیا ہے لیکن اَب تک تُم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم نہیں مانا جو اُنہُوں نے میری مَعرفت تمہارے پاس بھیجا تھا۔ پس اَب یقین جانو کہ تُم جہاں جا کر آباد ہونا چاہتے ہو وہاں تلوار، قحط اَور وَبا سے مروگے۔“
Source notes (1)
- Footnote قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.