Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
یرمیاہؔ 28
جھُوٹا نبی حننیاہؔ
پھر اُسی سال شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے اِبتدائی چوتھے سال کے پانچویں مہینے میں حننیاہؔ بِن عزُّورؔ نبی نے جو گِبعونؔ کا باشِندہ تھا، جِس نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں کاہِنوں اَور تمام لوگوں کے سامنے مُجھ سے مُخاطِب ہوکر فرمایا، ”قادرمُطلق بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’مَیں نے شاہِ بابیل کا جُوا توڑ ڈالا ہے۔ اَور دو سال کے اَندر میں یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے وہ تمام ظروف جنہیں شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ یہاں سے نکال کر بابیل لے گیا ہے اِس مقام میں واپس لاؤں گا۔ میں شاہِ یہُودیؔہ یکونیاہؔ بِن یہُویقیمؔ کو اَور یہُودیؔہ کے دُوسرے تمام جَلاوطن لوگوں کو جو بابیل چلے گیٔے تھے،‘ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ’اِس جگہ واپس لاؤں گا کیونکہ مَیں شاہِ بابیل کا جُوا توڑ ڈالوں گا۔‘ “
تَب یرمیاہؔ نبی نے کاہِنوں اَور سَب لوگوں کی مَوجُودگی میں جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں کھڑے تھے، حننیاہؔ نبی سے فرمایا، یرمیاہؔ نبی نے کہا، ”ہاں، آمین! یَاہوِہ اَیسا ہی کریں؛ کاش جو باتیں تُم نے نبُوّت کرکے کہی ہیں اُسے یَاہوِہ پُورا کریں کہ بیت المُقدّس کے ظروف اَور تمام جَلاوطن لوگ بابیل سے یہاں واپس آ جائیں۔ تو بھی جو باتیں مَیں تمہارے اَور سَب لوگوں کے سامنے کہتا ہُوں اُنہیں سُن، اِبتدا ہی سے اُن نبیوں نے جو تُم سے اَور مُجھ سے پہلے گزر چُکے ہیں، اکثر مُلکوں اَور بڑی بڑی سلطنتوں کے خِلاف جنگ اَور بَلا اَور وَبا کی نبُوّت کی ہیں۔ لیکن جو نبی سلامتی کی نبُوّت کرتا ہے اَور جَب اُس کی نبُوّتیں پُوری ہو جایٔیں تبھی مَعلُوم ہوگا کہ وہ حقیقت میں یَاہوِہ کا بھیجا ہُوا نبی ہے۔“
تَب حننیاہؔ نبی نے یرمیاہؔ نبی کی گردن پر سے جُوا اُتارا اَور اُسے توڑ ڈالا۔ اَور حننیاہؔ نے سَب لوگوں کے سامنے فرمایا، ”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’اِسی طرح میں دو سال کے اَندر شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کا جُوا تمام قوموں کی گردن پر سے اُتار کر توڑ ڈالوں گا۔‘ “ تَب یرمیاہؔ نبی نے اَپنی راہ لی۔
حننیاہؔ نبی کے یرمیاہؔ نبی کی گردن پر کا جُوا اُتار کر توڑنے کے کچھ ہی عرصہ کے بعد یَاہوِہ کا کلام یرمیاہؔ نبی پر نازل ہُوا، ”جاؤ اَور حننیاہؔ سے مُخاطِب ہو کہ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’تُم نے لکڑی کا جُوا تو توڑ دیا ہے لیکن اَیسا کرکے تُم نے اُس کے بدلے لوہے کا جُوا بنا دیا ہے۔ قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، میں اِن تمام قوموں کی گردن پر لوہے کا جُوا رکھوں گا تاکہ وہ شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کی خدمت کریں اَور وہ یقیناً اُس کی خدمت کریں گی۔ میں تو اُسے جنگلی جانوروں پر بھی اِختیار دے چُکا ہُوں۔‘ “
تَب یرمیاہؔ نبی نے حننیاہؔ سے مُخاطِب ہوکر فرمایا، ”سُن اَے حننیاہؔ! یَاہوِہ نے تُمہیں نہیں بھیجا، تَو بھی تُم نے اِس قوم کو جھُوٹا اِعتماد کرنے پر اُکسایا۔ اِس لیٔے یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’میں تُمہیں رُوئے زمین پر سے مٹا دُوں گا۔ تُو اِسی سال مَر جائے گا کیونکہ تُونے یَاہوِہ کے خِلاف فتنہ اَنگیز باتیں کہی ہیں۔‘ “
چنانچہ اُسی سال کے ساتویں مہینے میں حننیاہؔ نبی مَر گیا۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.