Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یرمیاہؔ 26

یرمیاہؔ کو موت کی دھمکی

شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ بِن یُوشیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے اِبتدائی دَور میں یَاہوِہ کا یہ کلام نازل ہُوا: ”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: تُو یَاہوِہ کے گھر کے صحن میں کھڑا ہو اَور یہُودیؔہ کے شہروں کے تمام لوگوں سے جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں عبادت کے لیٔے آتے ہیں، وہ سَب باتیں بَیان کر جِس کا مَیں نے تُجھے حُکم دیا ہے؛ اُن میں سے ایک لفظ بھی کم نہ کرنا۔ شاید وہ سُنیں اَور ہر ایک اَپنی بُری روِش سے بعض آئیں تاکہ میں بھی اُس عذاب کو جو اُن کی بداعمالی کے باعث سے اُن پر لانا چاہتا ہُوں لانے سے بعض آؤں۔ اُن سے کہہ، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، اگر تُم میری نہیں سنوگے اَور میری آئین پرجو مَیں نے تمہارے سامنے رکھی ہے عَمل نہ کروگے، اَور میرے خادِموں یعنی نبیوں کی باتوں پر کان نہ لگاؤگے، جنہیں میں بار بار تمہارے پاس بھیجتا رہا ہُوں جِن کی تُم نہیں سُنتے ہو، تو میں اِس گھر کی حالت شیلوہؔ کی مانند کر دُوں گا اَور اِس شہر کو دُنیا کی تمام قوموں میں لعنت کا باعث بنا دُوں گا۔‘ “

یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں کاہِنوں، نبیوں اَور تمام لوگوں نے یرمیاہؔ کو یہ کلام بَیان کرتے ہُوئے سُنا۔ لیکن جوں ہی یرمیاہؔ نے سَب لوگوں کو وہ تمام باتیں کہہ سُنائیں جِن کا حُکم یَاہوِہ نے دیا تھا، تَب کاہِنوں، نبیوں اَور سَب لوگوں نے یہ کہہ کر اُسے پکڑ لیا، ”یقیناً تُو قتل کے لائق ہے! تُونے کیوں یَاہوِہ کا نام لے کر اَیسی نبُوّت کی اَور کہا، یہ گھر شیلوہؔ کی مانند تباہ ہوگا اَور یہ شہر ویران اَور غَیر آباد ہو جائے گا؟“ اَور سَب لوگوں نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں یرمیاہؔ کو ہُجوم نے چاروں طرف سے گھیرلیا۔

اَور جَب یہُودیؔہ کے حاکموں نے یہ باتیں سُنیں تو شاہی محل سے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو روانہ ہُوئے اَور یَاہوِہ کے گھر کے نئے پھاٹک کے مدخل پر اَپنی نشِستوں پر بیٹھے۔ تَب کاہِنوں اَور نبیوں نے حاکموں اَور تمام لوگوں سے مُخاطِب ہوکر فرمایا، ”اِس شخص کو سزائے موت ملنی چاہیے کیونکہ اِس نے اِس شہر کے خِلاف نبُوّت کی ہے اَور تُم اُسے اَپنے کانوں سے سُن چُکے ہو!“

تَب یرمیاہؔ نبی نے تمام اُمرا اَور سَب لوگوں سے مُخاطِب ہوکر جَواب دیا: ”خُود یَاہوِہ ہی نے مُجھے اِس گھر اَور اِس شہر کے خِلاف اُن تمام باتوں کی نبُوّت کرنے کو بھیجا ہے جسے تُم نے سُنا ہے۔ چنانچہ اَب تُم اَپنی روِش اَور اَپنے اعمال کو دُرست کر لو اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم مانو تاکہ یَاہوِہ نے اُس عذاب کو تُم سَب پر نازل کرنے کا اعلان کیا ہے اُس سے بعض آؤں۔ اَور دیکھو میں تو تمہارے قابُو میں ہُوں؛ چنانچہ جو کچھ تمہاری نظر میں دُرست اَور راست ہو وُہی سلُوک میرے ساتھ کرو۔ البتّہ یقین جانو کہ اگر تُم نے مُجھے قتل کیا تو تُم بےگُناہ کے خُون کا جُرم اَپنے اُوپر، اِس شہر پر اَور اِس کے باشِندے اَور سَب لوگوں پر لاؤگے کیونکہ بے شک یَاہوِہ ہی نے مُجھے یہ سَب باتیں تُمہیں سُنانے کے لیٔے تمہارے پاس بھیجا ہے۔“

تَب حاکموں اَور سَب لوگوں نے کاہِنوں اَور نبیوں سے فرمایا، ”اِس شخص کو سزائے موت نہ دی جائے، کیونکہ اِس نے یَاہوِہ ہمارے خُدا کے نام سے حقیقت میں ہم سے کلام کیا ہے۔“

تَب مُلک کے چند بُزرگوں نے آگے بڑھ کر تمام مجمع سے مُخاطِب ہوکر فرمایا، ”شاہِ یہُودیؔہ حِزقیاہؔ کے دَورِ حُکومت موریشیت کے باشِندے میکاہؔ نے نبُوّت کی تھی۔“ اُس نے یہُودیؔہ کے تمام لوگوں سے فرمایا تھا، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں:

” ’صِیّونؔ میں کھیت کی مانند ہل چلایا جائے گا،

اَور یروشلیمؔ کھنڈر میں تبدیل ہو جائے گا،

اَور بیت المُقدّس کی پہاڑی گھنی جھاڑیوں سے بھر جائے گی۔‘ “

”کیا شاہِ یہُودیؔہ حِزقیاہؔ یا تمام یہُودیؔہ نے اُسے قتل کیا؟ کیا حِزقیاہؔ یَاہوِہ سے نہ ڈرا اَور اُس سے مِنّت نہ کی؟ اَور کیا یَاہوِہ نے رحم کرکے جِس عذاب کا اُن کے خِلاف اعلان کیا تھا اُسے ٹال نہ دیا؟ چنانچہ اِس شخص کو قتل کرکے ہم خُود پر ایک خطرناک عذاب لانے کو ہیں!“

پھر اورِیّاہؔ بِن شمعیاہؔ جو قِریت یعریمؔ کے ایک اَور شخص نے یَاہوِہ کے نام سے نبُوّت کی تھی؛ اُس نے بھی اِس شہر اَور اِس مُلک کے خِلاف ٹھیک اَیسی ہی نبُوّت کی تھی جَیسی اَب یرمیاہؔ نے کی ہے۔ جَب یہُویقیمؔ بادشاہ اَور اُس کے حاکموں اَور سرداروں نے اُس کا کلام سُنا، تَب بادشاہ نے اُسے قتل کرنا چاہا لیکن اورِیّاہؔ کو اُس کی خبر ہو گئی اَور وہ ڈر کے مارے مِصر کو بھاگ گیا۔ لیکن یہُویقیمؔ بادشاہ نے الناتھانؔ بِن عکبورؔ کو چند اَور آدمیوں کے ساتھ مِصر روانہ کیا۔ اَور وہ اورِیّاہؔ کو مِصر سے واپس لے آئے اَور اُسے یہُویقیمؔ بادشاہ کے حُضُور لے گیٔے اَور بادشاہ نے اُسے تلوار سے قتل کروا کر اُس کی لاش کو عوام کے قبرستان میں پھنکوا دیا۔

لیکن، احیقامؔ بِن شافانؔ نے یرمیاہؔ کا ساتھ دیا جِس کی وجہ سے وہ قتل کئے جانے کے لیٔے عوام کے حوالہ نہ کیا گیا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.